Inquilab Logo Happiest Places to Work

۱۶؍ سال بعد مئی میں مانسون کی ممبئی آمد کا امکان

Updated: May 25, 2025, 9:53 AM IST | Shahab Ansari | Mumbai

عام طور پر ۱۱؍ جون تک برسات شروع ہوتی ہے لیکن فی الوقت بارش مہاراشٹر کے قریب پہنچ چکی ہے: محکمہ موسمیات

Photo: INN.
تصویر: آئی این این۔

عام طور پر ہر سال ممبئی میں تقریباً جون کے درمیان میں بارش شروع ہوتی ہے لیکن فی الحال جس رفتار سے مانسون مہاراشٹر کی طرف بڑھ رہا ہے اسے دیکھتے ہوئے محکمہ موسمیات نے امسال ممبئی میں مئی مہینے میں برسات کا موسم شروع ہونے کا امکان ظاہر کیا ہے۔ البتہ اس سال مئی میں جیسا موسم رہا اور جتنی بارش ہوئی وہ ماضی کی کئی دہائیوں میں نہیں دیکھی گئی۔ 
محکمہ موسمیات کے مطابق جنوبی ہند کے ساحلی علاقوں میں مانسون پہنچ چکا ہے اور بارش کیلئے موسم سازگار ہونے کی وجہ سے آئندہ ۲؍ سے ۳؍ روز میں یہ مہاراشٹر میں داخل ہوجائے گا جس سے امید ہے کہ اس سال مئی میں ہی ملک کی تجارتی راجدھانی میں بارش کا موسم شروع ہوجائے گا۔ ممبئی، تھانے اور اطراف کے علاقوں میں اب تک جو بارش ہورہی ہے وہ بے موسم برسات اور بارش کا موسم شروع ہونے سے پہلے ہونے والی بارش ہے۔ 
واضح رہے کہ جنوبی ہند کی طرف مانسون پہلے کیرالا پہنچتا ہے اور پھر اس کے ۲؍ سے ۳؍ روز کے بعد مہاراشٹر اور گوا میں داخل ہوتا ہے۔ اس لئے مانسون کے کیرالا پہنچنے کو مہاراشٹر اور ممبئی میں  آمد کی علامت سمجھا جاتا ہے۔ ہر سال یہ عمل جون میں ہوتا ہے لیکن اس سال ۲۴؍ مئی، سنیچر کے روز مانسون کیرالا میں داخل ہوگیا۔ 
ممبئی میں محکمہ موسمیات کی سربراہ ڈاکٹر شبھانگی بھوٹے نے صحافیوں کو بتایا کہ معینہ مدت سے تقریباً ایک ہفتہ قبل مانسون کیرالا پہنچ چکا ہے اور مہاراشٹر میں بارش کیلئے موسم بہت ساز گار ہے اس لئے جلد ہی ریاست میں بارش شروع ہونے کی امید ہے۔ ان کے مطابق برسات کیلئے موسم ساز گار ہونا اس سال موسم باراں کی جلد آمد کی وجہ بنا ہے۔ 
موجودہ صورتحال میں رتنا گری اور سندھودرگ میں شدید بارش کا امکان ہے اور ستارا اور کولہار پور کے گھاٹ کے علاقوں میں بھی بارش شدت سے ہونے کی امید ہے تاہم اس کے مقابلے ممبئی میں برسات کی شدت کم رہے گی۔ تاہم ماہرین موسم کی تبدیلیوں پر نگاہ رکھے ہوئے ہیں۔ 
واضح رہے کہ اس سال ایک تاریخی بات یہ بھی ہوئی یہ مئی میں ممبئی و مضافات میں اب تک ۱۰۰؍ ملی میٹر سے زیادہ بارش ہوچکی ہے اور مہینہ ختم ہونے میں مزید ایک ہفتہ باقی ہے۔ 
بی ایم سی کے محکمہ آب رسانی کے ریکارڈ کے مطابق سنیچر کو صبح ۶؍ بجے تک گزشتہ ۲۴؍ گھنٹوں کے دوران ممبئی کو پانی سپلائی کرنے والی جھیلوں پر بارش ریکارڈ نہیں کی گئی ہے۔ البتہ حیرت انگیز طور پر گزشتہ برس اسی تاریخ کو تانسا جھیل پر ۶؍ ایم ایم، مڈل ویترنا پر ۵؍ ایم ایم اور بھاتسا جھیل پر ۳؍ ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی تھی۔ اس دوران ان تمام جھیلوں میں گزشتہ برس کے مقابلے زیادہ پانی ذخیرہ ہے لیکن ۲۰۲۳ء کے مقابلے اس سال پانی کی سطح جھیلوں میں کم ہے۔ محکمہ موسمیات نے ۲۷؍ مئی تک ممبئی، تھانے اور اطراف کے علاقوں کیلئے یلو الرٹ کو قائم رکھا ہے لیکن ۲۸؍ مئی کو ممبئی میں بارش کی شدت میں مزید کمی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK