Updated: August 24, 2026, 6:57 PM IST
| Washington
رفالو نے پیراماؤنٹ اسکائی ڈانس پر جوابی حملہ کرتے ہوئے کہا کہ ”اسرائیلی وزیرِ اعظم کے اقدامات، فوجی ٹیکنالوجی کے معاہدے یا اسے فراہم کرنے والے ایگزیکٹیوز پر تنقید کرنا یہودی لوگوں پر تنقید کرنے کے مترادف نہیں۔“ انہوں نے مزید کہا کہ ان کے خیالات ان کے سیاسی نظریات سے نکلتے ہیں، نہ کہ یہودی لوگوں سے دشمنی سے۔
ہالی ووڈ اور مارول فلموں کے معروف اسٹار مارک رفالو کا پیراماؤنٹ اسکائی ڈانس کے ساتھ تنازع اس وقت بڑھ گیا جب اداکار نے پیراماؤنٹ اسکائی ڈانس کے وارنر برادرز ڈسکوری (ڈبلیو بی ڈی) کے ساتھ ۱۱۱ ارب ڈالر کے انضمام پر تنقید کی تھی، جس کا جواب دیتے ہوئے کمپنی نے ان پر ”یہود مخالف فرسودہ خیالات“ (antisemitic tropes) کے استعمال کا الزام لگایا۔ رفالو، جو غزہ میں فلسطینیوں کے خلاف اسرائیل کے اقدامات کے دیرینہ ناقد ہیں، نے جمعہ کے روز سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں پیراماؤنٹ اسکائی ڈانس کے سی ای او ڈیوڈ ایلیسن اور ان کے والد لیری ایلیسن کی کمپنی اوریکل (Oracle) کے درمیان روابط کی نشان دہی کی۔ واضح رہے کہ اوریکل دہائیوں سے اسرائیلی فوج کو سافٹ ویئر فراہم کر رہی ہے۔
رفالو نے اوریکل کی ایگزیکٹیو صفرا کیٹز کا ایک ویڈیو شیئر کیا جس میں وہ ۷ اکتوبر ۲۰۲۳ء کے حملے کے بعد کمپنی کی جانب سے اسرائیل کو فراہم کی گئی ٹیکنالوجی کے بارے میں بات کر رہی تھیں۔ رفالو نے لیری ایلیسن پر الزام لگایا کہ وہ ”اپنے بیٹے ڈیوڈ کے وارنر برادرز کے حصول کیلئے فنڈ فراہم کرنے کی خاطر اوریکل کا استعمال کر رہے ہیں۔“ انہوں نے لکھا کہ یہ ٹیکنالوجی ”بہت ممکنہ طور پر دنیا کے سب سے بڑے میڈیا کنسورشیمز میں سے ایک میں ضم ہو جائے گی۔“ انہوں نے کیٹز پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ بظاہر اس بات پر گفتگو کرتے ہوئے لطف اندوز ہو رہی ہیں جسے اب ہم ایک نسل کشی کے طور پر دیکھنے لگے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج اور آباد کاروں کے حملے
پیراماؤنٹ نے سنیچر کے روز رفالو کو دیئے گئے اپنے جواب میں کہا تھا کہ ”اسے اس بات پر تشویش ہے کہ ایک کاروباری تنازع کی مبینہ خدمت کیلئے یہود مخالف فرسودہ خیالات کا سہارا لیا جاتا ہے۔“ کمپنی نے مزید کہا کہ کسی کارپوریٹ معاہدے کو بیان کرنے کیلئے ”نسل کشی“ اور ”اپارتھائیڈ“ (نسلی امتیاز) جیسے الفاظ استعمال نہیں کئے جانے چاہئیں۔ اس نے مزید کہا کہ ”یہ اس حقیقی تکلیف کی قدر کم کرتا ہے جسے بیان کرنے کیلئے یہ الفاظ بنے ہیں۔“
رفالو نے اسی دن کمپنی پر جوابی حملہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ”اسرائیلی وزیرِ اعظم کے اقدامات، فوجی ٹیکنالوجی کے معاہدے یا اسے فراہم کرنے والے ایگزیکٹیوز پر تنقید کرنا یہودی لوگوں پر تنقید کرنے کے مترادف نہیں ہے۔“ انہوں نے مزید کہا کہ ان کے خیالات ان کے سیاسی نظریات سے نکلتے ہیں، نہ کہ یہودی لوگوں سے دشمنی سے۔ انہوں نے زور دیا کہ اداریاتی آزادی اور ملازمتوں پر انضمام کے اثرات کے پیشِ نظر ایلیسن خاندان کے کاروباری معاملات پر سوال اٹھانا ”منصفانہ اور ضروری“ ہے۔
یہ بھی پڑھئے: غزہ، مغربی کنارے اور مشرقی یروشلم میں عالمی تحفظ کی تعیناتی ضروری: اقوام متحدہ
پیراماؤنٹ نے کہا کہ وہ مزید کوئی تبصرہ نہیں کرے گی۔ یہودی ادارے سائمن ویزنتھل سینٹر نے پیراماؤنٹ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس نے ”تعصب کو سیاسی یا کارپوریٹ تنقید کا بھیس بدلنے کی اجازت دینے سے انکار کیا۔“