Inquilab Logo

موسلادھاربارش سے ممبئی جل تھل ، ہاربرلائن کی ٹرینیں ۳؍ گھنٹے بند، مسافر بے حال

Updated: July 22, 2023, 9:45 AM IST | saeed Ahmed and Shahab Ansari | Mumbai

کرلا میں پٹریوں پرپانی جمع ہونے سے وڈالا اورمانخورد کے درمیان ٹرینیں بند تھیں۔ویسٹرن ریلوے میں۷۷؍ ٹرینوں میں تاخیر ۔سائن ،چمبور اورہندماتا میں پانی بھرنے سےکئی بسوں کے روٹ تبدیل کئے گئے

Pedestrians and vehicles are passing through the submerged road.
زیرآب سڑک سے راہ گیراور گاڑی والے گزررہے ہیں۔

جمعہ کو تیز بارش سے شہرومضافات کے کئی علاقے زیرآب آگئے جس سے راہ گیروں اور گاڑی والوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔  وڈالا اورمانخورد کے درمیان ہاربر لائن (ڈاؤن) کی ٹرینیں ۳؍ گھنٹے تک بند کردی گئیں۔ کرلا میں پٹریوں پر کافی پانی جمع ہونے  سے ۲؍بجکر ۴۵؍ منٹ سے ٹرینوں کی آمدورفت روک دی گئی ۔ اس سے مسافروں کوزبردست دقتوں کا سامنا کرنا پڑا ۔ مجبوراً کئی مسافروں نے دوسرے روٹ سے اپنی منزل کی راہ لی۔  ایک دن کے وقفے سے سینٹرل ریلوے میںیہ دوسرا موقع تھا جب ٹرین سروسیزٹھپ ہوئیں۔ پہلے امبرناتھ اوربدلاپور کےدرمیان ٹرینیں۶؍گھنٹے بند رہیں اور ۱۰۰؍ سے زائدسروسیزکو رد کیا گیا۔ اسی دوران پنویل اور کلیان میںپوائنٹ فیل ہونےسے ٹرین خدمات متاثر رہیں۔
 جمعہ کوکرلا میںپٹریوں پراس قدر پانی جمع ہوگیا کہ صبح سے معمو ل کے مطابق چلائی جانے والی ہاربرلائن کی ٹرینیں وڈالا اورمانخورد کے درمیان ۲؍بجکر ۴۵؍ منٹ پر بند کرنے کا سینٹرل ریلوے انتظامیہ نے اعلان کیا ۔ چیف پی آر اوڈاکٹرشیوراج مانس پورے نےنمائندۂ انقلاب کو  بتایاکہ’’ پٹری پر اس قدر پانی جمع تھا کہ پٹریاں نظر نہیں آرہی تھیں اور ڈبوں کےنیچے لگائے گئے موٹر میں پانی جانے کااندیشہ تھا۔ اس سے دو طرح کے خطرے ہوسکتے ہیں اس لئے جب تک پانی کم نہیںہوا ،اس روٹ کی ٹرینیں نہیںشروع کی گئیں۔  شام ساڑھے ۶؍بجے کے بعد بھی   ٹرینیں ۱۵؍ منٹ تاخیر سے چلائی گئیں۔ 
ویسٹرن ریلوے میں ۷۷؍ سروسیزتاخیر سے چلائی گئیں
 ویسٹرن ریلوے کے چیف پی آر اوسمیت ٹھاکورنے نمائند ےکے استفسارپربتایاکہ ’’ بارش کے دوران ٹرینیں رَد تو نہیں کی گئیںلیکن ۷۷؍ سروسیز تاخیر سے چلائی گئیں جس سے مسافرو ں کو دیر تک  ٹرینوں کا انتظار کرنا پڑا ۔‘‘  
ممبئی اور مضافات میں اچھی بارش
 شہر و مضافات میں جمعہ کو کبھی کم کبھی زیادہ بارش کا سلسلہ جاری رہا ۔ محکمہ موسمیات کی قلابہ میں واقع مشاہدہ گاہ میں ۹۲ء۲؍ اور مضافات کے سانتاکروز میں ۱۱۵ء۲؍ ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔ دوسری طرف بی ایم سی کے مطابق مشرقی مضافات میں ۸۸ء۳۰؍ ملی میٹر اور مغربی مضافات میں ۶۳ء۲۹؍ فیصد بارش ریکارڈ کی گئی۔
 ممبئی میں جمعہ کو بھی بارش کا سلسلہ صبح کچھ تاخیر سے شروع ہوا لیکن اس کے بعد دن کے زیادہ تر حصہ میں بارش ہوتی رہی جس کی وجہ سے سائن کے کچھ حصوں میں سڑکوں پرپانی جمع ہوگیا اوراس کے آگے کنگ سرکل پر کمر تک پانی جمع تھا۔اسلفا میں میٹرو اسٹیشن کے نیچے دوپہر تقریباً ایک بجے سڑک زیرآب آگئی۔ اسی طرح ساکی ناکہ میں بھی میٹرو اسٹیشن کے قریب سڑک پر اتنا پانی جمع ہوگیا تھا کہ گاڑیوں کے ٹائر  پانی میں تقریباًڈوب گئے تھے۔
مسجد میں پانی بھر گیا
 کرلا ریلوے اسٹیشن کے مغربی جانب   واقع ایک مسجد میں ٹخنوں سے اوپر تک پانی جمع ہوگیا تھا جسے مقامی افراد نے مل کر خالی کیا۔ 
  ۲۲؍بسوں کے روٹ بدلے گئے 
  تیزبارش کے دوران جمعہ کو سائن روڈ نمبر ۲۴؍ شیل کالونی چمبوراورہند ماتا سنیما وغیرہ علاقوں میںپانی بھرنے سے ان روٹ پر جانےوالی بسیں ۳۴۱؍ ۳۱۲؍ ۷؍ ۲۲؍ ۲۵؍ ۳۰۲؍ ۳۵۲؍ ۴۱۱؍ سی ۱۰؍ ۳۵۵؍ ۳۵۷؍ اور ۳۶۰؍ کے علاوہ سی ۴۰؍ ، اے ۳۶۸؍ اور۲۱۲؍  کے روٹ بدل کر آر ایل چوک روڈ نمبر ۳؍ چمبور ناکہ اور نائیگاؤں سے گزاری گئیں۔ اس کے علاوہ مقررہ وقت سے ۱۵؍منٹ سے نصف گھنٹے کی تاخیر سے بھی چلائی گئیں۔
اندھیری سب وے بند
 جمعہ کی دوپہر پانی بھرجانے کی وجہ سے ایک بار پھر اندھیری سب وے کو گاڑیوں کی آمدورفت کیلئے تقریباً ایک گھنٹے کیلئے بند کرنا پڑا ۔ پانی کم ہونے پر اسے دوبارہ ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا۔
میونسپل کمشنر کا دورہ
  میونسپل کمشنر نے جمعہ کو ہندماتا، گاندھی مارکیٹ، کنگ سرکل اور اندھیری سب وے جیسے نشیبی علاقوں کا دورہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ان مقامات پر پانی جمع ہونے کی ایک بڑی وجہ مختلف مقامات پر ۱۰۰؍ ملی میٹر سے زیادہ بارش   اور دوپہر میں سمندر میں ہائی ٹائیڈ تھی۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK