رمضان المبارک میں لاؤڈ اسپیکر پراذان اورسحری میںاعلان سےمتعلق ریاست بھر میںخصوصی رعایت کا مطالبہ۔اعلیٰ افسران سے اس سلسلے میںجلدملاقات کی جائے گی
رمضان المبارک میںافطار ،سحری، عارضی رمضان بازاروں ،اذان اور دیگر امور کے تعلق سے سنّی بلال مسجد کے دفتر میںعلماء کی سنیچر کی صبح میٹنگ بلائی گئی۔ یہ میٹنگ ظہر کی نماز تک جاری رہی ۔ اس میٹنگ میں مختلف مسائل پر بات چیت کی گئی اوریہ طے پایا کہ شہراورمضافات کے علاقوں میںذمہ داران سے مزید رابطہ قائم کیا جائے گا اور وہاں کے مسائل معلوم کرکے پولیس اور شہری انتظامیہ سےبات چیت کی جائے گی تاکہ رمضان المبارک میںکوئی مسئلہ نہ ہواورتمام امور کی انجام دہی احسن طریقے سے ممکن ہوسکے۔
اس کی وجہ یہ بتائی گئی کہ کئی علاقے ایسے ہیں جہاںاذان اورسحری وغیرہ کےلئے زیادہ دقت ہوتی ہے یا کچھ لوگ شدت سے مخالفت کرتے ہوئے پولیس سے بھی رجوع ہوتے ہیں، ان علاقوں میںذمہ داران سے بات چیت کرکے ان کی پریشانی اعلیٰ افسران اورشہری انتظامیہ تک پہنچائی جائے تاکہ مسئلے کاحل بھی نکلے اورکسی قسم کی دشواری کا بھی اندیشہ نہ رہے۔
مولانا سیدمعین الدین اشرف عرف معین میاں نے کہا کہ ’’رمضان المبارک میں فجر کی اذان اور سحری کے اوقات میںلاؤڈ اسپیکر کے استعمال کے لئے اعلیٰ حکام سے خصوصی رعایت کے لئے درخواست کی جائے گی اوردیگرعلاقوں کےمسائل بھی معلوم کئے جائیںگے تاکہ اگرکوئی اور مسئلہ ہو تو اسے بھی اعلیٰ افسران کومطلع کراتے ہوئے اسے حل کرایاجاسکے۔‘‘انہوںنے یہ بھی کہاکہ ’’ ویسے بھی اذان میں محض چند منٹ ہی لگتے ہیں اور رمضان المبارک میںفجر کی نمازاول وقت میںادا کی جاتی ہے ، اس لئے یہ مسئلہ ہے ورنہ کوئی دقت نہیںہوتی ۔‘‘
رضا اکیڈمی کے جنرل سیکریٹری محمدسعید نوری نے کہاکہ ’’مسلمان قانون کی پاسداری کرتے ہیں ۔ رمضان المبارک میںچونکہ کچھ ایسے اعمال ہیںکہ ان کے لئے لاؤڈ اسپیکرکی ضرورت ہوگی اس لئے اس میںانتظامیہ خصوصی رعایت دے ۔ ‘‘ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ’’علماء اورمحلے کے ذمہ داران نوجوانوں اور بچوں کے سرپرستوں کو توجہ دلائیں کہ رمضان کی مقدس راتوں کی قدر کی جائے۔ ہمارے محلے کھیل کود اور شور شرابے سے آباد نہ رہیں جیسا کہ عموماً رمضان میں ہوتا ہے اورمسلم نوجوان محلوں میں کرکٹ، کیرم بورڈ ،بیڈ منٹن اور دیگر کھیل کود میں وقت ضائع کرتے ہیں۔‘‘
مولانا خلیل الرحمن نوری نے کہا کہ ’’رمضان المبارک میں متعدد مسائل درپیش آتے ہیں،اس لئے پولیس اور انتظامیہ اس جانب پیشگی توجہ دیتے ہوئے مسلمانوں کے لئے سہولت پیدا کرے۔‘‘
مولانا نورالعین کے مطابق ’’ ماہ رمضان ہمارے لئے بہت خاص ہے اس لئے حکومت کی جانب سے مسلمانو ںکو ہر ممکن سہولت دی جانی چاہئے۔‘‘ رمضان المبارک کے تعلق سے بلائی گئی اس میٹنگ میںدارالعلوم حنفیہ رضویہ قلابہ کے سربراہ حافظ عبدالقاد ر،عبدالرزاق منیار(پبلک کمپلینٹ سینٹر)، قاری محمد الیاس ، مولانا صوفی محمد عمر ، مولانا منت اللہ، قاری محمد ایوب رضا، مولانا ابراہیم آسی (جامعہ قادریہ اشرفیہ ) ، قاری عبد الرحمٰن ضیائی، ، مولانا عبدالرحیم اشرفی، قاری محمد سعید اشرفی،قاری نیاز احمد ، محمدناظم ، خالد رضا، انور دادانی اورمحمد حسن رضا نے بھی اس جانب توجہ دلائی ۔