Updated: November 10, 2025, 4:47 PM IST
| Pune
سردہواؤں کی آمد سےکئی شہروں و گاؤں میں درجہ حرارت اچانک۱۰؍ڈگری کم ہوگیا ہے، صبح و شام کے اوقات میں دھنداور کہرابھی چھارہا ہے۔
موسم سرما کی آمد کے باعث صبح کے وقت کئی علاقوں میں اس طرح کہرا چھارہا ہے۔ تصویر: آئی این این
مہاراشٹر میں بارش کا سلسلہ بالآخر ختم ہو گیا ہے اور اب ریاست پر گلابی سردی کی چادر تن گئی ہے۔رپورٹ کے مطابق ریاست بھر میں موسم خشک ہو گیا ہے اور شمال سے آنے والی ٹھنڈی ہواؤں کے باعث ریاست میں کم از کم درجہ حرارت میں نمایاں کمی دیکھی جا رہی ہے۔ ریاست کے کئی علاقوں میں درجہ حرارت۱۴؍ ڈگری سینٹی گریڈ سے نیچے چلا گیا ہے، جس کے نتیجے میں سردی کی شدت بڑھ گئی ہے۔ آج زیادہ تر علاقوں میں خشک موسم کے ساتھ کم از کم درجہ حرارت میں مزید کمی برقرار رہنے کا امکان ہے۔
ریاست کے مختلف شہروں و گاؤں میں صبح کے وقت دھند دیکھی جا رہی ہے اور فضا میں ٹھنڈک میں اضافہ ہوا ہے۔ تاہم دوپہر کے وقت دھوپ کی تپش پھر محسوس ہو رہی ہے۔ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت بھی بتدریج کم ہو رہا ہے۔ سنیچر کی صبح تک کے۲۴؍ گھنٹوں میں برہم پوری میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت۳۳ء۹؍ ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ دھولیہ کے زرعی کالج میں ریاست کا سب سے کم یعنی۱۰ء۴؍ ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت درج کیا گیا۔ اسی طرح جلگاؤں، جیور، نپھاڑ، ناسک، مہابلیشور، واشم اور امراؤتی میں کم از کم درجہ حرارت۱۴؍ ڈگری سے نیچے گرنے کے سبب ٹھنڈ میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ شمال کے پہاڑی سلسلوں سے ٹھنڈی ہوائیں چلنے کے باعث مہاراشٹر میں کم از کم درجہ حرارت میں مزید گراوٹ دیکھی گئی ہے۔ جلگاؤں میں سب سے کم ۱۰ء۸؍ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ ہوا، جبکہ دیگر اضلاع میں اوسطاً ایک سے ۲؍ ڈگری کی کمی دیکھی گئی، جس سے سردی کا احساس مزید بڑھ گیا۔ محکمۂ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ منگل سے زیادہ سے زیادہ اور کم از کم درجہ حرارت میں بتدریج۲؍ سے۴؍ ڈگری تک کمی آ سکتی ہے۔
ماہرین موسمیات نے اندازہ لگایا ہے کہ آنے والا ہفتہ ریاست میں سردی کی نئی لہر لے کر آئے گا۔ شمالی ہندوستان سے چلنے والی ٹھنڈی ہوائیں وسطی ہندوستان اور مہاراشٹر کی طرف بڑھ رہی ہیں، جس کے نتیجے میں ریاست کا کم از کم درجہ حرارت اچانک گر گیا ہے اور سردیوں کا آغاز ہو چکا ہے۔ محکمۂ موسمیات نے کہا ہے کہ آج ریاست میں زیادہ سے زیادہ اور کم از کم درجہ حرارت میں اتار چڑھاؤ برقرار رہنے کا امکان ہے۔