Inquilab Logo

مہاراشٹر : خسارے کا بجٹ پیش، پیٹرول اور ڈیزل مہنگا

Updated: March 07, 2020, 9:46 AM IST | Iqbal Ansari | Vidhan Bhavan

مہاو کاس اگھاڑی کے پہلے بجٹ میں اقلیتوں کے فنڈ میں بھی اضافہ کیا گیا۔ ممبرا ‌میں حج ہاؤس کی تعمیر، حاجی علی درگاہ اور حضرت خواجہ شمنامیرا درگاہ ( میرج) کی تزئین کاری کیلئے بھی فنڈ مختص ، ضلع پولیس ہیڈ آفس میں خاتون پولیس اسٹیشن بنانے ،کاروباریوں کی سہولت کیلئے بجلی کی شرح میں کمی لانے کا بھی اعلان ۔ اپوزیشن نے ’گجنی‘ بجٹ قرار دیا

Dupty Chief Minister Ajit Pawar. Picture INN
وزیر مالیات اجیت پوار۔ تصویر : آئی این این

ودھان بھون : مہاراشٹر میں شیو سینا ، این سی پی اور کانگریس کی متحدہ’ مہاو کاس اگھاڑی ‘حکومت کی جانب سے نائب وزیر اعلیٰ اور وزیر مالیات اجیت پوار نے جمعہ کو پہلا بجٹ (۲۱۔ ۲۰۲۰ء) قانون ساز اسمبلی میں پیش کیا۔ حکومت کی تجوری خالی ہونے کے سبب  اس بجٹ کو خسارے کا بجٹ کہا گیا ہے البتہ بجٹ میں ماحولیات کے تحفظ کے کاموں کیلئے نیا فنڈ ’ گرین فنڈ ‘ جمع کرنے کی غرض سے پیٹرول اور ڈیزل کے ’ویلیو ایڈیڈ ٹیکس (ویٹ)‘ میں فی لیٹر ایک روپیہ بڑھانے کا اعلان کیا گیا ہے۔ بجٹ میں اقلیتی طبقے کی فلاح کیلئے مختص فنڈ کو بھی گزشتہ برس کے ۳۵۰؍ کروڑ روپے سے ۲۰۰؍ کروڑ روپے بڑھا کر۵۵۰؍ کروڑ روپے کیا گیا ہے۔ریاستی بجٹ میں ممبرا ‌میں حج ہاؤس کی تعمیر، حاجی علی درگاہ اور حضرت خواجہ شمنامیرا درگاہ(میرج) کی تزئین کاری کیلئے بھی فنڈ مختص کرنے، ضلع پولیس ہیڈ آفس میں خاتون کیلئے صرف خواتین اہلکاروں پر مشتمل پولیس اسٹیشن شروع کرنے، روزگار پیدا کرنے کی غرض سے کاروباریوں کو بجلی کی شرح اور اسٹامپ ڈیوٹی فیس میں کمی کرنے کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔ بجٹ میں کسانوں کے ۲؍ لاکھ روپے تک کا قرض معاف کرنے کیلئے سال ۲۱۔۲۰۲۰ء میں ۷؍  ہزار کروڑ روپے مختص کرنے کا اعلان وزیر مالیات اجیت پوار نے کیا ہے۔ مہاتماجیوتی راؤ پھلے قرض مکتی یوجنا ۲۰۱۹ء کے تحت یہ قرض   معاف کئے جائیں گے۔ بجٹ کے چند نکات درج ذیل ہیں:
محکمہ صحت :  ریاست کے عوام کو  علاج کی بہتر سہولتیں فراہم کروانے کی خاطر پبلک ہیلتھ ڈپارٹمنٹ کیلئے ۲؍ ہزار ۴۵۶؍ کروڑ روپے جبکہ میڈیکل ایجوکیشن  اور فارمیسی کیلئے ۹۵۰؍ کروڑ روپے  مختص کئے گئے ہیں۔ ان میں چند اعلانات درج ذیل ہیں:
 پچھتر؍ نئے ڈائی لیسس سینٹر قائم کئے جائیںگے، 
مہاتما جیوتی با پھلے جن آروگیہ یوجنا کے تحت ۹۹۶؍ اقسام کی بیماریوں کا علاج کرنے کی سہولت ،اس اسکیم کے تحت علاج کرنے والے اسپتالوں کی تعداد ۴۹۶؍ سے بڑھا کر ایک ہزار کی جائے گی۔
انفرا اسٹرکچر : نیشنل  واٹر ویز  اسکیم کے تحت وسئی۔ تھانے۔کلیان  روٹ پرمیرا ۔ بھائیندر سے ڈومبیولی تک کابحری راستہ تیار کرنا۔
مہاراشٹر اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن(ایم ایس آر ٹی سی)  کے بس اسٹیشنوں کی تزئین کاری کیلئے ۲۰۰؍ کروڑ روپے 
 ایم ایس آر ٹی سی کی ۱۶۰۰ ؍ نئی لگژری بسیں خریدنے کیلئے ۵۰۰؍کروڑ روپے۔ 
پونے شہر کے ٹریفک کو کم کرنے کیلئے ۱۷۰؍ کلو میٹر رنگ روڈ تعمیر کرنا 
 صنعت کاروں کیلئے: پاور لوم صنعت میں ۲۷؍ ای پی  سے زیادہ کے استعمال پرفی یونٹ  ۷۵؍ پیسہ کی سبسیڈی دینا ۔
اسکل ڈیولپمنٹ : نیو مہاراشٹر اپرینٹس شپ اسکل اسکیم  کے تحت ۲۱؍ تا ۲۸؍ سال عمر  کے ۱۰؍ لاکھ بے روز گار نوجوانوں کو ۵؍ سال تک تربیت دینا۔
اراکین اسمبلی فنڈ میں اضافہ : رکن اسمبلی کا سالانہ فنڈ جو ۲؍ کروڑ روپے تھا اسے بڑھا کر ۳؍ کروڑ روپے کیا گیا۔
خواتین کا تحفظ :   ویمنس کمیشن کا آفس ڈیویژنل کمشنر کی سطح پر قائم کرنا، ہر ضلع میں ایک ایسا پولیس اسٹیشن قائم کرنا جہاں آفیسر سے لے کر حوالدار سبھی خاتون ہوں گی  ۔ ضلع کے پولیس ہیڈ کوٹر میں قائم ہونے والے پولیس اسٹیشن میں خاتون شکایت کر سکیں گی۔
دیگر: ورلی ڈیری ( ممبئی) میں بین الاقوامی سطح کا ٹورازم کمپلیکس تعمیر کرنا ،ٹورازم اور کلچرل ڈپارٹمنٹ قائم کرنے کیلئے ۱۴۰۰؍ کروڑ ، زنخوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے بورڈ قائم کرنا ( ۵؍ کروڑ روپے)، نوی ممبئی میں مہاراشٹر بھون تعمیر کرنا،وڈالا(ممبئی ) میں جی ایس ٹی بھون تعمیر کرنا ( ۱۱۸ء۱۶؍ کروڑ)،جنگلا ت کے تحفظ کیلئے ۱۶۳۰؍ کروڑ روپے ، گلوبل وارمنگ اور ماحولیات کی تبدیلی سے مقابلہ کیلئے خصوصی فنڈ۔ اس کے علاوہ پسماندہ طبقات کی خواتین کیلئے  ایک ہزار لوگوںکے استطاعت والا ہوسٹل تیار کرنا بھی شامل ہے۔  

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK