Updated: August 24, 2026, 4:29 PM IST
| Nagpur
ناگپور میں پانی صاف کرنے والے ایک پلانٹ سے کلورین گیس کے اخراج کے باعث ۴۰؍ سے زائد افراد متاثر ہوکر اسپتال پہنچ گئے۔ گیس پھیلنے سے کارکنوں اور قریبی رہائشیوں کو کھانسی اور سانس لینے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا، جس کے بعد’ NDRF‘، فائر بریگیڈ اور پولیس نے فوری کارروائی کی۔
کلورین گیس کے اخراج کے بعد اہلکار جائزہ لیتے ہوئے۔ تصویر: آئی این این
مہاراشٹر کے ناگپور ضلع میں پیر (۲۴؍ اگست) کو پانی صاف کرنے والے ایک پلانٹ میں کلورین گیس کے اخراج کے بعد ۴۰؍سے زائد افراد کو اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ حادثے کے بعد پلانٹ کے کئی کارکنوں اور قریبی رہائشیوں نے سانس لینے میں دشواری کی شکایت کی۔ حکام کے مطابق گیس کا اخراج رات تقریباً ایک بجے فاغو پاٹل لے آؤٹ اور ناگ مندر ٹیکڑی کے قریب واقع گودھنی نگر پنچایت کے واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ میں موجود ۹۰۰؍کلوگرام وزنی کلورین گیس سلنڈر سے شروع ہوا۔ گیس قریبی رہائشی علاقوں تک پھیلنے کے بعد متعدد افراد کو کھانسی اور سانس لینے میں دشواری ہونے لگی۔
پولیس کے مطابق پلانٹ کے تقریباً۸؍ سے۱۰؍ کارکن اور آس پاس کے۲۰؍ سے۲۵؍ رہائشی گیس سے متاثر ہوئے۔ مجموعی طور پر۴۰؍ افراد کا اسپارش اسپتال اور میو اسپتال میں علاج جاری ہے۔ پولیس، فائر بریگیڈ اور نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (NDRF) کی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر امدادی اور گیس کو بے اثر کرنے کی کارروائی شروع کی۔ NDRF اہلکار حفاظتی لباس پہن کر پلانٹ میں داخل ہوئے اور گیس کے اخراج پر قابو پایا۔
یہ بھی پڑھئے: حکومت نوئیڈا کے کارکنوں کی طرح طلبہ کو بھی نشانہ بنانا چاہتی ہے: ابھیجیت دپکے
پولیس کی رہائشیوں کو تنبیہ
صبح تقریباً ساڑھے ۵؍ بجے گیس کے اخراج پر قابو پانے کے بعد کلورین سلنڈر کو کاسٹک سوڈا ملے پانی کے ایک ٹینک میں ڈبو دیا گیا۔ یہ کارروائی’ NDRF‘، فائر بریگیڈ اور اورنج سٹی واٹر ورکس (OCW) کے عملے کی مدد سے انجام دی گئی۔ پولیس نے حفاظتی اقدام کے طور پر رہائشیوں کو صبح ۱۱؍بجے تک پلانٹ سے کم از کم۲۰۰؍ میٹر دور رہنے کی ہدایت دی۔ حکام کا کہنا ہے کہ اب صورتِ حال قابو میں ہے۔ دریں اثنا، ’ OCW‘ حکام نے واضح کیا کہ متاثرہ پلانٹ گودھنی گرام پنچایت کے زیر انتظام ہے اور یہ نہ تو ناگپور میونسپل کارپوریشن (NMC) اور نہ ہی’ OCW ‘کے زیر انتظام ہے۔ گیس کے اخراج پر قابو پانے میں مدد کیلئے’ OCW ‘کی ٹیم نے’ SCBA‘ (سیلف کنٹینڈ بریتھنگ اپریٹس) آلات کے ساتھ ہنگامی کارروائی میں حصہ لیا۔ پولیس اور ڈائریکٹوریٹ آف انڈسٹریل سیفٹی اینڈ ہیلتھ (DISH) کے حکام نے مختصر وقت میں فوری کارروائی اور مدد فراہم کرنے پر’ OCW‘ اہلکاروں کی ستائش کی۔