Inquilab Logo

دفعہ ۳۷۰؍ کی بحالی کیلئے مشکل اور طویل سیاسی لڑائی لڑنے کیلئے تیار ہیں: محبوبہ مفتی

Updated: January 04, 2021, 11:45 AM IST | Agency | Srinagar

جموں وکشمیر کی سابق وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وادی کی مین اسٹریم کی سیاسی جماعتوں کو بلی کا بکرا بنایا جارہا ہے اور پُرامن آواز اٹھانے پر ہمیں دبایاجارہا ہے

Mehbooba Mufti - Pic : INN
جموں وکشمیر کی سابق وزیر اعلیٰ اور پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی

 مرکزی حکومت پر جموں وکشمیر کی مین اسٹریم کی سیاسی جماعتوں کو دبانے کا الزام لگاتے ہوئے سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی  نے اتوار کو کہا کہ افسوس کی بات یہ ہے کہ یہ جماعتیں ’بلی کا بکرا’ بن گئی ہیں اور ’ہر کوئی ان پر ٹھیکرا پھوڑ رہا ہے۔ پی ڈی پی لیڈرنے کہا کہ ان سب کے باوجود وہ آئین کی دفعہ ۳۷۰؍کی بحالی کے لئے ایک ’ طویل اور مشکل سیاسی لڑائی‘ لڑنے کے لئے تیار ہیں، جسے غیر قانونی طریقےسے ہٹایا گیا تھا۔
 محبوبہ مفتی نے کہاکہ’ ’دکھ کی بات ہے کہ  اصل دھارے کی سیاسی جماعتیں بلی کا بکرا بن گئی ہیں اور سب اس پر ٹھیکرا پھوڑ رہے ہیں۔سچ یہ ہے کہ ہم اپنی پوری سیاسی زندگی دہلی کی  جانب سے لگائے جارہے  پاکستان حامی ہونے کے الزامات اور کشمیر سے ہندوستان حامی اور کشمیر مخالف ہونے کے الزامات سے لڑتے ہوئے گزار دیں گے۔‘‘ محبوبہ مفتی نے یہاں پی ٹی آئی - بھاشا کو دیئے گئے انٹرویو میں اس بات پر زور دیا کہ پی ڈی پی اور گپ کار اتحاد بنانے والی مین اسٹریم کی۶؍سیاسی جماعتوں نے صرف جمہوری اور پُرامن طریقے سے  ریاست کے سابقہ خصوصی درجے کو بحال کرانے کے لئے لڑنے کا عزم کیا تھا، لیکن ہندوستانی حکومت ہمیں اب بھی دبا رہی ہے اور عدم اطمینان کی آوازوں کو جرائم کی طرح دکھا رہی ہے۔
’’ کچھ بھی پتھر کی لیکر نہیں‘‘
 پی ڈی پی لیڈر سے جب پوچھا گیا کہ کیا انہیں واقعی امید ہے کہ ہندوستان میں کوئی بھی حکومت پارلیمنٹ کے ذریعہ ۵؍ اگست۲۰۱۹ء کو آرٹیکل۳۷۰؍ ختم کئے جانے کے فیصلے کو بدل دے گی جس کا پورے ملک میں بڑے پیمارے پر خیر مقدم کیا گیا تھا، تو انہوں نے کہاکہ’ ’کچھ بھی پتھر کی لکیر نہیں ہوتا۔اگر پارلیمنٹ کا فیصلہ ہی آخری فیصلہ ہوتا تو لاکھوں لوگ سی اے اے یا زرعی بلوں جیسے قوانین کے خلاف سڑکوں پر نہیں اترے ہوتے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ ہم سے جو بھی غیر آئینی طریقے سے چھینا گیا ہے، اسے لوٹانا ہوگا، لیکن یہ لمبی اور مشکل سیاسی لڑائی ہوگی۔ سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی  کے مطابق حال ہی میں ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کونسل (ڈی ڈی سی) کے انتخابات میں۲۸۰؍ سیٹوں میں سے ۱۱۲؍ پر گپ کار اتحاد (پی اے جی ڈی) کی جیت نے دکھا دیا ہے کہ عوام نے  دفعہ۳۷۰؍ کو ختم کئے جانے کے فیصلے کو واضح طور پر مسترد کردیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK