Inquilab Logo

محمد بن سلمان، سعودی عرب کے وزیراعظم مقرر

Updated: September 29, 2022, 11:39 AM IST | Agency | Dubai/Riyadh

اب ولی عہد کابینہ کے اجلاس کی صدارت کریں گے۔ کابینہ میں تبدیلی کی گئی ، شہزادہ خالد بن سلمان کو وزیر دفاع اور یوسف بن عبداللہ بن محمد البنیان کو وزیر تعلیم مقرر کیا گیا ۔ بحرین اور متحدہ عرب امارات نے مبارکباد دی ، نیک خواہشات کا اظہار کیا

A scene from the swearing-in ceremony of Defense Minister and Education Minister..Picture:SBA
وزیر دفاع اور وزیر تعلیم کی حلف برداری کی تقریب کا ایک منظر۔ تصویر : ایس پی اے

ولی عہد محمد بن سلمان  ، اب  سعودی عرب کے وزیر اعظم  بن گئے ہیں۔ متحدہ عرب امارات ، بحرین اور دیگر ممالک نے انہیں مبارکباد دی ہے۔   اس دوران کابینہ میں تبدیلی بھی کی گئی ہے۔  سعودی خبر رساں  ایجنسی کے مطابق شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے منگل کو متعدد شاہی فرامین جاری کئے جس کے مطابق  ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو وزیر اعظم بنایا گیا ہے جس  کے تحت اب وہ  سعودی کابینہ کے سربراہ  بن گئے ہیں، اس طرح کابینہ کے اجلاس  کی  صدارت وہ خود کریں گے۔  واضح رہے کہ اس سے پہلے سعودی کابینہ کے اجلاس کی صدارت سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبد العزیز کرتے تھے ۔   اس سلسلے میں ایک بیان کے مطابق شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز ولی عہد کے ساتھ ساتھ  کابینہ کے سربراہ بھی ہوں گے، حالانکہ دوسرے شاہی فرمان میں وضاحت کی گئی ہے کہ کابینہ کے جن اجلاس میں شاہ سلمان بن عبدالعزیز خود شریک ہوں گے، ان کی صدارت وہی کریں گے۔
  واضح رہے ان دنوں شاہ سلمان بن عبد العزیز کابینہ کے اجلاس میں بہت کم شریک ہوتے  ہیں۔ اہم فیصلے ولی عہد محمد بن سلمان ہی کرتےہیں۔    دریںاثناءکابینہ میں ردوبدل  سے متعلق بھی شاہی فرمان جاری ہوا ہے۔ نائب وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان کو وزیر دفاع مقرر کیا گیا ہے۔ طلال بن عبداللہ بن ترکی العتیبی معاون وزیر دفاع ہوں گے۔شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے  کابینہ کی تشکیل نو کی ہے جس کے مطابق وزیرتعلیم ڈاکٹرحمد بن محمد آل الشیخ  کی جگہ یوسف بن عبداللہ بن محمد البنیان کو نیا وزیر تعلیم مقرر کیا گیا ہے۔
  شاہی فرمان میں یہ بھی وضاحت کی گئی ہے کہ شہزادہ ڈاکٹر منصور بن متعب بن عبدالعزیزوزیر مملکت، شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود وزیر توانائی، شہزادہ ترکی بن محمد بن فہد بن عبدالعزیز وزیر مملکت، شہزادہ عبدالعزیز بن ترکی بن فیصل بن عبدالعزیز وزیر کھیل، شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نایف بن عبدالعزیز وزیر داخلہ، شہزادہ عبداللہ بن بندر بن عبدالعزیز وزیر نیشنل گارڈز، شہزادہ فیصل بن فرحان بن عبداللہ  بن فیصل بن فرحان وزیر خارجہ، شہزادہ بدر بن عبداللہ  بن محمد بن فرحان کو وزیر ثقافت کے طور پر ان کے عہدے پر برقرار رکھا گیا ہے۔  دریں اثناء منگل کو شہزادہ خالد بن سلمان نے وزیر دفاع اور یوسف بن عبداللہ  البنیان نے وزیر تعلیم کی حیثیت سے حلف لیا۔سعودی خبررساں ایجنسی ایس  پی اے کے مطابق اس موقع پر  شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور  ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بھی موجود تھے۔نئے وزراء کی تقریب حلف  برداری قصر السلام جدہ میں منعقد ہوئی۔ حلف  لیتے  وقت سعودی عرب کے نئے وزرا نے عہد کیا کہ وہ اپنے دین، پھر اپنے بادشاہ اور وطن عزیز کے تئیں  وفادار رہیں گے اورہر ریاستی راز کی حفاظت کریں گے۔حلف  لیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ  وہ ریاستی مفادات اور قوانین کا تحفظ کریں گے ۔ اپنی ذمہ داری سچائی،  ایما داری اور اخلاص کے ساتھ ادا کریں گے۔ دوسری طرف متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان  اور بحرین کے فرمانروا شاہ حمد بن عیسی آل خلیفہ نے وزیراعظم مقرر کرنے پر ولی عہد محمد بن سلمان کو مبارکباد پیش کی اورنیک خواہشات کا اظہار کیا۔شیخ محمد بن زاید نے اسے حکمت پر مبنی فیصلہ قرار دیا ۔اسی طرح امارات کے نائب صدر اور دبئی کے حکمراں شیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے ولی عہد کو مبارکباد پیش کی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK