• Sun, 22 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

جیولری برانڈ ’’بلغاری‘‘ کے سابق چیئرمین پاؤلو بلغاری ۸۹ سال کی عمر میں انتقال کرگئے

Updated: November 22, 2026, 8:06 PM IST | Rome

عالمی شہرت یافتہ زیورات کے کاروبار کو نئی بلندیوں تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا، ۱۹۸۴ء سے کمپنی کی قیادت کی، ہالی ووڈ ستاروں میں بھی ان کے تیار کردہ زیورات مقبول رہے۔

Paolo Bulgari.Photo:X
پاؤلو بلغاری۔ تصویر:ایکس

اٹلی کے معروف لگژری جیولری برانڈ بلغاری (Bvlgari)  کے طویل عرصے تک چیئرمین رہنے والے مشہور کاروباری شخصیت اور زیورات کے ڈیزائنر پاؤلو بلغاری ۸۹؍سال کی عمر میں انتقال کرگئے۔ ان کے انتقال کی خبر سامنے آنے کے بعد عالمی فیشن اور زیورات کی صنعت میں غم کی لہر دوڑ گئی ہے۔ پاؤلو بلغاری نے اپنے خاندانی کاروبار کو ایک بین الاقوامی لگژری برانڈ بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا تھا۔ ان کی وفات کا اعلان خاندان اور کمپنی کی جانب سے کیا گیا۔ تاہم ان کے انتقال کی وجہ ظاہر نہیں کی گئی ہے۔
پاؤلو بلغاری ۱۹۳۷ء میں اٹلی کے دارالحکومت روم میں پیدا ہوئے تھے۔ وہ بلغاری جیولری برانڈ کے بانی سوتیریو بلغاری کے پوتے تھے، جنہوں نے ۱۸۸۴ء میں روم میں زیورات کا کاروبار شروع کیا تھا۔ سوتیریو بلغاری کا تعلق یونان سے تھا اور وہ ایک ہنرمند سنار تھے۔ انہوں نے اٹلی میں اپنے کاروبار کی بنیاد رکھی، جو وقت کے ساتھ دنیا کے معروف زیورات کے برانڈز میں شمار ہونے لگا۔

یہ بھی پڑھئے:’دھرندھر‘ کے بعد رنویر سنگھ اور آدتیہ دھر پھر ساتھ آئیں گے، ۲۰۲۸ء میں نئی فلم متوقع

پاؤلو بلغاری نے تعلیم مکمل کرنے کے بعد ۱۹۶۰ء میں اپنے والد جیورجیو کے ساتھ خاندانی کاروبار میں کام شروع کیا۔ ابتدا میں انہوں نے قیمتی پتھروں کی شناخت، ان کی خصوصیات اور زیورات میں ان کے استعمال پر خصوصی توجہ دی۔ رفتہ رفتہ وہ قیمتی پتھروں کے عالمی سطح پر تسلیم شدہ ماہر بن گئے۔ ان کی فنی مہارت اور تخلیقی صلاحیتوں نے بلغاری کے زیورات کو ایک منفرد شناخت عطا کی۔۱۹۸۴ء میں انہوں نے بلغاری گروپ کے چیئرمین کی ذمہ داری سنبھالی۔ ان کے بھائی نکولا بلغاری اور بھتیجے فرانسسکو ٹراپانی نے بھی کمپنی کی ترقی اور بین الاقوامی توسیع میں اہم کردار ادا کیا۔ ان کی قیادت میں کمپنی نے اپنے کاروبار کو اٹلی تک محدود رکھنے کے بجائے نیویارک، پیرس، جنیوا اور مونٹی کارلو جیسے عالمی شہروں میں وسعت دی۔
پاؤلو بلغاری کی قیادت میں کمپنی نے روایتی زیورات کے کاروبار سے آگے بڑھتے ہوئے گھڑیاں، خوشبوئیں، چمڑے کی مصنوعات اور دیگر لگژری اشیا کے شعبوں میں بھی اپنی موجودگی قائم کی۔ ان کے دور میں بلغاری کے ڈیزائن کو قدیم روم اور یونانی تہذیب کے فن اور ثقافت سے متاثر ایک منفرد انداز کے طور پر عالمی شناخت ملی۔بلغاری کے زیورات کی خاص پہچان قیمتی اور رنگین پتھروں کا جرات مندانہ استعمال، زرد سونے کی نمایاں چمک، بڑے اور دلکش ڈیزائن اور رنگوں کا منفرد امتزاج تھا۔ اس انداز نے اسے پیرس کے روایتی جیولری ہاؤسز سے الگ شناخت دی اور عالمی فیشن کی دنیا میں ایک نمایاں مقام دلایا۔

یہ بھی پڑھئے:نیوزی لینڈ کے خلاف ہاکی سیریز ہندوستان نے ۰۔۱؍ سے جیتی

بلغاری کے زیورات دنیا بھر کی معروف شخصیات اور فلمی ستاروں میں خاصے مقبول رہے۔ ہالی ووڈ اداکارہ الزبتھ ٹیلر کا اس برانڈ سے خصوصی تعلق رہا اور ان کے قیمتی زیورات نے بلغاری کی عالمی شہرت میں اضافہ کیا۔ اس کے علاوہ آڈری ہیپ برن، مارلن منرو، صوفیہ لورین، شہزادی ڈیانا اور بعد کے دور میں این ہیتھوے، زندایا اور ریحانہ جیسی شخصیات بھی بلغاری کے زیورات سے وابستہ رہیں۔پاؤلو بلغاری صرف ایک کاروباری رہنما ہی نہیں تھے بلکہ زیورات کے ڈیزائن اور فن سے گہری دلچسپی رکھتے تھے۔ کمپنی کے مطابق وہ نوجوان ڈیزائنروں کی صلاحیتوں کو نکھارنے اور نئی نسل کو اس فن سے روشناس کرانے کے لیے بھی سرگرم رہے۔
بلغاری کی تاریخ میں ۲۰۱۱ء ایک اہم موڑ ثابت ہوا، جب بلغاری خاندان نے فرانسیسی لگژری کمپنی گروپ  ایل وی ایم ایچ (LVMH)  کو کمپنی میں اپنا اکثریتی حصہ فروخت کردیا۔ یہ معاہدہ تقریباً ۳ء۷؍ ارب یورو کا تھا۔ اس کے ساتھ ہی بلغاری کے خاندانی انتظام کا ایک طویل دور اختتام پذیر ہوا اور کمپنی دنیا کے بڑے لگژری کاروباری گروپ کا حصہ بن گئی۔اس معاہدے کے باوجود پاؤلو بلغاری کا برانڈ سے تعلق برقرار رہا اور وہ زیورات کے ڈیزائن اور کمپنی کی تخلیقی شناخت میں دلچسپی لیتے رہے۔ ایل وی ایم ایچ کے چیئرمین اور چیف ایگزیکٹیو برنارڈ آرنو نے بھی ان کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے انہیں بلغاری کی کامیابی کا اہم معمار قرار دیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK