دسہرہ ریلی سے خطاب میں مراٹھالیڈر نے خشک سالی سے متاثرہ کسانوں کو فی ہیکٹر ایک لاکھ روپے معاوضہ اور تمام کسانوں کی قرض معافی کا مطالبہ کیا۔
EPAPER
Updated: October 21, 2026, 11:55 AM IST | ZA Khan | Nanded
دسہرہ ریلی سے خطاب میں مراٹھالیڈر نے خشک سالی سے متاثرہ کسانوں کو فی ہیکٹر ایک لاکھ روپے معاوضہ اور تمام کسانوں کی قرض معافی کا مطالبہ کیا۔
مراٹھا ریزرویشن تحریک کےلیڈر منوج جرنگے پاٹل نے مراٹھا سماج سے اپیل کی ہے کہ وہ اب اپنی آنکھیں کھولے اور اپنے بچوں کے مستقبل کے تحفظ کیلئے متحد ہو۔ سیاسی جماعتوں، ان کے اراکین اسمبلی اور اراکین پارلیمنٹ کی تعداد بڑھانےکیلئے قربانیاں دینا بند کرے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ خشک سالی کے باعث کسان بدحال ہیں، فصلیں تباہ ہوچکی ہیں لیکن حکومت محض۵؍ہزار روپے کی امداد دے کر کسانوں کا مذاق اڑا رہی ہے۔ اس رقم کو حاصل کرنے کیلئے کسانوں کو بینکوں کے چکر لگانے اور سفر پر ہی اتنا خرچ کرنا پڑے گا کہ ان کے ہاتھ کچھ نہیں بچے گا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ریاستی حکومت خشک سالی سے متاثرہ کسانوں کو فی ہیکٹر ایک لاکھ روپے مالی امداد فراہم کرے اور تمام کسانوں کو مکمل قرض معافی دی جائے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ ان مطالبات کی تکمیل کیلئے تمام کسان تنظیموں کو متحد کرکے ایک بڑی تحریک شروع کی جائے گی۔
منوج جرنگے پاٹل بیڑ ضلع کے شری شیتر نارائن گڑھ میں وجے دشمی کے موقع پر منعقدہ عظیم الشان دسہرہ ریلی سے خطاب کر رہے تھے جس میں لاکھوں کی تعداد میں لوگ شریک ہوئے۔ تقریباً ۵۰؍ منٹ سے زائد جاری رہنے والی اپنی تقریر میں انہوں نے مراٹھا ریزرویشن کی آئندہ جدوجہد، کنبی اندراجات کی جانچ، خشک سالی سے متاثرہ کسانوں کے مطالبات اور برسر اقتدار سیاسی لیڈروں پرسخت تنقید کی۔
یہ بھی پڑھئے: ریاستی حکومت کا خواتین کی۷؍ اسکیموں میں کٹوتی کرنے کا فیصلہ
تقریر کے آخری حصے میں منوج جرنگے پاٹل نے نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کو مخاطب کرتے ہوئے سوال کیا کہ کیا انہوں نے دہلی اور مہاراشٹر میں بی جے پی لیڈروںسے کہا ہے کہ منوج جرنگے کو۵۰۰؍ کروڑ روپے دینے ہیں اور کیا بی جے پی سے یہ رقم حاصل کرکے شری کانت شندے کے ذریعے انہیں پہنچائی گئی ہے؟جرنگے پاٹل نے دعویٰ کیا کہ بی جے پی کے اندرونی حلقوں اور لیڈروںکے درمیان یہ چہ میگوئیاں جاری ہیں کہ انہیں۵۰۰؍ کروڑ روپے پہنچائے جاچکے ہیں۔ انہوں نے ایکناتھ شندے سے مطالبہ کیا کہ وہ دسہرہ ریلی میں یا اگلے دن شام تک اس سوال کا عوامی طور پر جواب دیں۔ اگر واقعی رقم دی گئی ہے تو اس کا اعتراف کریں اور اگر ایسا نہیں ہوا تو اس کی بھی واضح تردید کریں۔انہوں نے کہا کہ اس معاملے میں یہ حقیقت سامنے آنی چاہئے کہ آیا بی جے پی انہیں سیاسی طور پر ختم کرنے کی کوشش کر رہی ہے یا ایکناتھ شندے انہیں ختم کرنے میں لگے ہوئے ہیں۔
منوج جرنگے پاٹل نے کسانوں کے حقوق کیلئے تحریک تیز کرنے کا اعلان کرتے ہوئے حکومت کے سامنے درج ذیل مطالبات پیش کئے: (۱) فی ہیکٹر ایک لاکھ روپے امداد (۲) تمام کسانوں کی مکمل قرض معافی (۳) فصل بیمہ کی تمام زیر التوا رقوم فوری طور پر کسانوں کے بینک کھاتوں میں جمع کی جائیں۔ (۴) اب تک زیر التوا تمام سرکاری مالی امداد اور سبسڈی کسانوں کو فوری طور پر فراہم کی جائے۔ (۵)مویشیوں کو چارے کیلئے ۵۰؍ کلومیٹر دور لے جانے کی مجبوری ختم کرنے کیلئے ہر گاؤں میں چارا مراکز قائم کئے جائیں اور پینے کے پانی کا انتظام کیا جائے۔