Inquilab Logo Happiest Places to Work

زرعی قوانین کے خلاف ۶۰؍ لاکھ دستخطوں کے ساتھ میمورنڈم دہلی روانہ

Updated: November 18, 2020, 9:24 AM IST | Staff Reporter | Dadar

مہاراشٹر کانگریس نے ریاست بھر کے کسانوں کے دستخط حاصل کرکے سونیاگاندھی کو بھجوایا جسے صدر جمہوریہ کو سونپا جائے گا

Congress Worker
کانگریس لیڈران میمورنڈم گاڑی میں بھر کر روانہ کرتے ہوئے

مرکزی حکومت کے  نافذ کردہ زرعی قوانین کے خلاف جاری کانگریس کی مہم کے تحت منگل کو پارٹی نے۶۰؍ لاکھ دستخطوں کے ساتھ ایک میمورنڈم دہلی روانہ کیا ہے۔ یہ تمام دستخط کانگریس کے صدردفتر تلک بھون دادر میں ریاستی کانگریس کے صدر بالا صاحب تھورات نے ریاستی کانگریس کے نگراں ایچ کے پاٹل کے سپرد کئے جنہیں وہ دہلی روانہ کریں گے۔تلک بھون دادر میں اس موقع پر منعقدہ ایک پروگرام میں ایچ کے پاٹل نے کہا کہ  اس دستخطی مہم میں لوگوں کی بھرپور شمولیت اس بات کا ثبوت ہے کہ مرکزی حکومت کے زرعی قوانین کا نہ صرف مہاراشٹر بلکہ پورا ملک مخالف ہے۔ اس سے قبل کسی تحریک میں لوگوں نے اتنی بڑی تعداد میں دستخطی مہم میں حصہ نہیں لیا۔  انہوں نے کہا کہ مہاراشٹر کی یہ   جدوجہد پورے ملک کو راہ دکھائے گی ۔ ایچ کے پا ٹل نے کہاکہ زرعی قوانین کے خلاف مہاراشٹر میں کانگریس کی تحریک نہایت کامیابی سے جاری ہے۔ ۵۰؍لاکھ کسانوں نے اس تحریک کے تحت کانگریس کی مہا ورچیوئیل ریلی، ٹریکٹر ریلی، احتجاج ومظاہرے میں شرکت کرتے ہوئے ان قوانین کے خلاف اپنی آواز بلند کی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مہاراشٹر نے ہمیشہ ملک کو راہ دکھائی ہے۔ اس بار بھی مہاراشٹر حکومت پنجاب سے بہتر زرعی قانون بناکر کسانوں کے مفاد کا تحفظ کرے گی۔ 
 اس موقع پر بالاصاحب تھورات نے کہا کہ اندراگاندھی کی قیادت میں ملک میں سبزانقلاب آیا اور زرعی شعبے خاطرخواہ تبدیلی آئی۔ لیکن مرکز کی موجودہ بی جے پی حکومت نے کسانوں کو تباہی کے دہانے پر پہونچانے کی پالیسی اپنالی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان سیاہ قوانین کی مخالفت کرتے ہوئے کانگریس نے ایک بڑی تحریک شروع کی ہے اور مہاراشٹر میں بھی اسے بھرپور طریقے سے چلایا ہے۔ کورونا،بے موسم بارش وسیلاب کے باوجود کسان و مزدور  بڑے پیمانے پر اس تحریک میں شامل ہوئے۔  ملک بھر سے کسانوں کے دستخط شدہ میمورنڈم۱۹؍اکتوبر کو سونیاگاندھی کی قیادت میں صدرجمہوریہ رام ناتھ کووند کو سونپے جائیںگے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک یہ سیاہ قوانین منسوخ نہیں ہوجاتے اس وقت ہماری یہ تحریک جاری رہے گی۔
 ممبئی کانگریس کے صدر ایکناتھ گائیکواڑ نے کہا کہ بی جے پی حکومت نےکسی بحث کے بغیر کسانوں ومزدوروں سے متعلق بل منظور کرتے ہوئے اسے نافذ کردیا ہے۔ کانگریس اس بل کی ابتداء سے ہی مخالفت کررہی ہے اور اسی مخالفت کے تحت کسانوں ومزدوورں کی حمایت کرتے ہوئے آل انڈیا کانگریس کمیٹی کی ہدایت کے مطابق ممبئی کانگریس نے ممبئی کے ہربلاک وعلاقے میں دستخطی مہم شروع کی جس میں ممبئی کے لوگوں نے بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK