Inquilab Logo Happiest Places to Work

میرا بھائندر:نئے فلائی اوور کی شروعات میں مزید تاخیر،افتتاح ایک پھر مؤخر

Updated: June 15, 2026, 12:02 PM IST | Sajid Mehmood Shaikh | Mumbai

پرتاپ سرنائک کے مطابق۲۰؍ جون کو کام مکمل ہوتےہی کسی وی آئی پی افتتاح کا انتظار کئے بغیر عام ٹریفک کے لئے پل کھول دیا جائے۔

State Minister For Transport Pratap Sarnaik Visits Under-Construction Flyover.Photo:INN
ریاستی وزیر برائے ٹرانسپورٹ پرتاپ سرنائک کا زیر تعمیر فلائی اوور کا دورہ- تصویر:آئی این این
میرا بھائندر کو ممبئی سے جوڑنے والے زیرِ تعمیر نئے فلائی اوور کا افتتاح ایک بار پھر مؤخر ہو گیا ہے۔ ایم آر ڈی اے اور ٹریفک پولیس کے مشترکہ معائنے کے بعد حکام نے تسلیم کیا ہے کہ جون کے پہلے ہفتے تک پل کھولنے کا دعویٰ پورا نہ ہو سکا اور اب مزید  ۱۵ ؍ سے ۲۰ ؍دن کا وقت درکار ہو گا۔ٹریفک پولیس کے سینئر انسپکٹر پرافل واگھ اور ایم آر ڈی اے کے افسران نے دلی دربار اور آربٹ ہاسپیٹل کے سامنے پل کا تفصیلی جائزہ لیا۔ واگھ نے بتایا، ’’ایم ایم آر ڈی اے نے پہلے مئی کے آخر یا جون کے پہلے ہفتے کی یقین دہانی کرائی تھی، بعد میں ۱۵؍ جون کی تاریخ دی گئی۔ موجودہ صورتحال دیکھتے ہوئے کام مکمل ہونے میں کم از کم۱۵؍  دن مزید لگیں گے۔‘‘
حکام کے مطابق ممبئی سے فاؤنٹین ہوٹل کی طرف جانے والا حصہ تقریباً مکمل ہے اور صرف فنشنگ باقی ہے۔ سائیڈ بیریئرز اور ڈیوائیڈرز کی تنصیب میں مزید ۷؍ سے ۸؍ دن لگنے کا امکان ہے۔ توقع ہے کہ اگلے دو ہفتوں میں تمام کام مکمل ہو جائیں گے۔نئے پل کے معائنے کے بعد افسران نے کاشی میرا کے پرانے پل کا بھی دورہ کیا جہاں کئی حفاظتی خامیاں پائی گئیں۔ رات میں اندھیرا ہونے کے باعث اسٹریٹ لائٹس لگانے، ٹوٹے ہوئے کریش بیریئرز فوری تبدیل کرنے اور میرا گوٹھان کے پاس تیز رفتار گاڑیوں کو کنٹرول کرنے کے لئےاسپیڈ بریکرز لگانے کی ہدایت دی گئی ہے۔ ایم آر ڈی اے نے یقین دلایا ہے کہ یہ کام ۳  ؍سے ۴ ؍ دن میں مکمل کر لئے جائیں گے۔
 
 
ریاستی وزیرِ ٹرانسپورٹ پرتاپ سرنائک اتوار کو اچانک معائنہ کرنے پہنچے۔ انہوں نے کہا کہ یہ علاقے کا اہم فلائی اوور ہے جس کی تعمیر کے لئے انہوں نے اس وقت کے پولیس کمشنر مدھوکر پانڈے سے خصوصی درخواست کر کے اجازت دلوائی تھی۔ ٹھیکیدار نے ۶  ؍ماہ میں کام مکمل کرنے کا وعدہ کیا تھالیکن ڈیڑھ سال گزرنے کے باوجود عوام ٹریفک میں پھنس رہے ہیں۔
 
 
 
سرنائک نے واضح کیا کہ ۱۰؍ جون کا ہدف پورا نہ ہونے کے بعد اب  ۲۰ ؍ جون کی حتمی تاریخ طے کی گئی ہے اور اس میں مزید نرمی نہیں ہو گی۔ انہوں نے ہائی وے اتھاریٹی کو ہدایت دی کہ ۲۰؍  جون کو دوپہر ۱۲ ؍ بجے کام مکمل ہوتے ہی کسی وی آئی پی افتتاح کا انتظار کئے بغیر عام ٹریفک کے لئے پل کھول دیا جائے۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK