• Mon, 19 October, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ممبئی: خاتون کے قتل کے الزام میں پہلی بیوی کاباپ گرفتار

Updated: October 19, 2026, 2:42 PM IST | Shahab Ansari | Mumbai

مغویہ خاتون کی لاش ماہم کی کھاڑی سے برآمد، ملزم کے مفر ور بیٹے کو پولیس تلاش کررہی ہے۔

Picture: INN
تصویر: آئی این این

یہاں مغربی مضافات کے  علاقے سانتا کروز میں رہائش پذیر ایک ۲۸؍ سالہ رکشا ڈرائیور نے گزشتہ ماہ پولیس میں شکایت درج کروائی تھی کہ اس کی دوسری بیوی گھر سے لاپتہ ہوگئی ہے۔ اگرچہ ابتداء میں نامعلوم شخص کے خلاف اغواء کا کیس درج کیا گیا تھا لیکن بعد میں شکایت کنندہ نے دعویٰ کیا تھا کہ اس کے چھوٹے سالے نے اسے فون کرکے کہا تھا کہ اس نے اپنے باپ کے ساتھ مل کر اس کی بیوی کا اغواء کرلیا ہے اور اس کا قتل کردیا ہے۔ پولیس نے اس معاملے کی تفتیش کرتے ہوئے شکایت کنندہ کے سسر کو گرفتار کرلیا ہے اور مقتولہ کی لاش بھی برآمد کرلی ہے۔

سانتا کروز مشرق میں ایئر انڈیا گیٹ نمبر ایک کے پاس شیو نگر چال میں رہائش پذیر ثاقب صدیقی نے واکولہ پولیس اسٹیشن میں ۳۰؍ ستمبر کو ایف آئی آر درج کروائی تھی جس میں اس نے پہلے صرف اپنی بیوی رخسانہ کی گمشدگی کی شکایت کی تھی۔ اس نے پولیس کو بتایا تھا کہ اس نے اپنی بیوی کی گمشدگی سے محض ایک ماہ قبل ۳۱؍ اگست کو دوسری شادی کی تھی۔ اس کے مطابق وہ روزانہ صبح ۵؍ بجے رکشا چلانے کیلئے گھر سے نکل جاتا ہے اور صبح ۱۱؍ بجے کھانا کھانے آتا ہے۔ اس کے بعد سہ پہر ۴؍ بجے پھر رکشا چلانے جاتا ہے۔

یہ بھی پڑھئے:لرزہ خیز واقعہ، معمولی ٹریفک تنازع کے بعد نوجوان کا پے درپے چاقو کے وار سے قتل

۲۸؍ اگست کو حسب معمول جب وہ ۱۱؍ بجے گھر واپس آیا تو اس کی پہلی بیوی سحرین (۲۴) گھر میں سو رہی تھی اور رخسانہ (۲۶) غائب تھی۔ اس نے اسے آس پاس تلاش کیا اور پھر اپنی خالہ کے گھر دہلی میں بھی تلاش کیا لیکن وہ نہیں ملی۔ اس کی پہلی بیوی نے بھی رخسانہ کو تلاش کرنے کیلئے رشتہ داروں کو فون کرکے معلومات حاصل کی تھی۔ بہر حال ۲؍ روز تلاش کے بعد بھی جب رخسانہ کا پتہ نہیں چلا تو اس نے پولیس میں گمشدگی کی شکایت درج کروائی۔ اس کے بعد اسے اس کے چھوٹے سالے نے فون کرکے دعویٰ کیا کہ اس نے اپنے والد کے ساتھ مل کر رخسانہ کو اغواء اور قتل کردیا ہے۔ ثاقب نے معلومات حاصل کی تو پتہ چلا کہ اس کا سسر اور چھوٹا سالہ گھر سے غائب ہیں جس پر اس نے یہ بات پولیس کو بتادی۔

پولیس نے تکنیکی ذرائع اور مخبروں کی مدد سے ثاقب کے سسر سرتاج کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ سختی سے پوچھ تاچھ پر اس کے بتانے پر پولیس نے رخسانہ کی لاش کو ماہم کھاڑی سے متصل جھاڑیوں سے برآمد کرلیا۔ جس جگہ لاش برآمد ہوئی،  وہ حصہ ’باندرہ کرلا کمپلیکس(بی کے سی) ‘ پولیس اسٹیشن کی حدود میں آتا ہے۔

ثاقب کے ماموں نے اس نمائندے سے گفتگو کے دوران بتایا کہ یہ تینوں میاں بیوی رشتہ دار ہیں اور سحرین سے اجازت لینے کے بعد ہی اس نے دوسری شادی کی تھی لیکن اس کے والد کو یہ بات برداشت نہیں ہورہی تھی۔ ان کے مطابق ملزم نے پولیس کو بتایا ہے کہ انہوں نے ثاقب کے گھر میں ہی رخسانہ کا گلا گھونٹ دیا تھا اور کپڑوں اور چادر میں لپیٹ کر لاش لے جاکر پھینک دی تھی۔ تاہم قتل کی اطلاع ان کی بیٹی کو کیسے نہیں ہوئی اور بیٹے کا کیا کردار تھا، ان سوالوں کے جواب نہیں ملے ہیں۔ خبر لکھے جانے تک سحرین کی لاش پوسٹ مارٹم کیلئے لے جائی گئی تھی اور گھر والوں کے حوالے نہیں کی گئی تھی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK