Inquilab Logo

اپوزیشن کے قومی اتحاد کو ممتا اور اکھلیش کی بھی حمایت

Updated: April 25, 2023, 10:01 AM IST | Lucknow

نتیش کمار اور تیجسوی یادو نے کولکاتا میں دیدی اور لکھنؤ میں سماجوادی سربراہ سے ملاقات کی، بی جےپی کو اکھاڑ پھینکنے کا عزم، آئندہ ماہ نوین پٹنائک سے میٹنگ

Nitish Kumar addressing the media after meeting Mamata Banerjee. Tejaswi Yadav is also there.
نتیش کمار ممتا بنرجی سے ملاقات کے بعد میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے۔ تیجسوی یادو بھی ساتھ ہیں۔

دو ہزار تئیس کے پارلیمانی انتخابات سے قبل اپوزیشن کے قومی اتحاد کی کوششوں کو پیر کو ا س وقت تقویت حاصل ہوئی جب بہار کے وزیراعلیٰ نتیش کمار اور نائب وزیراعلیٰ  تیجسوی یادو نےممتا بنرجی اور اکھلیش یادو سے ملاقاتیں کیں۔ دونوں  ہی لیڈروں نے بی جےپی کو اقتدار سے بے دخل کرنے اور اس کیلئے قومی سطح پر اپوزیشن کے مضبوط اتحادکی ضرورت سے اتفاق   کرتے ہوئے اتحاد میں شامل ہونے کا مثبت اشارہ دیا۔ نتیش کمار کی اگلی ملاقات ادیشہ کے وزیر اعلیٰ نوین پٹنائک سے مئی میں ہونی ہے۔
اپوزیشن کے اتحاد کیلئے نتیش اور تیجسوی یادوسرگرم
بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار اور نائب وزیر اعلیٰ تیجسوی یادو نےپیر کو  پہلےکولکاتا میں مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتابنرجی سے ملاقات کی۔ اس کے بعد شام کو لکھنؤ پہنچے اور یہاں انھوں نے سماجوادی پارٹی کے سربراہ اور سابق وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو سے  کے ساتھ میٹنگ کی۔  ان دونوں ملاقاتوں میں۲۰۲۴ء کے  لوک سبھا انتخابات کیلئے اپوزیشن کی حکمت عملی پر غور کیا گیا۔پیر کی صبح تیجسوی یادو کے ساتھ نتیش کمار کولکاتا پہنچے اور ریاستی سیکریٹریٹ ’نبنّا‘میں ممتاسے ملاقات کےبعد تینوں   نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔ نتیش کمار نے بتایاکہ’ ’ہمارے درمیان بہت اچھی بات چیت ہوئی ۔ضرورت کے مطابق ہم مستقبل میں بھی دیگر پارٹیوں کو ساتھ لاکر بات چیت کریں  گے۔‘‘ 
انا کا کوئی مسئلہ نہیں ہے: ممتا بنرجی
ابھی تک کانگریس سے فاصلہ بناکر چلنے والی ممتابنرجی نےپریس کانفرنس میں کہاکہ انہیں بی جے پی کے خلاف اپوزیشن اتحاد کےساتھ جانے میں ’ اناکامسئلہ ‘نہیں ہے۔  انہوں  نے کہا کہ ’’میں تو چاہتی ہوں کہ بی جے پی اگلےانتخابات میں  ’ہیروسےزیرو‘بن جائے۔
  میڈیا سے بات چیت میں ممتابنرجی نے کہاکہ ہم ساتھ ساتھ آگے بڑھیں گے۔ ہمیں یہ پیغام دینا ہےکہ ہم سب ایک ساتھ ہیں۔ہمارا کوئی ذاتی انا کا مسئلہ نہیں ہے۔ہم مشترکہ طورپر مل کر کام کرنا چاہتے ہیں۔ ہمارے درمیان اپوزیشن پارٹیوں کو متحد کرنے پر بات ہوئی ہے۔میں نے نتیش جی سے یہ گزارش کی ہےکہ جےپرکاش کا آندولن بہارسے ہوا تھاتو ہم بھی بہارمیں ایک  کل جماعتی میٹنگ کریں۔ ممتابنرجی نے کہاکہ ہم سبھی پارٹیوں کو یہ پیغام دیناہوگاکہ ہم ایک ہیں اور انتخابات کیلئے ساتھ ہیں۔ 
سب کو ہوشیار رہنا ہوگا: نتیش کمار 
وزیر اعلیٰ نتیش کمارنےکہاکہ بی جےپی کے خلاف سبھی کو ہوشیار رہناہوگا۔ اس لئے ہم سبھی کے ساتھ بات چیت کررہے ہیں۔ انہوں نےکہا کہ ممتاجی سے ہمارے پرانے تعلقات ہیں۔ہم لوگوں کو مل کر لوک سبھاانتخابات کیلئےساتھ آنا ہوگا۔بی جے پی تاریخ بدل دے گی یا کیا کر دے گی ، کوئی نہیں جانتاسبھی کو ہوشیار رہناہے ،اس لئےہم سبھی کے ساتھ بات چیت کر رہے ہیں۔ بہارکے وزیر اعلیٰ نے وضاحت کی کہ ’’میں  اپنے لئے کچھ نہیں  چاہتا۔  کوئی ذاتی خواہش نہیں  ہے۔ ہم پورے ملک کے مفاد میں سوچ رہے ہیں۔ ‘‘
 ملک و آئین کے تحفظ کیلئے متحد ہونا ہی ہوگا:اکھلیش
 ممتا  کے ساتھ میٹنگ کے بعد بہار کے دونوں لیڈر لکھنؤ پہنچے جہاں انہوں نے  اکھلیش یادو سے بند کمرے میں ملاقات  کی۔   اس کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس ہوئی  جس میں  نتیش اور اکھلیش نے گفتگو کی ۔ سماجوادی پارٹی ہیڈکوارٹرز میں ہونے والی اس پریس کانفرنس  میں اکھلیش یادو نے بھی کم و بیش وہی بات کہی جو ممتا بنرجی نے کولکاتا میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ ’’ملک و آئین کے تحفظ کیلئے ہمیں ایک ہونا ہی ہوگا۔‘‘ انہوں نے زور  دیا کہ’’ اگر اپوزیشن ایک ہوگیا تو بی جے پی کی اقتدار سے بے دخلی یقینی ہے۔‘‘ نتیش کمار دونوں ملاقاتوں کے بعد مطمئن نظر آئے۔ 
’بی جےپی کل نہ جانے کیا کرے‘
 انہوں نے بتایا کہ ’’یہ ملاقاتیں بہت مثبت رہی ہیں۔ہم تمام ایک سوچ رکھتے ہیں اور وہ ہے ملک ، آئین، دستور، جموریت اور  سیکولرازم کی حفاظت کرنا۔‘‘ بہار کے وزیراعلیٰ نے کہا کہ ’’ہم اس پارٹی کو بے  دخل  کرنا چاہتے ہیں جو تاریخ بدل رہی ہےکیونکہ اس کا ملک کی تعمیر میں کوئی تاریخ رول ہی نہیں۔یہ ابھی تاریخ بدل رہی، شہروں اور عمارتوں کا نام تبدیل کررہی ہے، کل نہ جانے کیا کیا بدلے گی۔‘‘ انہوں نے اپوزیشن لیڈرو ں کو ایجنسیوں کے ذریعہ نشانہ بنانے کا بھی حوالہ دیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK