• Tue, 17 February, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

مفتی شیخ ابوبکر کی وزیر اعظم مودی سے اہم ملاقات،ملک میں سماجی ہم آہنگی کے فروغ پرگفتگو

Updated: February 16, 2026, 10:57 PM IST | New Delhi

ملاقات میں اقلیتی بہبود سے متعلق معاملات اور بین الاقوامی حالات پر بھی بات چیت ہوئی اور ملک میں فلاحی سرگرمیوں کو مضبوط بنانے پر زور دیا گیا ، میٹنگ میںوقف اور ایس آئی آربھی زیر بحث آئے

Sheikh Abubakar Ahmed meets Prime Minister Modi with a delegation
شیخ ابوبکر احمد کی ایک وفد کے ساتھ وزیر اعظم مودی سے ملاقات

بین الاقوامی شہرت یافتہ بزرگ عالم دین  شیخ ابوبکر احمد جو  جوگرانڈ مفتی آف انڈیا کے نام سے بھی جانے جاتے ہیں، نے قومی راجدھانی میں ایک اعلیٰ سطحی وفد کے ساتھ وزیر اعظم مودی سےایک  اہم ملاقات کی۔ اس تعلق سے ایک پریس ریلیز جاری کرکے بتایا گیا کہ اس ملاقات کے دوران مختلف سماجی انسانی تعلیمی اور ترقیاتی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس کے علاوہ اقلیتی بہبود سے متعلق معاملات اور بین الاقوامی حالات پر بھی گفتگو ہوئی۔ملاقات میں ملک میں سماجی ہم آہنگی تعلیم کے فروغ اور فلاحی سرگرمیوں کو مضبوط بنانے پر زور دیا گیا۔ دونوں لیڈروں نے موجودہ عالمی صورتحال اور اس کے اثرات پر بھی تفصیلی بات چیت کی۔تمام طبقات کو ساتھ لے کر ترقی کو یقینی بنانے پر زور دیا گیا اور اس بات کی اہمیت اجاگر کی گئی کہ معاشی پیش رفت کے ساتھ ساتھ خوشحالی کے اشاریے اور انسانی ترقی کو بھی مناسب ترجیح دی جائے۔ وسائل کی تقسیم آبادی کے تناسب اور علاقائی توازن کو مدنظر رکھتے ہوئے کرنے کی ضرورت پر بھی توجہ دلائی گئی۔
   وقف سے متعلق ایس آئی آر خدشات قدیم مساجد اور اسلامی ورثے کی تاریخی یادگاروں کے تحفظ اور مولانا آزاد نیشنل فیلوشپ سمیت اقلیتی تعلیمی فلاحی منصوبوں کی بحالی جیسے امور بھی زیر بحث آئے۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی   کے ملا پورم سینٹر کی ترقی اور ملک کی اقلیتی برادری کے ساتھ مرکزی حکومت کے مؤثر رابطے کو بھی اہم قرار دیا گیا۔ اس کے ساتھ ہی مختلف الزامات کے تحت برسوں سے گرفتاربے قصور افراد کو انصاف کی فراہمی، شمالی ہند کے اسلامی اداروں جیسے مبارکپور جامعہ اشرفیہ کو درپیش مسائل اور جنوبی ہند کے بڑے زیارتی مراکز کو جوڑنے کیلئے ٹرین خدمات کی تجاویز بھی پیش کی گئیں۔  اس اہم میٹنگ میںملک بھر کی اقلیتی برادریوں کے ساتھ مرکزی حکومت کے مؤثر اور قریبی رابطے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔ 
  پریس ریلیز کے مطابق اس ملاقات کے دوران مفتی ابوبکر احمد نے وزیر اعظم کے ساتھ سماجی انسانی تعلیمی اور ترقیاتی امور کے وسیع دائرے پر بامعنی گفتگو کی۔ شیخ ابوبکر احمد نے کیرالا کے حالیہ دورے کے موقع پر مختلف طبقات سے حاصل ہونے والی تجاویز اور خدشات وزیر اعظم کے سامنے پیش کئے۔ یہ دورہ انسانیت کے عنوان کے تحت منعقد کیا گیا تھا۔ انہوں نے آنے والے مقدس مہینے رمضان المبارک کے حوالے سے اپنا پیغام اور تاثربھی پیش کیا ۔
 اس دوران وزیر اعظم نے ’سمستہ کیرالا جمعیۃ العلماء‘ اور ’جامعہ مرکز‘ کی قیادت میں جاری تعلیمی اور سماجی فلاحی سرگرمیوں کو سراہا اور کہا کہ ایسی کاوشیں معاشرتی ترقی میں اہم کردار ادا کرتی ہیں اور عالمی سطح پر ہندوستان کے وقار میں اضافہ کرتی ہیں۔
 اس ملاقات میں ’سمستہ کیرالا جمعیۃ العلماء کے سیکریٹری شیخ عبدالرحمان ثقافی اور مرکز نالج سٹی کے منیجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد عبدالحکیم ازہری بھی موجود تھے۔وزیر اعظم   مودی نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ مفتی شیخ ابوبکر کی قیادت میں ہندوستان میں جاری تعلیمی اور سماجی فلاحی سرگرمیاں نہایت مؤثر انداز میں انجام دی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر ہندوستان کا وقار بلند کرنے کیلئے مفتی شیخ ابوبکر کی سماجی اور ثقافتی کاوشیں قابل تحسین ہیں اور حکومت ان سرگرمیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔
 خیال رہے کہ مفتی شیخ ابوبکر اُس وقت عالمی توجہ کا مرکز بن گئے تھے جب جولائی ۲۰۲۵ء ،میں ہندوستان کی ایک نرس جسے یمن کی ایک اعلیٰ عدالت نے پھانسی کی سزا سنادی تھی، انہوں نے وہاں کے اعلیٰ حکام سے گفتگو کرکے رکوا دی تھی۔مفتی شیخ ابوبکر کی اس سفارتی کوشش کو ہندوستان کے ساتھ ہی دنیا بھر میں قدر ومنزلت کی نگاہ سے دیکھا گیا تھا۔ مذکورہ نرس کی سزا کا معاملہ ہنوز زیرالتواہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK