• Fri, 06 February, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ممبئی پونے ایکسپریس وے پر طویل جام :وصول کیاگیاٹول واپس کرنے کامطالبہ

Updated: February 06, 2026, 7:10 AM IST | Mumbai

راج ٹھاکرے نے کہا کہ ایکسپریس وے کو بنے۲۴؍ سال ہوچکے ہیں لیکن اس دوران حکومت نے نہ تو ممکنہ ہنگامی صورتحال پر غور کیا اور نہ ہی اس بات کو یقینی بنایا کہ سڑک اچھے معیار کی رہے

The Mumbai-Pune Expressway was jammed since Tuesday evening.
ممبئی پونے ایکسپریس وے پر منگل کی شام سے جام لگ گیاتھا

ممبئی-پونے ایکسپریس وے  پر۳۲؍ گھنٹے ٹریفک جام کے بعد مہاراشٹر میں سیاست تیز ہوگئی ہے۔ کانگریس پارٹی کے ابتدائی حملوں کے بعد مہاراشٹر نونرمان سینا (ایم این ایس) کے سربراہ راج ٹھاکرے نے اب حکومت کو نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے یہ معاملہ سوشل میڈیا پر اٹھایا۔ ٹھاکرے نے ٹریفک جام کے دوران گاڑیوں سے جمع کیے گئے ٹول ٹیکس واپس کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا حکومت ممبئی-پونے ایکسپریس وے ٹریفک جام سے سبق حاصل کرے گی۔ ٹھاکرے نے حکومت سے ایک ایکشن پلان بنانے کا مطالبہ کیا۔ غور طلب ہے کہ ایکسپریس وے پرمنگل کی شام پانچ بجےگھاٹ سیکشن میں اڈوشی ٹنل کے قریب انتہائی آتش گیر پروپیلین گیس لے جانے والا ایک ٹینکر الٹ گیا تھا جس کے بعد سے ٹریفک  ٹھپ پڑ گئی تھی ۔ مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا اور ممبئی جانے والا راستہ جمعرات کی صبح ۳۲؍ گھنٹے کے بعد کھولا گیا۔ اس دوران سوشل میڈیا پر عوام کا غصہ پھوٹ پڑا۔
 ایکسپریس وے۲۴؍ سال پرانا ہے: ٹھاکرے
 ایکس اور فیس بک جیسے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر راج ٹھاکرے نے لکھا کہ ممبئی-پونے ایکسپریس وے تقریباً۳۲؍ گھنٹے تک مکمل طور پر بند رہا۔ مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا اور ہمیشہ کی طرح حکومت نے محض اس معاملے کی تحقیقات کا حکم دے دیا۔ ایسے واقعات کے بعد متعدد تحقیقات کی جا چکی ہیں۔ اصل سوال یہ ہے کہ کیا حکومت یا انتظامیہ کبھی اس سے سبق حاصل کرتے ہیں؟ انہوں نے سوال کیا کہ کیا انتظامیہ کے پاس ہنگامی صورت حال میں سڑکوں کو جلد صاف کرنے کے لیے کوئی تیار شدہ ایکشن پلان ہے؟ راج ٹھاکرے نے لکھا کہ ایکسپریس وے کو بنے ہوئے۲۴؍ سال ہوچکے ہیں لیکن اس دوران حکومت نے نہ تو ممکنہ ہنگامی صورتحال پر غور کیا اور نہ ہی اس بات کو یقینی بنایا کہ سڑک اچھے معیار کی رہے۔ ٹھاکرے نے حکومت پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ صرف ایک کام جو جلدی اور مؤثر طریقے سے کیا گیا وہ ٹول وصول کرنا تھا۔
خطرناک گیس ٹینکر دوسری بارپلٹا ہے
 ممبئی-پونے ایکسپریس وے پر گیس ٹینکر دوسری بار پلٹا ہے۔ گزشتہ سال بھی ایسا ہی ایک واقعہ پیش آیا تھا۔ اس بار، انتہائی آتش گیر پروپیلین گیس لے جانے والا ایک ٹینکر منگل کی شام۵؍ بجے کے قریب گھاٹ سیکشن میں اڈوشی ٹنل کے قریب الٹ گیا تھا۔ منگل کو اپنی پوسٹ میں راج ٹھاکرے نے کہا کہ آج کل کوئی بھی اندازہ نہیں لگا سکتا کہ ریاست کے ترقی کے انجن ممبئی اور پونے کے درمیان سفر میں کتنا وقت لگے گا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت ٹریفک جام کے دوران جمع ہونے والے ٹول کی رقم کو واپس کرے اور چوکیوں پر غیر ضروری رکاوٹیں پیدا کیے بغیر اس طرح کے واقعات کو فوری طور پر حل کرنے کے لیے عوامی ایکشن پلان بنائے۔ واضح رہےکہ ممبئی-پونے ایکسپریس وے ہندوستان کا پہلا۶؍ لین کنکریٹ، ایکسس کنٹرولڈ ٹول ایکسپریس وے ہے جو۹۴ء۵؍ کلومیٹر تک پھیلا ہوا ہے اور ممبئی، رائے گڑھ، نوی ممبئی اور پونے کو جوڑتا ہے۔ اس کی تعمیر کا سہرا نتن گڈکری کو جاتا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK