محکمہ موسمیات کے الرٹ کے مطابق اگلے ۲؍ دنوں میں کولہاپور،شولاپور،پونے، ستارا،سانگلی اورعثمان آباد میں بارش ہونے کی امید ہے، جبکہ ممبئی، رتناگیری، علی باغ، رائے گڑھ جیسے ساحلی علاقوں میں تمازت اور حبس برقرار رہے گی۔
EPAPER
Updated: October 16, 2026, 12:31 PM IST | Agency | Mumbai
محکمہ موسمیات کے الرٹ کے مطابق اگلے ۲؍ دنوں میں کولہاپور،شولاپور،پونے، ستارا،سانگلی اورعثمان آباد میں بارش ہونے کی امید ہے، جبکہ ممبئی، رتناگیری، علی باغ، رائے گڑھ جیسے ساحلی علاقوں میں تمازت اور حبس برقرار رہے گی۔
ریاست بھر میں گرمی اور حبس سے لوگ پریشان ہیں۔ ایسے میں کچھ اضلاع کے لئے باشندوں کیلئے محکمہ موسمیات نے راحت بخش خبر دی ہے۔ ۱۷؍ اکتوبر کے بعد مہاراشٹر کے بعض اضلاع میں بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ کولہاپور اور شولاپور کے لیے گرج چمک اور طوفانی ہواؤں کے ساتھ بارش کا یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے، جبکہ ممبئی سمیت کوکن کے ساحلی علاقوں میں گرم اور مرطوب موسم رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
مہاراشٹر سے مانسون کی واپسی ہو چکی ہے اور ریاست کے بیشتر حصوں میں موسم اب خشک ہوگیا ہے۔ تاہم، مانسون کے رخصت ہونے کے باوجود گرمی اور حبس سے لوگوں کو ابھی تک راحت نہیں ملی ہے۔ محکمۂ موسمیات کے مطابق، اگلے دو دن تک ریاست میں گرمی برقرار رہنے کا امکان ہے۔ اس کے بعد،۱۷؍ اکتوبر سے مہاراشٹر کے کچھ علاقوں میں بارش ہوسکتی ہے۔ اگرچہ ریاست بھر میں موسلادھار بارش کا امکان نہیں ہے، لیکن جنوبی وسطی مہاراشٹر کے بعض اضلاع میں بارش کی شدت زیادہ رہ سکتی ہے۔
ساحلی علاقوں میں گرمی اور حبس سے پریشانی
ریاست میں فی الحال درجۂ حرارت میں اضافہ ہوا ہے۔ ممبئی، رتناگیری اور علی باغ سمیت ساحلی علاقوں میں گرمی اور مرطوب موسم کے باعث حبس میں اضافہ ہوگیا ہے۔ محکمۂ موسمیات کے مطابق، آج کوکن کے پال گھر، تھانے، ممبئی، رائے گڑھ، رتناگیری اور سندھودرگ اضلاع میں گرمی اور حبس کی شدت بڑھنے کا امکان ہے۔ دوسری جانب، کولہاپور اور شولاپور میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہونے کی توقع ہے، جس کے پیش نظر ان دونوں اضلاع کے لئے یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: آسٹریلیا: ڈیجیٹل سیفٹی بل متعارف، صارف کو سوشل میڈیا الگورتھم بند کرنے کی اجازت
اس کے علاوہ پونے، ستارا، سانگلی اور دھاراشیو اضلاع میں بھی بعض مقامات پر بجلی کی گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔محکمۂ موسمیات کے مطابق، اگلے چار سے پانچ دنوں کے دوران ریاست کے مختلف حصوں میں بجلی کی گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کے لئے سازگار موسمی حالات پیدا ہو رہے ہیں۔
امسال ریاست میں اوسط سے۱۸؍ فیصد کم بارش
اس سال مانسون کے موسم میں مہاراشٹر میں اوسط بارش کے مقابلے میں۱۸؍ فیصد کم بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ مانسون کے دورانیے اور موسم میں ہونے والی تبدیلیوں پر بات کرتے ہوئے، محکمۂ موسمیات، پونے کے موسمیاتی سربراہ ڈاکٹر ایس ڈی سانَپ نے کہا کہ قدرتی موسمی چکر اپنا کام کرتا رہے گا اور اس میں کسی بڑی تبدیلی کا امکان نہیں ہے۔
کن علاقوں کیلئے کیا پیش گوئی کی گئی ہے؟
- گرم اور مرطوب موسم کا یلو الرٹ:
پال گھر، تھانے، ممبئی، رائے گڑھ، رتناگیری اور سندھودرگ۔
- بجلی کی گرج اور طوفانی بارش کا یلو الرٹ: کولہاپور ،شولاپور۔
- بجلی کی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان:
پونے، ستارا، سانگلی اور عثمان آباد(دھاراشیو)
اس بار موسم سرما کیسا رہے گا؟
ماہر موسمیات ڈاکٹر سانَپ کے مطابق، جب ایل نینو کا اثر ہوتا ہے تو اس دوران سردی کی شدت کچھ کم رہتی ہے۔ تاہم، اس کا یہ مطلب نہیں ہے کہ ریاست میں سردی بالکل نہیں پڑے گی۔انہوں نے کہا کہ سردی ضرور پڑے گی، لیکن اس کی شدت معمول کے مقابلے میں کچھ کم رہنے کا امکان ہے۔