رمضان ا لمبارک میں ممبرا کوسہ میں شہریوں کو پریشانی سے بچانے کیلئے میونسپل افسران اور ٹریفک پولیس کے ساتھ میٹنگ کی
EPAPER
Updated: February 11, 2026, 11:00 AM IST | Inquilab News Network | Mumbra
رمضان ا لمبارک میں ممبرا کوسہ میں شہریوں کو پریشانی سے بچانے کیلئے میونسپل افسران اور ٹریفک پولیس کے ساتھ میٹنگ کی
عنقریب رمضان المبارک شروع ہونے والا ہے جس کے پیش نظر ممبرا کوسہ میں ٹریفک جام کے مسئلے کو حل کرنے کیلئے این سی پی(شرد پوار) نے ٹریفک پولیس کو ۱۰۰؍ رضاکار، غیرقانونی طور پر اور بے ترتیبی سے کھڑی کی گئی گاڑیوں کے خلاف کارروائی کرنے کیلئے ۵۰؍ جیمرز اور ۱۵؍ بیریکیڈس دینے کا اعلان پارٹی کے ممبرا کلوا اسمبلی حلقہ کے صدر شمیم خان نے کیا ہے۔
شمیم خان کے بقول ممبرا کوسہ میں بے ترتیبی سےگاڑیاں کھڑی کرنے اور سڑک پر ہاکرس کے حد سے زیادہ جگہ تک اسٹال لگانے سے ٹریفک کا مسئلہ ہوتا ہے لیکن محکمہ ٹریفک کے پاس اسٹاف کی قلت کے سبب مرضیہ شانو پٹھان( ایم ایس پی ) کیئر فاؤنڈیشن کی جانب سے ۱۰۰؍ رضاکار اورمیری طرف سے ۵۰؍ جیمر اور ۱۵؍ بیریکیڈس دیئے جارہے ہیں تاکہ ممبرا کوسہ کے شہریوں کو ٹریفک سے راحت دلائی جاسکے ۔
یاد رہے کہ رمضان المبارک کے پیش نظر رکن اسمبلی ڈاکٹر جتیندر اوہاڑ کی رہنمائی میں جمعہ کو ممبرا وارڈ کمیٹی کے دفتر میں این سی پی (شردپوار) کے عوامی نمائندوں نے ممبرا میں ٹریفک اور ہاکرس کے حوالے سے ایک اہم میٹنگ منعقد کی تھی جس میں ممبرا کے اسسٹنٹ میونسپل کمشنر وجے کاولے، دیوا وارڈ کمیٹی کے اسسٹنٹ میونسپل کمشنر شیو پرساد ناگربھوجے، ممبرا ٹریفک پولیس کے سینئر انسپکٹر اتل اہیر اور ٹریفک کی اسسٹنٹ پولیس کمشنر انجلی بھویئر نیز دیگر افسران موجود تھے۔اس میٹنگ میں رکن اسمبلی جتیندر اوہاڑ بھی شامل ہونے والے تھے لیکن کسی وجہ سے شرکت نہیں کر سکے۔ میٹنگ میں این سی پی تھانے میونسپل کارپوریشن کے گروپ لیڈر اور کارپوریٹر اشرف شانو پٹھان، سینئر کارپوریٹر یاسین قریشی،کارپوریٹر شاکر شیخ، نو منتخب کارپوریٹر منیشا بھگت، مرضیہ شانو پٹھان، ثاقب داتے، موتی رام بھگت، عمران سرمے، جاوید میڈیکل، سفیان خان ، این سی پی خواتین سیل کی صدرنور احمدی خان اور دیگر افرادموجود تھے۔ یہ میٹنگ ایک گھنٹے تک جاری رہی ۔میٹنگ میں این سی پی (شردپوار) ممبرا کلوااسمبلی حلقہ کے صدر شمیم خان اور کارپوریٹر اشرف شانو پٹھان اور دیگر کارپوریٹروں نے رمضان کے دوران ٹریفک کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔ اس میٹنگ کے بعد این سی پی کی ٹیم نے ٹریفک افسران کے ساتھ ممبرا کے اہم ٹریفک پوائنٹس کا دورہ بھی کیا۔
میٹنگ میں شمیم خان نے ٹریفک افسران کی توجہ مبذول کراتے ہوئے کہا کہ ’’رمضان کے دوران ہمیں متل گراؤنڈ چیک پوسٹ پر ٹریفک کانسٹیبلوں اور وارڈنز کی ضرورت ہوگی، اس کے علاوہ لَو کوسہ جنکشن ، شملہ پارک ناکہ، غوثیہ مسجد اور شملہ پارک روڈ پر نور باغ ہال، تنور نگر ناکہ ، درگا ہ روڈ ناکہ ، قسمت کالونی، متل روڈ کا ناکہ،وائی جنکشن،کھرڈی روڈ اور شبلی نگرمیں کانسٹبل تعینات کرنے ہوں گے ۔ ‘‘اس موقع پر شمیم خان نے کہا کہ اس میٹنگ کے مثبت نتائج عوام کو جلد نظر آئیں گے۔ ہماری کوشش ہے کہ شہریوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے تاکہ انہیں ٹریفک وغیرہ کی وجہ سے خاص طور پر رمضان میں کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
یہ بھی پڑھئے:ہند- پاک میچ کا مداحوں اور کھلاڑیوں نے خیر مقدم کیا
اس دوران اشرف شانوپٹھان نے بتایا کہ درگاہ گیٹ قسمت کالونی جیسے داخلی راستوں پر چوکی کے دونوں اطراف غیر قانونی دکانیں اور اسٹال ہیں جس کی وجہ سے فائر بریگیڈ، ایمبولنس یا عام گاڑیاں داخل نہیں ہو پاتی ہیں۔ ہمیں اس بات کو یقینی بنانا ہوگا کہ ہر چوکی اور ہر سگنل کو مکمل طور پر صاف کیا جائے جبکہ امپیکٹ کمیٹی کے عہدیداروں نے بتایا کہ ہماری کارروائی جاری ہے، اب تک ہم وہاں موجود۴۰؍ غیر قانونی اسٹال ہٹا چکے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے:ایپسٹین فائلز مغربی اشرافیہ کی خالص شیطنت کو ظاہر کرتی ہیں: روسی وزیر خارجہ
میٹنگ میں ممبرا ٹریفک کے سینئر انسپکٹر اتول آہیر اور اسسٹنٹ پولیس کمشنر نے کہا کہ یہاں جو بھی مطالبات کئےگئے ہیں، ان کے پیش نظر ہم رمضان کے دوران ان جگہوں پر اپنے کانسٹیبل اور وارڈنز کو تعینات کریں گے اور اعلیٰ حکام سے درخواست کریں گے کہ ممبرا میں رمضان المبارک کیلئے ٹریفک کانسٹیبلوں کی تعداد میں اضافہ کیا جائے۔ ممبراوارڈ کمیٹی کے اسسٹنٹ کمشنر وجے کاولے نے سب کی بات سننے کے بعد کہا کہ ہماری کارروائی جاری ہے۔ دو تین دنوں میں ہم نے ۴۰؍ سے زیادہ ہاتھ گاڑیاں توڑی ہیں لیکن ہم چاہیں گے کہ کچھ مقامی لوگ اور سماجی کارکن بھی آگے آئیں اور باہر بیٹھے ہوئے ہاکرس کو سمجھائیں کیونکہ جب ہم ایکشن لینے جاتے ہیں تو لوگ کہتے ہیں کہ یہ غریب لوگ ہیں، ایسا ہی ہے اور ہمیں بہت سے شہریوں کے غصے کا سامنابھی کرنا پڑتا ہے۔