Inquilab Logo Happiest Places to Work

صارف سےزائد چارج وصول کرنے پرمیک مائی ٹرپ اورکلارک ہوٹل پر۴۰؍ہزار روپے کا جرمانہ

Updated: June 06, 2025, 12:58 PM IST | Inquilab News Network | New Delhi

وصول کی گئی اضافی رقم بھی لوٹانے کا حکم ۔ دہلی ڈسٹرکٹ کنزیومر ڈسپیوٹس ریڈریسل کمیشن نے کہا : صارف پر جبراًمہنگا ڈنر تھوپنا اور زیادہ چارج لینا `سروس میں کوتاہی کے مترادف ہے۔

Picture: INN
تصویر: آئی این این

صارف سے طے شدہ کرایہ کے بجائے زیادہ رقم اینٹھنے اور اس کے نہ چاہنے کے باوجود ’ڈِنر‘کو ’کمپلسری‘کا عذر دےکر اس کا بھی چارج وصول کرنے پر میک مائی ٹرپ اور کلارک ہوٹل پر جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ یہ معاملہ۲۰۱۹ء کا ہے جس پر دہلی ڈسٹرکٹ کنزیومر ڈِسپیوٹس ریڈریسل کمیشن نے فیصلہ سناتے ہوئے’ میک مائی ٹرپ ‘اور کلارک ہوٹلز، آمیر، جے پور کو میک مائی ٹرپ کی ویب سائٹ پر دکھائے گئے کرایے سے زیادہ رقم وصول کرنے کا قصوروار ٹھہرایا ہے۔ ’لائیو لاء‘ کی رپورٹ کے مطابق کمیشن نے یہ بھی کہا کہ شکایت کنندگان کو ہوٹل کے ’گالا ڈنر‘ میں شرکت پر مجبور کرنا غیر منصفانہ تجارتی عمل ہے۔ 
 معاملہ یہ ہے کہ شکایت کنندگان نے میک مائی ٹرپ کی ویب سائٹ کے ذریعہ ہوٹل کلارک، آمیر، جے پور میں ۸؍ افرادکیلئے ۳؍کمرے بک کئے۔ ویب سائٹ پر چار آپشنز دیے گئے، جن میں  سےصارف نے دوسرا آپشن ’’ ناشتہ کے ساتھ سپیریئر روم۳۴۱۹؍روپے ‘‘ منتخب کیا اور ۲۹؍ ہزار ۴۷۰؍روپے کی ادائیگی کرکے ۳۰؍دسمبر ۲۰۱۸ء سے یکم جنوری ۲۰۱۹ء تک ۲؍ راتوں  کیلئے ۳؍ کمرے بک کئے۔ اس پر ایک بکنگ واؤچر تیار کیا گیاتھا، جس میں کرایہ ۴؍ ہزار ۱۹۳؍روپے کی بجائے۶ ؍ ہزار ۳۷۰؍ روپے فی کمرہ دکھایا گیا۔ واؤچر میں ’’کمپلسری گالا ڈنر‘‘کا اضافی خرچ۳۵۰۰؍روپے فی فرد ہوٹل میں براہ راست ادا کرنے کی بات درج تھی۔ شکایت کنندگان نےایم ایم ٹی‘کی ویب سائٹ پر شکایت درج کی کہ انہوں نے صرف ناشتہ کے ساتھ کمرہ بک کیا ہے، اور گالا ڈنر کا کہیں ذکر نہیں ، اسلئے وہ کوئی اضافی رقم ادا نہیں کریں گے۔ ’ایم ایم ٹی ‘نے زیادہ چارجنگ کے معاملے کو تسلیم کیا، اور ڈنر کے سلسلے میں کہا کہ رقم ادا کی جائے اور بعد میں واپس مل جائے گی۔ شکایت کنندگان نے جے پور میں قیام کے دوران۸؍ افراد کیلئے ناشتہ کی مد میں ۴؍ہزارروپے سمیت۳۳؍ہزار۴۰؍روپے ادا کیے۔ ۱۰؍ جنوری۲۰۱۹ءکو رقم کی واپسی کی درخواست پر ایم ایم ٹی نے انکار کر دیا۔ ۱۳؍ جنوری۲۰۱۸ء کو قانونی نوٹس بھیجا گیا، لیکن کوئی جواب نہ ملا۔ لہٰذا، صارفین نے اس کی شکایت ’’دہلی صارفین کمیشن‘‘ سے کی۔ میک مائی ٹرپ نے صارف کمیشن سے کہا کہ وہ صرف بکنگ ایجنٹ ہے، اصل معاہدہ ہوٹل سے ہوتا ہے۔ فریقین میک مائی ٹرپ کے یوزر ایگریمنٹ کے تحت کام کرتے ہیں۔ واؤچر میں ’کمپلسری گالا ڈنر‘‘ کی شرط درج تھی، اسلئے اضافی چارج معاہدے کے تحت تھا۔ جس پرکنزیومر کمیشن نے کہا کہ ہوٹل نے فی کمرہ ۶؍ہزار۳۷۰؍ وصول کئے، جبکہ میک مائی ٹرپ کی ویب سائٹ پر نرخ۳۴۱۹؍ درج تھا۔ ویب سائٹ پرکمپلسری گالا ڈنر کا کوئی ذکر نہیں تھا۔ ہوٹل نے مہمانوں کو جبراً گالا ڈنر میں شامل کیا، جو غیر منصفانہ تجارتی عمل اور سروس میں کمی کے مترادف ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK