Inquilab Logo

لوورپریل ورکشاپ میں ملازم کی موت پر زبردست احتجاج

Updated: January 22, 2022, 8:18 AM IST | saeed Ahmed | Mumbai

ڈبے کی مرمت کے دوران سینئر الیکٹریشن گرکر ہلاک،ملازمین چیف ورکشاپ منیجر کے طریقۂ کار اور سختی برتنے سے ناراض

Employees protest after death in accident
حادثہ میں موت کے بعد ملازمین نے احتجاج کیا۔

 لوورپریل ورکشاپ میں ایک ڈبے کی مرمت کرتے وقت گرکر سینئر الیکٹریشین سنتوش گنجال (۴۴) بری طرح زخمی ہوگئے ۔ انہیں فوری طور ورکشاپ میں طبی امداد پہنچائی گئی پھر ممبئی سینٹرل پر  واقع جگ جیون رام اسپتال لایا گیا ، یہاں سٹی ایکسرے، اسکین اور دیگر تشخیص کے بعد علاج شروع ہوا لیکن افاقہ نہ ہوا اور ان کی موت ہوگئی۔ اس حادثے سے دیگر ملازمین ناراض ہوگئے اور انہوں نے ہڑتال کرتے ہوئے چیف ورکشاپ منیجر (سی ڈبلیو ایم ) کے خلاف نعرے بازی کی ۔ یہ حادثہ جمعرات کو ۳؍بجکر ۳۰؍منٹ پر پیش آیا۔پولیس نے حادثاتی موت کا معاملہ درج کر لیا ہے۔
 حادثہ کی وجہ  ریلوےانتظامیہ کی جانب سے ڈبے کی مرمت کرتے وقت توازن بگڑنے سے کسی چیز پر گنجال کا گرجانا بتایا گیا ہے جبکہ ریلوے مزدور یونین لیڈران کا کہنا ہے کہ لمبی سیڑھی جس سے وہ چڑھ رہے تھے وہ ہل رہی تھی ، وہ ان کے اوپر گرگئی ۔ناراض ملازمین نے جمعرات اور جمعہ دونوں دن‌ احتجاج کیا اور سی ڈبلیو ایم کا گھیراؤ بھی کیا لیکن سمجھانے بجھانے اور مسئلہ حل کرنے کی یقین دہانی کے بعد‌ ملازمین نے دوبارہ کام شروع کر دیا۔ 
 احتجاج کے دوران ویسٹرن ریلوے مزدور یونین ، ایم این ایس یونین لیڈران بھی پہنچ گئے اور انہوں نے بھی ناقص حفاظتی انتظامات اور چیف ورکشاپ منیجر پر زیادتی کا الزام عائد کیا۔ملازمین‌ اس لئے بھی ناراض ہیں کہ ان پر کام‌ کا‌ دباؤ زیادہ ہے اور ملازمین کی حاضری کے لئے بائیومیٹرک سسٹم لگایا گیا ہے اور ایک سے زائد مرتبہ انہیں حاضری درج کرانی پڑتی ہے۔
  دوسری جانب چیف ورکشاپ منیجر کا کہنا‌ ہے کہ پروڈکشن کم ہورہا ہے ۔ اس کے علاوہ دلچسپ بات یہ ہے کہ ملازمین کے زبردست احتجاج کو ریلوے نے یہ کہہ کر ہلکا بتانے کی کوشش کی کہ ملازمین تو ۲؍ منٹ خاموش رہ کر اپنے ساتھی کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے جمع ہوئے تھے۔ 
 حالات کی نزاکت کو دیکھتے ہوئے جنرل منیجر آلوک کنسل نے ورکشاپ جاکر جائے حادثہ کا جائزہ لیا اور ناراض ملازمین کے مطالبات پر غور کرنے ، فوت ہونے والے گنجال کے اہل خانہ کو ریلوے ضابطے کے مطابق معاوضہ اور دیگر مراعات دینے کا اعلان کرنے کے ساتھ حادثے کی تحقیقات کا بھی حکم دیا۔
 ویسٹرن ریلوے کے چیف پی آر او سمیت ٹھاکر کے مطابق حادثے کے بعد نصف گھنٹے کے اندر سنتوش گنجال کو ممبئی سینٹرل میں واقع جگجیون رام اسپتال لایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے معائنہ کیا، ایکسرے اور سٹی اسکین کیا گیا اور ماہر معالجین کے ذریعے علاج شروع ہوا لیکن افسوس کہ ان کو بچایا نہ جاسکا۔انہوں نے یہ بھی بتایا تحقیقات کی رپورٹ  آنے کے بعد خاطی پائے جانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK