Inquilab Logo

مایاوتی نے اعظم خان کیلئے آواز بلند کی، بی جے پی کو نشانہ بنایا

Updated: May 13, 2022, 12:47 PM IST | Agency | Lucknow

بی ایس پی سپریمو نے کہا کہ یوپی کی بی جے پی حکومت بدنیتی سے اعظم خان کو نشانہ بنارہی ہے اور ان کےساتھ ناانصافی کر رہی ہے،مسلمانوں پر ظلم کا معاملہ بھی اٹھایا

Senior Samajwadi Party leader and MPA Azam Khan produced in CBI court in Lucknow.Picture:PTI
سماج وادی پارٹی کے سینئر لیڈر اور رکن اسمبلی اعظم خان کو لکھنؤ کی سی بی آئی عدالت میں پیش کیا گیا ۔تصویر: پی ٹی آئی

بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کی صدر مایاوتی نے جیل میں بند سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے سینئر ایم ایل اے اعظم خان پر اتر پردیش کی بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) حکومت کی طرف سے ناانصافی کئے جانے کا الزام لگایا ہے۔ مایاوتی نے اعظم خان کے لئے آواز بلند کرتے ہوئے بی جے پی کو سخت تنقیدوں کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے  ایس پی کے صدر اکھلیش یادو سے ناراض بتائے جارہے اعظم خان کے لئے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے جمعرات کو بی جے پی کی حکومت والی ریاستوں میں کانگریس کی حکومتوں کے طرز پر  اپوزیشن جماعتوں کے لیڈروں، غریبوں، دلتوں اور مسلمانوں پر ظلم کرنے کا الزام لگایا۔انہوں نے ٹویٹ کر کے کہاکہ یوپی اور دیگر بی جے پی کی حکومت والی ریاستوں میں کانگریس کی ہی طرح غریبوں، دلتوں، قبائلیوں اور مسلمانوںکو ظلم اور خوف وغیرہ کا شکار بنا کر انہیں  ہراساں کیا جا رہا ہے۔  یہ نہایت افسوسناک ہے جبکہ دوسروں کے معاملات میں ان کی نظر عنایت جاری ہے۔رام پور سے ایس پی کے ایم ایل اے اعظم خان کی مثال دیتے ہوئے مایاوتی نے کہاکہ اس سلسلے میں یوپی حکومت کی طرف سے اپنے مخالفین پر مسلسل نفرت انگیز ، دہشت گردانہ کارروائی اور سینئر ایم ایل اے محمد اعظم خان کو تقریباً ڈھائی برس سے جیل میں رکھنے کا معاملہ کافی سرخیوں میں ہے، جو عوام کی نظروں میں انصاف کا گلا گھونٹنا نہیں تو اور کیا ہے؟ انہوں نے کہا کہ انہیں اعظم خان کے  اہل خانہ سے ہمدردی ہے کیوں کہ وہ بی جے پی حکومت کی انتقامی کارروائی کو مسلسل برداشت کررہے ہیں نشانہ بنائے جانے کے باوجود عدالتوں کے سہارے مقدمات لڑ رہے ہیں۔ ایک دیگر ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ اس کے ساتھ ساتھ ملک کی ریاستوں میں جس طرح سے مہاجرین اور محنت کش لوگوں کو  بدنیتی پر مبنی رویہ اپنا کر تجاوزات کے نام پر خوف و دہشت کا نشانہ بنایا جا رہا ہے،  ان کی روزی روٹی چھینی جا رہی ہے۔ یہ کئی سوالات کو جنم دیتا ہے جو نہایت فکر انگیز بھی ہے۔ مایاوتی نے مسلمانوں پر بھی ظلم کا معاملہ اٹھایا اور کہا کہ انہیں جس طرح سے نشانہ بنایا جارہا ہے وہ ثابت کرتا ہے کہ بی جے پی مسلمانوں سے خوفزدہ ہے اور انہیں نشانہ بناکر اپنا ڈر دور کرنا چاہتی ہے۔ خیال رہے کہ اعظم خان کئی مجرمانہ مقدمات میں دو سال سے زیادہ عرصے سے جیل میں بند ہیں۔ مایاوتی نے خاص طور پر سماج وادی سربراہ سے اعظم خان کی ناراضگی کو نشانہ بنایا اور کہا کہ سماج وادی پارٹی اسی طرح سےاپنے لوگوں کا ساتھ چھوڑ دیتی ہے۔ تقریباً تمام زیر التوا مقدمات میں عدالت سے ضمانت ملنے کے بعد یوپی پولیس نے حال ہی میں دو سال پرانے جعلی دستاویزات بنانے کے ایک اور معاملے میں ان کے خلاف چارج شیٹ داخل کی ہے جس سے ان کی فی الحال جیل سے رہائی کی امیدوں پر پانی پھر گیا۔ اعظم کو جیل سے باہر آنے کے لئے اس معاملے میں بھی عدالت سے ضمانت لینی ہوگی۔اس درمیان مایاوتی نے یہ کہہ کر سیاسی ہلچل بڑھا دی ہے کہ اعظم خان پر تشدد کیا جارہا ہے۔ اس سے قبل اعظم خان کولکھنؤ میں واقع سی بی آئی کورٹ میں پیش کیا گیا جہاں  پر ایک دیگر معاملے میں شنوائی جارہی ہے۔ انہیں سخت سیکوریٹی کے درمیان عدالت لایا گیا جہاں ان کے معاملے کی شنوائی ہوئی اور پھر انہیں دوبارہ سیتا پور جیل منتقل کردیا گیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK