• Fri, 19 September, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

مالونی: بینک میں برقع اوراسکارف پہن کرآنے کی ممانعت پرسخت اعتراض 

Updated: September 19, 2025, 6:47 PM IST | Saeed Ahmed Khan | Malvani

برانچ منیجر نےغلطی تسلیم کی۔ پہلے والے بورڈ پر برقع کی جگہ نقاب لکھا پھرچند گھنٹے بعد بورڈ ہی ہٹادیا۔ آربی آئی کی گائیڈ لائن بتائی۔

A board in the bank had the word niqab written instead of burqa, but it was later removed. Photo: INN.
بینک میں لگائے گئے بورڈ پربرقع کی جگہ نقاب لکھا گیا ، بعدازیں اسے بھی ہٹادیا گیا۔ تصویر:آئی این این۔

یہاں اسٹیٹ بینک آف انڈیا (ایس بی آئی) کی برانچ میں بینک میں داخل ہوتے ہی ایک بورڈ لگایا گیا تھا جس پرلکھا تھا کہ ہیلمٹ، اسکارف، برقع اور گاگل (دھوپ کا چشمہ )پہن کربینک میں آنا ممنوع قرار دیا گیا ہے۔ اس پرمذکورہ بینک میں بدھ کو اپنے کام سے جانے والے راشٹریہ علماء کونسل مہاراشٹر کےنائب صدر شان الحسن سیّد نے اعتراض کرتے ہوئے بینک منیجر سے مل کراسے زیادتی اور ایک مخصوص طبقے کی مذہبی شناخت کے ساتھ کھلواڑ  قرار دیا۔ انہوں نے اس شکایت کے بعداسے سوشل میڈیا پربھی ڈال دیا۔ انہوں نے یہ بھی کہاکہ’’بورڈدیکھ کرمیں حیران رہ گیا۔ ایس بی آئی افسرا ن کی ایسی ذہنیت پرحیرت ہوتی ہے۔ ‘‘
جمعرات کی صبح نمائندۂ انقلاب نے سویرا ہائٹس میں واقع اسٹیٹ بینک کے منیجرابھیجیت پاٹل سے ملاقات کی اور بورڈ سے متعلق استفسار کیا توانہوں نےغلطی تسلیم کرتے ہوئے کہاکہ ’’یہ غلط ہے مگرمجھے اس کا قطعی علم نہیں تھا، نہ ہی ڈیڑھ برس کے عرصے میں میری اس پرنگاہ پڑی، معلومات ہونے پربرقع کی جگہ ہم نے ’نقا ب‘ لکھ دیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نےآربی آئی کی گائیڈ لائن بھی بتائی۔ 
جمعرات کی ہی سہ پہر سوا تین بجے انہوں نے انقلاب کو فون کیاکہ ہیڈ برانچ کے کہنے پر وہ بورڈ ہی انہوں نے ہٹادیا ہے تاکہ کسی قسم کا تذبذب نہ رہے۔ ‘‘ انہوں نےیہ بھی کہاکہ’’ اس طرح کی ہدایات کا مقصدکسی کے مذہبی جذبات کو بھڑکانا یا ٹھیس پہنچانا ہرگز نہیں ہے بلکہ گاہکوں کی حفاظت اوراحتیاط ہے اسی کے پیش نظرآربی آئی کی گائیڈ لائن پر عمل کیاجاتا ہے کیونکہ شناخت چھپاکر کوئی غلط شخص بھی بینک میں داخل ہوسکتا ہے۔ ‘‘
اسٹیٹ بینک آف انڈیا کے قریب اسی بلڈنگ میں واقع بینک آف انڈیا کے منیجر سے اس بابت پوچھنے پرانہوں نے کہاکہ’’ہمارے یہاں ایسا کوئی بورڈ توآویزاں نہیں کیا گیا ہے مگر ریزرو بینک کی گائیڈلائن اسی طرح کی ہےکہ شناخت ظاہر ہو۔ اس ضمن میں انہوں نے گائیڈ لائن کے حوالے سے یہ بھی بتایاکہ ’’ مسلم نقاب پوش خواتین اورراجپوت خاندان، جہاں عورتیں گھونگھٹ نکالتی ہیں، کو اس پابندی سے مستثنیٰ رکھا گیا ہے۔ وہ برقع پہن کراورگھونگھٹ نکال کربینک میں آسکتی ہیں ۔ ایسی خواتین اگر نقد رقم نکالیں اور چہرہ نہ دکھانا چاہیں مگرکیشئرضد کرے تو بینک کی خاتون ملازمہ اس خاتون کا چہرہ دیکھ کرپہچان کرسکتی ہے، یہ گائیڈ لائن کا حصہ ہے۔ ‘‘ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK