Inquilab Logo

ممبرا:پانچویں اور چھٹی ریلوے لائن کاکام فروری تک مکمل ہونے کی امید

Updated: January 03, 2022, 11:04 AM IST | Mumbra

رکن پارلیمان نے میگا بلاک کے دوران کام کا جائزہ لینے کے بعد کہا کہ دونوں لائن کے شروع ہوجانے سےمسافروں کو راحت ملے گی

Mumber of Parliament Shri Kant Shinde arrived to review the work.Picture:INN
رکن پارلیمنٹ شری کانت شندے کام کا جائزہ لینے پہنچے تھے۔ تصویر: آئی این این

 کلیان لوک سبھا حلقہ کے رکن پارلیمان  ڈاکٹر شری کانت شندے نے اتوار کو میگا بلاک کے دوران ممبرا اور ریتی بندر کے درمیان جاری پانچویں اور چھٹی ریلوے لائن کے کام کا جائزہ  لیا ۔ اس دوران شندے نے یقین دہانی کرائی کہ ممبرا سے گزرنے والی اور  پچھلے کئی برسوں سے زیر بحث پانچویں اورچھٹی  لائن کا کام آخری مرحلے میں ہے۔فروری کے دوسرے ہفتہ تک مکمل کر لیاجائے گاجس کے بعد یہاں سے فاسٹ ٹرین کی آمد ورفت شروع ہو جائے گی۔ انہوں  نے یہ بھی کہا کہ ریلوے کو اس کام کی تکمیل کیلئے مزید ۳؍ میگا بلاک درکا ر ہوں گے ۔ واضح رہے کہ سینٹرل ریلوے کی جانب سے تھانے سے دیوا ریلوے اسٹیشن کے درمیان پانچویں اور چھٹی ریلوے لائن کا کام کیا جارہا ہے۔ اسی کام کیلئے اتوار ۲؍ جنوری ۲۰۲۲ء کو  تھانے تا دیوا ۲۴؍ گھنٹے کے بلاک رکھا گیا تھا۔رکن پارلیمان  نےاس بلاک کے دوران متعلقہ افسران کے ساتھ ریتی بندر میں  سرنگ سے جوڑ کر بنائے گئے ریلوے کے نئے بریج کا  بھی جائزہ لیا ۔ اس موقع پر میڈیا سے بات  چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پانچویں اور چھٹی  لائن کو آئندہ ماہ فروری کے دوسرے ہفتے تک استعمال کیا جائے گا۔ اسی کام کے لئے اگلے ہفتے ایک اور میگا بلاک رکھا جائے گا۔ اس کے علاوہ،۶؍ فروری تک کل ۳؍ میگا بلاک رکھے جائیں گے۔   شندے نے کہاکہ  پانچویں اور چھٹی لائن مکمل ہو جانے سے ریلوے کے پاس فاسٹ لوکل ٹرین اور ایکسپریس کیلئے الگ الگ پٹریاں دستیاب ہوں گی ۔ اس لئے ایکسپریس ٹرینوں کو  ریلوے اسٹیشن پر کراسنگ کا سوال ہی پیدا نہیں ہوگا۔ فاسٹ ٹریک سے ایکسپریس ٹرینوں کے منتقل ہو جانے کی وجہ سے لوکل ٹرینوں کی سرویسز میں بھی اضافہ ہو سکے گا۔اس لئے نیا سال ٹرین سے مسافروں کو خوشگوار تبدیلی لائے گا۔ واضح رہے کہ پانچویں اور چھٹی لائن کیلئے سنیچر اور اتوار کی درمیانی شب ۲؍ بجے سے اتوار اور پیر کی درمیانی شب ۲؍ بجے تک ممبرا ، کلوا ، دیوا سے ممبئی اور کلیان کی جانب جانے والی دھیمی لوکل ٹرین سروسیز منسوخ رکھی گئی تھیں۔ ممبئی کی جانب سفر کرنے والے مسافروں کیلئے تھانے میونسپل ٹرانسپورٹ کی جانب سےممبرا سے تھانے ریلوے اسٹیشن تک خصوصی بس سروسیز کا انتظام کیا گیا تھا۔ بلا ک کے دوران ممبرا ریلوے اسٹیشن سنسان پڑا تھا البتہ نئے ٹریک پر انجن گزارا جارہا تھا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK