متعدد افراد زخمی۔ ۱۵؍ سالہ لڑکےکو بھی تشدد کا نشانہ بنایاگیا۔ مقبوضہ المقدس میں فائرنگ ، ۳؍ افراد زخمی۔
EPAPER
Updated: August 24, 2026, 1:26 PM IST | Agency | Ramallah
متعدد افراد زخمی۔ ۱۵؍ سالہ لڑکےکو بھی تشدد کا نشانہ بنایاگیا۔ مقبوضہ المقدس میں فائرنگ ، ۳؍ افراد زخمی۔
مقبوضہ مغربی کنارے اور مقبوضہ بیت المقدس کے مختلف علاقوں میں قابض فوج اور یہودی آباد کاروں کے مسلسل حملوں کے نتیجے میں متعدد فلسطینی شہری زخمی ہو گئے جن میں راملہ میں ایک فلسطینی گاڑی کو ٹکر مارنے کا واقعہ بھی شامل ہے۔
فلسطینی ہلال احمر سوسائٹی کے مطابق طوباس کے جنوب مشرق میں واقع قصبے طمون کے قریب یہودی آباد کاروں کے تشدد کا نشانہ بننے کے نتیجے میں ۱۵؍ سالہ لڑکازخمی ہو گیا۔ہلال احمر نے اشارہ کیا کہ اس کی ٹیموں نے لڑکے پر آباد کاروں کی طرف سے بہیمانہ تشدد کے بعد زخمی حالت میں طبی امداد فراہم کی۔اسی دوران اسرائیلی فوج نے شہر طوباس پر دھاوا بول دیا۔
یہ بھی پڑھئے: ’’اقتصادی پابندی میں امریکہ کا ساتھ دینے والا دشمن ہوگا‘‘
مقامی ذرائع نے بتایا کہ اسرائیلی فوج کئی فوجی گاڑیوں کے ساتھ شہر میں داخل ہوئی جو شہر کی سڑکوں پر گشت کرتی رہیں جبکہ شہر کے مرکز میں پیادہ فوج کے دستے بھی تعینات کئے گئے۔
دوسری طرف گزشتہ روز شام میں یہودی آباد کاروں نے راملہ کے شمال مشرق میں واقع گاؤں المغیر اور ابو فلاح کے درمیان واقع ’مرج سیع‘ کے راستے پر ایک گاڑی کو جان بوجھ کر ٹکر مار دی۔مقامی ذرائع نے بتایا کہ آباد کاروں نے ایک شہری کی گاڑی کے اگلے حصے کو ٹکر ماری جس کے نتیجے میں گاڑی سڑک کے کنارے پھسل گئی اور اسے شدید مالی نقصان پہنچا۔
یہ بھی پڑھئے: عمران خان معاملے پرحکومت کے خلاف پی ٹی آئی کی توہین عدالت کی درخواست
راملہ کے شمال مشرق میں واقع دیہات اور قصبے اسرائیلی فوج کے مسلسل دھاوے کے ساتھ ساتھ یہودی آباد کاروں کے پے در پے حملوں کی زد میں ہیں۔اسرائیلی فوج نے راملہ کے شمال مشرق میں واقع گاؤں المغیر پر بھی دھاوا بول دیا۔مقامی ذرائع نے بتایاکہ قابض فوج کی ایک فورس نے شہریوں اور ان کے گھروں کی طرف زہریلی گیس کے گولے برساتے ہوئے قري المغیر پر دھاوا بول دیا۔
مقبوضہ بیت المقدس میںشہر کے شمال میں واقع قصبے الـرام میں قابض فوج کی فائرنگ سے ۳؍شہری زخمی ہو گئے۔ انہیں اسپتال داخل کرایا گیا ہے۔ مرکزاطلاعات فلسطین کی خبر کے مطابق اسرائیلی فوج نے بیت لحم گورنری کے مختلف علاقوں میں فوجی چیک پوسٹ قائم بھی کردی ہیں۔