Inquilab Logo

بی جے پی کےجواب پرسہنی نے بھڑاس نکالی

Updated: January 25, 2022, 11:08 AM IST | Inquilab News Network | Patna

کونسل کی ۲۴؍ سیٹوں پر تنہا الیکشن لڑنے کا اشارہ ، ۲۰۲۵ء تک نتیش حکومت کے ساتھ رہنے کا وعدہ مگر لالو کی بھی تعریف کی جھارکھنڈ میں وی آئی پی کا دفتر کھولیں گے۔یو پی ، بہار اور جھارکھنڈ کی لوک سبھا کی ۱۵۰؍ سیٹوں کیلئے مارچ سے تیاری کا اعلان

Patna: Pirko VIP Chief Mukesh Sahni addressing at Jabba Sahni Hall.Picture:INN
پٹنہ : پیرکو وی آئی پی سربراہ مکیش سہنی، جبا سہنی ہال میں خطاب کرتےہوئے۔ تصویر: آئی این این

 وکا س شیل انسان پارٹی  (وی آئی پی ) کے سربراہ اوربہار کے مویشی و ماہی پروری کے وزیر مکیش سہنی نے پیر کو کر پوری ٹھاکر کی جینتی کے بہا نے اپنے دل کی بھڑاس نکالی ۔  انہوں نے جہاں ایک طر ف بی جے پی پر تنقید کی ، وہیں دوسری طرف انہوں نے جھارکھنڈ میں بھی اپنی جماعت  وی آئی پی کومتعارف کر انے کا اعلان کیا ۔ انہوں نے بی جے پی کی جانب سے انکار کےبعد بہار کونسل کی تمام ۲۴؍سیٹوںپر الیکشن لڑنے کا  اشارہ بھی دیا ہے۔ اس دوران سہنی نے لالو پرساد یادو کی بھی تعریف کی ۔ واضح رہےکہ بہار  بی جے پی نے مقامی بلدیہ کوٹے سے ہونے والے کونسل کے انتخاب میں این ڈی اے کی حلیف  وی آئی پی کو ایک بھی سیٹ دینے سے انکار کردیا   تھا،حالانکہ سہنی نے اس کا مطالبہ کیا تھا ۔    پیر کو کر پوری کے یوم پیدائش پر منعقدہ تقریب کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایک سوال کے جواب میں سہنی نے کہا :’’ این ڈی اے میں سیٹ نہیں ملے گی ، یہ بات نہیں ہے ۔ سیٹوں کی تقسیم اتحاد کی بنیاد پر ہوتی ہے ۔ اگر اتحاد سے سیٹیں نہیں ملتی ہیں تو ہم آزاد ہیں۔  بہار کونسل کی۲۴؍ سیٹوں پر لڑنے کیلئے تیار ہیں۔ ہم فائدہ نقصان کی بات سوچتےہی نہیں ۔ پنچایت انتخابات کے وقت ہی ہم نے تیار ی کی ہے لیکن ابھی اس معاملے پر اتحاد میں شامل تمام جماعتوں کے درمیان کوئی باضابطہ بات چیت نہیں ہوئی ہے۔ ویسے ہم کسی بھی الیکشن کی تیاری کیلئے  آزاد ہیں۔ ‘‘
    مکیش سہنی نے کہا :’’۱۱؍ مارچ کو جھارکھنڈ میں وی آئی پی کو متعارف کروایا جائے گا ۔ جبا سہنی کے یوم شہادت پر وہاں باضابطہ پارٹی لا نچ کی جائے گی ۔ اس کا دفتر بھی کھولا جائے گا ۔ ‘‘  اہم بات یہ ہے کہ سہنی نے ۲۰۲۴ء کے عام انتخابات میں بھی تنہا الیکشن لڑنے کا اشارہ دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا :’’ ہم  اسی  سال مارچ  سے لوک سبھا کی بہار ، یوپی اور جھار کھنڈ کی ۱۵۰؍ سیٹوں پر کامیابی کیلئے تیاری کریں گے۔ ‘‘  جب سہنی سے یہ پوچھا گیا :’’کونسل انتخابات میں سیٹیں نہ ملنے پر  اتحاد سے باہر ہوجائیں گے ؟‘‘ اس کے جواب میں ان کا کہنا تھا :’’ابھی اتحاد میں ہیں۔ یہ اتحاد ۲۰۲۵ء تک ہے۔ ہم چاہیں گے ۲۰۲۵ء تک نتیش جی کے ساتھ ہی سرکار میں رہیں ۔ ‘‘  اس یقین دہانی کے بعد ان  سے لالو کے بارے میں پوچھا گیا تو ان کا کہنا تھا :’’ بہار میں جن لوگوں نے بہتر کام کیا ہے ، ہم ان کی تعریف کیوں نہ کریں؟ غریب پچھڑوں کیلئے لالو جی نے کام کیا ہے۔ اسے کون نظر انداز کرسکتا ہے؟ میں ہمیشہ انہیں مانتا رہا ہوں ۔ سیاسی نقطۂ نظر سے ہم الگ ہیں ،  جب نظر یات مل جائیں گے تو پھر  اس پر الگ سے بات چیت ہوگی۔ ‘‘
  اس دوران انہوں نے یہ بھی کہا :’’ کوئی بھی سیاسی جماعت نہیں چاہے گی کہ وی آئی پی آگے بڑھے۔ چاہے وہ بی جےپی ہو یا جے ڈی یو یا کانگریس ۔ وہ  ہمیں ہمیشہ راستے کا کانٹا سمجھیں گے ہی ، مخالف ہی سمجھیں گے۔ بہار میں نشاد سماج بیدار ہوا ہے۔ اپنا پلیٹ فارم بنا لیا ہے تو کچھ سیاسی جماعتوںکا نقصان ہوگا ہی۔ ‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK