وزیر داخلہ کے خلاف ’’پین ڈرائیو‘‘ ہونے کا دعویٰ، للکارا کہ ’’مجھے چھیڑوگے تومیں چھوڑوں کی نہیں، کولکاتا میں ریلی ،دہلی میں وزارت داخلہ کے باہر احتجاج
EPAPER
Updated: January 10, 2026, 9:11 AM IST | New Delhi
وزیر داخلہ کے خلاف ’’پین ڈرائیو‘‘ ہونے کا دعویٰ، للکارا کہ ’’مجھے چھیڑوگے تومیں چھوڑوں کی نہیں، کولکاتا میں ریلی ،دہلی میں وزارت داخلہ کے باہر احتجاج
جمعرات کو کولکاتا میں آئی پیک کے سربراہ کے گھر پر ای ڈی کے چھاپے کو ٹی ایم سی کی انتخابی تیاریوں سے متعلق معلومات کی چوری قرار دیتے ہوئے وہاں سے اپنی پارٹی کے دستاویز چھین کر لے آنے کے بعد ممتا بنرجی نے جمعہ کو کولکاتا سے دہلی تک ہلچل مچادی۔ کولکاتا میں انہوں نے ای ڈی کے خلاف تاریخی ریلی کا اہتمام کیا اور وزیر داخلہ امیت شاہ کو کھلا چیلنج دیا کہ اگر انہیں چھیڑا گیا تو پھر وہ بھی نہیں چھوڑیں گی۔ مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ نے امیت شاہ کو للکارتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ان کے پاس وزیر داخلہ کے خلاف پین ڈرائیو موجود ہیں۔
بی جےپی کا کوئلہ گھوٹالہ
انہوں نے کہا کہ’’ دہلی میں بی جے پی کے سینئر لیڈروں تک کوئلہ گھوٹالے کی رقم پہنچتی ہے۔ میرے پاس اس کے ثبوت ہیں۔ ضرورت پڑی تو میں انہیں عوام کے سامنے پیش کر سکتی ہوں۔‘‘ ممتا بنرجی نے کہا کہ ’’کوئلہ گھوٹالے کا پیسہ شوبھندو ادھیکاری (مغربی بنگال بی جےپی کے صدر) نے استعمال کیا اور امیت شاہ کو بھیجا۔ میں عام طور پر ردعمل کا مظاہرہ نہیں کرتی لیکن کوئی مجھے چھیڑتا ہے تو میں چھوڑتی نہیں ہوں۔‘‘
ہائی کورٹ کے باہر ہنگامہ
اس بیچ ای ڈی آئی پیک کے سربراہ کی رہائش گاہ پر چھاپے کے دوران ممتا بنرجی کے پہنچ جانے کے خلاف جمعہ کو ہائی کورٹ سے رجوع ہوئی۔اس نے ممتا بنرجی اور بنگال پولیس پر اس کے کام کاج میں رخنہ اندازی کا الزام عائد کیا ہے۔ پٹیشن میں ہائی کورٹ سے وزیراعلیٰ کے خلاف جانچ کی مانگ کی گئی ہے تاہم عدالت کے باہر شدید ہنگامہ آرائی کی بنا پر سماعت نہیں ہوسکی۔
کولکاتا میں ممتا کی قیادت میں ریلی
اُدھر وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے اپنے اقدام کا دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئی پیک کے سربراہ کی رہائش گاہ پر ای ڈی کے چھاپے کا مقصد ٹی ایم سی کی انتخابی حکمت عملی سے متعلق دستاویز کو چوری کرنا تھا۔ واضح رہے کہ ٹی ایم سی نے اسمبلی الیکشن کیلئے جو اسی سال ہونے ہیں، آئی پیک کی خدمات حاصل کی ہیں۔ ریلی میں میں بڑی تعداد میں ٹی ایم سی لیڈر اورکارکن موجود تھے ۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے بی جےپی ، ای ڈی اور الیکشن کمیشن کو جم کر نشانہ بنایا۔
دہلی میں ٹی ایم سی کے ایم پیز کا احتجاج
دہلی میں ممتا بنرجی کی ہدایت پر ٹی ایم سی کے اراکین پارلیمان ڈیرک او برائن، شتابدی رائے، مہوا موئترا، بپی ہلدر، ساکیت گھوکھلے، پرتما منڈل، کیرتی آزاد اور شرمیلا سرکار نے وزارت داخلہ کے باہر احتجاج کیا تاہم پولیس نے ان کے ساتھ بدسلوکی کرتے ہوئے انہیں حراست میں لے لیا اور کم وبیش ۲؍ گھنٹے تک زیر حراست رکھا۔ وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے نئی دہلی میں اپنے ممبران پارلیمنٹ کو حراست میں لئے جانے اور انہیں احتجاج سے روکنے کی بھی شدید مذمت کی۔انہوںنے ایکس پر لکھا ہے کہ’’ اپنے جمہوری حق کو استعمال کرنے پر منتخب نمائندوں کو سڑکوں پر گھسیٹنا قانون کا نفاذ نہیں بلکہ یہ وردی کے تکبر کی علامت ہے۔ ‘‘