Inquilab Logo

پرجول ریونّا کیخلاف مزید شکایتیں درج

Updated: May 04, 2024, 12:49 PM IST | Agency | Bengaluru

سابق وزیراعظم دیوے گوڑا کے بیٹے ایچ ڈی ریونّا کے خلاف بھی ایف آئی آر درج کی گئی، عصمت دری اور اغوا کا الزام۔

As public anger continues to mount over the sex scandal, the Congress on Thursday protested against Rivana. Photo: INN
سیکس اسکینڈل معاملے میں عوامی ناراضگی بڑھتی جارہی ہے، جمعرات کو کانگریس نےریونّا کے خلاف احتجاج کیا۔ تصویر : آئی این این

کرناٹک سیکس اسکینڈل معاملے میں سابق وزیر اعظم ایچ ڈی دیو گوڑا کے بیٹے رکن اسمبلی ایچ ڈی ریونّا کے خلاف کرناٹک پولیس نے عصمت دری اور اغوا کی ایف آئی آر درج کی ہے۔ متاثرہ خواتین میں سے ایک کے بیٹے نے پولیس میں اپنی ماں کے اغوا کی شکایت درج کرائی ہے جس کے بعد ایچ ڈی ریونّا کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ اسی کے ساتھ ایچ ڈی ریونّا کے رشتہ دار ستیش بابو کو ایف آئی آر میں دوسرا ملزم نامزد کیا گیا ہے۔
ایچ ڈی ریونّا کی ملازمہ کے بیٹے نے ایف آئی آر درج کروائی
 یہ ایف آئی آر میسور ضلع کی کے آر نگر پولیس نے درج کی ہے۔ ایف آئی آر میں متاثرہ کے بیٹے نے الزام لگایا ہے کہ اس کی ماں اس سیکس ویڈیو کے منظر عام پر آنے کے بعد سے غائب ہو گئی ہے جس میں پرجول ریونّا کی خواتین کے ساتھ جنسی زیادتی کی فوٹیج موجود ہے۔ پولیس کو دیے گئے متاثرہ کے بیٹے کے بیان کے مطابق دوسرا ملزم ستیش بابو اس کے گھر آیا اور اس کی ماں کو یہ کہہ کر موٹر سائیکل پر لے گیا کہ ایچ ڈی ریونّا اس سے ملنا چاہتے ہیں، اس کے بعد سے وہ گھر نہیں لوٹی۔ شکایت کنندہ نے بتایا کہ ۲۹؍ اپریل کو رات تقریباً ۹؍ بجے ستیش بابو اس کی ماں کو زبردستی اپنے ساتھ لے گئے اور گھر والوں کو دھمکی دی کہ اگر انہوں نے اس کی مخالفت کی تو ان کے خلاف پولیس کیس درج کیا جائے گا۔ متاثرہ کے بیٹے نے یہ بھی کہا ہے کہ اس کی والدہ کو نامعلوم مقام پر رکھا گیا ہے۔ اس نے پولیس سے اپنی والدہ کی تلاش میں مدد کرنے کی اپیل کی ہے۔ اسی کے ساتھ اس نے ایچ ڈی ریونّا اور ستیش بابو کے خلاف قانونی کارروائی کا بھی مطالبہ کیا ہے۔ اپنی شکایت میں متاثرہ کے بیٹے نے کہا ہے کہ اس کی ماں نے۶؍ سال تک ریونّا کے گھر اور فارم پر کام کیا اور تین سال قبل اس نے نوکری چھوڑ دی تھی۔ ۲۶؍ اپریل کو ہونے والی ووٹنگ سے صرف تین دن پہلے ستیش بابو اس کی ماں کو یہ کہتے ہوئے لے گئے کہ ایچ ڈی ریونّا کی بیوی بھوانی ریونّا اس سے ملنا چاہتی ہیں۔ ووٹنگ کے دن اس کی ماں کو واپس گھر لا کر چھوڑ دیا گیا اور ستیش بابو نے پولیس سے بات نہ کرنے کی وارننگ دی۔ بیٹے نے بتایا کہ ستیش بابو نے دھمکی دی کہ اگر اس نے پولیس سے بات کی تو مقدمہ درج کیا جائے گا اور یہ بھی کہا کہ اگر پولیس اس کے پاس آئے تو وہ پولیس سے بات نہ کرے۔ شکایت کنندہ نے کہا کہ وہ نہیں جانتا کہ اس کی ماں کو کہاں رکھا گیا ہے۔ پولیس نے ایچ ڈی ریونّا کیخلاف ایف آئی آر درج کرکے تفتیش شروع کر دی ہے۔
ریونّا نے تین سال تک جنسی استحصال کیا:ضلع پریشد کی سابق رکن 
 پرجول ریونّا کے خلاف ضلع پریشد کی ایک سابق رکن نے شکایت درج کرائی، اس کا الزا م ہے کہ ریونّا نے ۳؍ سال تک اس کا جنسی استحصال کیا اور اس کے ویڈیوز بناکر بلیک میل کیا۔ سی آئی ڈی نے ۴۰؍سالہ متاثرہ کی شکایت پر کیس درج کرلیا ہے۔ متاثرہ نے الزام لگایا ہے کہ ریونّا نے جنوری ۲۰۲۱ء سے اپریل ۲۰۲۴ء کے عرصے میں اس کا استحصال کیا۔
پرجول معاملہ کی بازگشت ملک بھر میں سنائی دے گی، بی جے پی کو صفائی دینا مشکل ہو جائے گا: ششی تھرور
 کانگریس کے سینئر لیڈر ششی تھرور نے کہا ہے کہ جنتا دل (ایس)  کے رکن پارلیمنٹ پرجول ریونا کے حق میں مہم چلانے کے بعد بی جے پی کیلئے وضاحت دینا مشکل ہو جائے گا اور اس `سیکس اسکینڈل کی بازگشت نہ صرف کرناٹک بلکہ لوک سبھا میں بھی ہوگی۔  یہ پوچھے جانے پر کہ کیا یہ معاملہ انتخابات میں بی جے پی کو متاثر کرے گا، تھرور نے کہا، ’’حقیقت یہ ہے کہ یہ آدمی بی جے پی کا حلیف ہے۔ بی جے پی نے  انتخابات میں اس کیلئے مہم چلائی تھی۔ اسلئے انہیں یہ وضاحت دینے میں پریشانی ہوگی کہ انہیں حقیقت میں کوئی علم نہیں تھا۔ پتہ چلا ہے کہ انہیں علم تھا اور الیکشن سے کچھ وقت پہلے بی جے پی کے ایک ایم ایل اے کو یہ قابل اعتراض ویڈیوز موصول ہوئی تھیں۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK