Updated: October 04, 2026, 8:09 PM IST
| New Delhi
ہندوستانیغذائی تحفظ اور معیارات اتھاریٹی (ایف ایس ایس اے آئی ) نے غذائی تحفظ اور صفائی کے ضوابط کی خلاف ورزی پر دو اہم کارروائیاں کی ہیں۔ مغربی بنگال میں واقع کریٹیو بیکرز اینڈ کنفیکشنرز پرائیویٹ لمیٹڈ کا غذائی کاروباری لائسنس فوری طور پر معطل کردیا گیا ہے۔
ایف ایس ایس اے آئی۔ تصویر:آئی این این
ہندوستانیغذائی تحفظ اور معیارات اتھاریٹی (ایف ایس اے اے آئی ) نے غذائی تحفظ اور صفائی کے ضوابط کی خلاف ورزی پر دو اہم کارروائیاں کی ہیں۔ مغربی بنگال میں واقع کریٹیو بیکرز اینڈ کنفیکشنرز پرائیویٹ لمیٹڈ کا غذائی کاروباری لائسنس فوری طور پر معطل کردیا گیا ہے جبکہ ایوریسٹ فوڈ پروڈکٹس پرائیویٹ لمیٹڈ کو زیرہ پاؤڈر کی ایک مخصوص کھیپ بازار سے فوری طور پر واپس منگانے کی ہدایت دی گئی ہے۔
غذائی تحفظ کے نگران ادارے کے مطابق کریٹیو بیکرز کی پیداواری تنصیب کے معائنے کے دوران صفائی اور غذائی تحفظ سے متعلق کئی سنگین خامیاں سامنے آئیں۔ خوراک تیار کرنے اور اسے سنبھالنے والے مقامات پر گندگی، چکنائی، گردوغبار، مکڑی کے جالے اور مکھیوں کی موجودگی پائی گئی۔ اس کے علاوہ خراب ہونے والے خام غذائی اجزا کو کھلے میں رکھا جارہا تھا جبکہ خام مال اور نیم تیار اشیا رکھنے کے لیے زنگ آلود اور مناسب طور پر صاف نہ کیے گئے برتن استعمال کیے جارہے تھے۔
معائنے کے دوران خوراک رکھنے اور سنبھالنے والے حصوں میں کچرا، پرانا ذخیرہ، مسترد شدہ سامان اور دھاتی یا دیگر باقیات بھی جمع پائی گئیں۔ احاطے میں زنگ آلود مشینیں، اکھڑا ہوا رنگ، نمی زدہ دیواریں اور خراب فرش کی ٹائلیں بھی موجود تھیں۔ نگران ادارے نے کیڑوں اور مکھیوں کی روک تھام کے مناسب انتظامات نہ ہونے اور بعض مقامات پر حفاظتی جالیاں موجود نہ ہونے کی بھی نشاندہی کی۔ایف ایس ایس اے آئی کے مطابق کمپنی کئی لازمی غذائی تحفظ ریکارڈ اور نگرانی کے نظام کو بھی مناسب انداز میں برقرار رکھنے میں ناکام رہی۔ ان میں پانی اور تیار شدہ غذائی اشیا کی جانچ کی رپورٹس، درجہ حرارت کی نگرانی کے ریکارڈ، آلات کی درستگی جانچنے کی تفصیلات، مشینوں کی پیشگی دیکھ بھال کے ریکارڈ، ہنگامی طور پر مصنوعات واپس منگانے کی مشق کے دستاویزات، صارفین کی شکایات کا رجسٹر، ملازمین کی تربیت کے ریکارڈ اور معائنے کی رپورٹس شامل تھیں۔ ان سنگین خامیوں کے پیش نظر ادارے نے کریٹیو بیکرز کا لائسنس فوری طور پر معطل کردیا ہے اور کمپنی کو معطلی کی مدت کے دوران تمام غذائی کاروباری سرگرمیاں بند رکھنے کی ہدایت دی ہے۔
یہ بھی پڑھئے:یامی گوتم نے اے آئی سے تصاویر میں چھیڑ چھاڑ کرنے والوں کو خبردار کیا
دوسری کارروائی ایوریسٹ فوڈ پروڈکٹس کے زیرہ پاؤڈر سے متعلق ہے۔ ایف ایس ایس اے آئی نے کمپنی کو پہلے سے پیک کیے گئے زیرہ پاؤڈر کی ایک مخصوص کھیپ فوری طور پر بازار سے واپس منگانے کا حکم دیا ہے۔ یہ قدم ایک نمونے کی جانچ کے بعد اٹھایا گیا، جس میں بعض کیڑے مار ادویات کے اجزا مقررہ زیادہ سے زیادہ حد سے زیادہ پائے گئے۔یہ نمونہ گوا میں واقع ریورسائیڈ ریزورٹس اینڈ ہالی ڈے ہومز کے احاطے سے حاصل کیا گیا تھا۔ غذائی تجزیہ کار کی رپورٹ میں ایزوکسی اسٹروبن اور تھایامی تھوکزام نامی کیڑے مار ادویات کے اجزا مقررہ حد سے زیادہ پائے گئے، جس کے بعد نمونے کو غذائی تحفظ اور معیارات کے قانون ۲۰۰۶ء کے تحت غیر محفوظ قرار دیا گیا۔ بعد ازاں نمونے کو حوالہ جاتی غذائی تجربہ گاہ بھی بھیجا گیا، جہاں بھی اسے غیر محفوظ قرار دیے جانے کی تصدیق ہوئی۔
یہ بھی پڑھئے:اداروں کی شکایات کے بعد جی ایس ٹی کے تحت گرفتاری اختیارات ختم کیے جانے کا امکان
ایف ایس ایس اے آئی نے ایوریسٹ فوڈ پروڈکٹس کو متاثرہ پوری کھیپ، جس کا کھیپ نمبر E080668761 ہے، فوری طور پر بازار سے واپس منگانے کی ہدایت دی ہے۔ کمپنی کو واپس منگوائی گئی مصنوعات کا مکمل ریکارڈ رکھنے، مقررہ مدت میں واپسی سے متعلق معلومات اور صورت حال کی رپورٹ جمع کرانے اور مستقبل میں ایسی خامی دوبارہ نہ ہونے کے لیے اصلاحی اقدامات کرنے کی بھی ہدایت دی گئی ہے۔ایف ایس ایس اے آئی کے مطابق غذائی اشیا کا مقررہ حفاظتی معیار پر پورا اترنا صارفین کی صحت کے تحفظ کے لیے ضروری ہے۔ ادارہ غذائی تحفظ کے ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والے کاروباری اداروں کے خلاف نگرانی اور قانونی کارروائی جاری رکھے گا تاکہ صارفین کو محفوظ، معیاری اور صحت بخش غذائی اشیا دستیاب ہوسکیں۔