Inquilab Logo

سمردھی ہائی وے پر حادثات کی روک تھا م کیلئےاقدامات جاری ہیں

Updated: December 13, 2023, 11:52 AM IST | Iqbal Ansari | Nagapur

اپوزیشن کے سوال پر وزیر اعلیٰ نے ایوان کو بتایا کہ جگہ جگہ لائسنس چیک اور سرٹیفکیشن چیک مشینیں لگائی جا رہی ہیں۔

Samruddhi Highway. Photo: INN
سمردھی ہائی وے۔ تصویر : آئی این این

سمردھی ہائی وے سمیت ریاست کی سڑکوں پر بڑھتے حادثات اور اموات پر منگل کواسمبلی میں تفصیلی بحث ہوئی۔ اراکین اسمبلی نے حادثات کی روک تھام کرنے کیلئے ضروری اقدام کا مطالبہ کیا۔وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے ایوان کو یقین دلایاکہ ریاست میں ۱۷؍  مقامات پرخودکار گاڑیوں کے لائسنس چیک مشین اور ۲۳؍  مقامات پر سرٹیفکیشن چیک مشین نصب کی جائے گی۔
اس سلسلے میں کانگریس کے سینئر لیڈر اشوک چوان اور دیگر نے وقفہ ٔ سوالات میں بتایا کہ ’’مہاراشٹر اسٹیٹ روڈ ڈیولپمنٹ کارپوریشن (ایم ایس آر ڈی سی)کی رپورٹ کےمطابق ۲۰۲۲ء میں ریاست میں مجموعی طو رپر ۳۳؍ ہزار ۳۰۰؍  حادثات ہوئےہیں جن میں ۵۴؍ فیصد حادثات دوپہیہ اور ۳؍ پہیہ گاڑیوں کے ہیں ۔ان میں ۱۵؍ ہزار۲۲۴؍ افراد کی مو ت ہو ئی ہے۔ حادثات کی مختلف وجوہات سامنے آئی ہیں جن میں شراب پی کر ڈرائیونگ کرنا ، ہیلمٹ نہ پہننا ، سیٹ بیلٹ نہ لگانا، اوور ٹیک کرنے کی کوشش کرنا ، راستہ خراب ہونا اور تیز رفتاری سے گاڑی چلانا شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’’ سمردھی ہائی وے پر اتنے حادثات ہوئے ہیں کہ لوگوں کو اس پر سفرکرنے میں ڈر لگنے لگا ہے۔ محکمہ ٹرانسپورٹ نے بتایاہے کہ یکم مارچ ۲۰۲۳ ء تا ۳۱؍ اکتوبر ۲۰۲۳ء پونے ، پمپری۔چنچوڑ، بارا متی اوفر سانگلی ان حلقہ میں مجموعی طو رپر ۲؍ ہزار ۲۵۹؍ گاڑیوں کی جانچ کی گئی ہے جن میں سے ۶۰۳؍ خاطی پائے گئے جبکہ ان سے ۵۴؍ لاکھ ۲۷؍ ہزار وپے جرمانہ وصول کیاگیا ہے۔یہ تو ان کےاعداد و شمار ہیں لیکن جن گاڑیوں کی جانچ نہیں کی گئی ہے ان کا کیا حال ہوگا۔لائسنس سسٹم مزید سخت کرنے کی ضرورت  اشو ک چوان نے کہاکہ’’ بیرون ممالک میں لائسنس سسٹم مزید سخت کرنے کی ضرورت ہے نابالغ اور ٹریفک کے اصولوں سے لاعلم افراد کو لائسنس نہ دیا جائے تاکہ حادثات پر قابو پایا جا سکے گا۔‘‘ 
 وزیر اعلیٰ کی یقین دہانی 
 سڑک حادثات کو روکنے کیلئے اقدامات کی یقین دہانی کرواتے ہوئے وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے اسمبلی کو بتایا کہ گاڑیوں کے لائسنس کی جانچ کیلئے ریاست میں ۱۷؍مقامات پر خودکار مشینوں کو نصب کیا جارہاہے اور گاڑیوں کی اہلیت کے سرٹیفیکیشن کیلئے ۲۳؍  مقامات پر خودکارمراکز قائم کئے جارہے ہیں ۔شندے نے کہا کہ سمردھی ہائی وے پر گاڑیوں کیلئے رفتار کی حد مقرر کی گئی ہے۔ اب تک کم از کم ۶۰؍ سے ۷۰؍ لاکھ گاڑیاں سفر کر چکی ہیں اور سمردھی ہائی وے پر حادثات کو روکنے کیلئے مختلف اقدامات کئے گئے ہیں ۔ ہر ۱۰؍  کلومیٹر پر رمبلر نصب کئے جاتے ہیں اور آرٹیفشیل انٹلی جنس کا بھی استعمال کیا جا رہا ہے۔ خودکار طور پر ڈرائیونگ لائسنس جاری کرنے کیلئے ۱۷؍ مقامات پر خودکار ڈرائیونگ ٹیسٹ ٹریکس دستیاب کروائے جا رہے ہیں ۔ وزیراعلیٰ نے یہ بھی کہا کہ ٹریک کیلئے ۲؍ماہ میں ورک آرڈر دے دیئے جائیں گے۔ جبکہ ۲۳؍  مقامات پر خودکار فٹ نیس مراکز بھی قائم کئے جا رہے ہیں اور گاڑی کے فٹ نیس سرٹیفکیٹ کی میعاد ختم ہونے سے پہلے متعلقہ افراد کو پیشگی اطلاع دینے کیلئے ایس ایم ایس کا ایک نظام تیار کیا جائے گا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK