Inquilab Logo

بایومیٹرک مشینیں خراب ہونے سے میونسپل اسکولوں کا عملہ پریشان

Updated: December 15, 2022, 10:55 AM IST | saadat khan | Mumbai

لاک ڈائون میں ان کا استعمال نہ ہونے سے بیشتر مشینیں بے کارہوگئی ہیںجس سے اساتذہ رجسٹرمیں حاضری لگارہےہیں ۔یہ افواہ گشت کررہی ہے کہ محکمۂ تعلیم یہ اٹینڈنس قبول نہیں کرےگا

Municipal employees using biometric attendance.
میونسپل ملازمین بایومیٹرک حاضری لگاتے ہوئے۔

لاک ڈائون کی وجہ سے اسکولوںمیں نصب بایومیٹرک مشینوں کا ۲؍سال تک استعمال نہ ہونے سے بیشتر مشینیں خراب ہوگئی ہیں۔ ان میں سےزیادہ تر مشینوںکو مرمت کیلئے بھیجاگیاہےلیکن کئی مہینے گزر جانےکے باوجود مشینیں نہیں آئی ہیں  جس سے اساتذہ  رجسٹر میں حاضری  لگارہےہیں مگر ایسی افواہ گشت کررہی ہے کہ محکمۂ تعلیم اس حاضری کو قبول نہیں کرےگا  جس سے اساتذہ میں بے چینی پائی جارہی ہے۔
 اس ضمن  میں بی ایم سی کے ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ نے ۱۲؍دسمبر کوتمام ڈپٹی ایجوکیشن افسران اور ایڈمنسٹریٹیوآفیسرس کے نام  سرکیولر جاری کیاہے جس میں اپنے اپنے حلقے کے اسکولوںاور علاقائی دفاتر میں نصب کی گئی بایومیٹرک مشینیں خراب ہونےاور ان کی مرمت کرانے کے بارے میں ہدایت دی گئی ہے ساتھ ہی یہ اطلاع بھی دی ہےکہ اسکولی عملے کی بایومیٹرک حاضری نہ لگانےسےمتعلق محکمہ انسانی وسائل کو شکایتیںموصول ہورہی ہیںجبکہ ایسا نہیں ہونا چاہئے لہٰذا اس جانب اسکول ہیڈماسٹرس،  ایڈمنسٹریٹیو آفیسرس اور ڈپٹی ایجوکیشن افسران فوری توجہ دیں ۔ بایومیٹرک اٹینڈنس نہ ہونے پر اس کی ذمہ داری اسکولی عملے،علاقائی آفیسر اوردفتر پر عائدکی جائےگی۔ اس کے علاوہ تمام ڈپٹی ایجوکیشن افسران کو ہدایت دی گئی ہےکہ ۱۴؍دسمبر تک تمام اسکولوں میں نصب بایومیٹرک مشینوں کی تفصیلات فراہم کی جائےکہ ان میں کتنی مشینیں خراب اورکتنی مشینیں کام کررہی ہیں۔ 
 بائیکلہ کے اُردو میڈیم میونسپل اسکول کے سینئر معلم نے بتایاکہ ’’ہمارے اسکول میں ۴۰؍ افراد پر مشتمل عملہ ہے جن میں سے ۳۰؍افراد صبح کےسیشن میں ڈیوٹی پر آتےہیں اور ۱۰؍افراد دوپہر کے سیشن میں۔ بایومیٹرک مشین  خراب ہونےسے مشین انتہائی سست رفتاری سے کام کررہی تھی جس کی وجہ سے صبح کے سیشن میں حاضری درج کروانے میں بہت دقت ہورہی تھی۔ اس کی شکایت ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ میں کی گئی تھی مگر مشین خراب ہونےسے متعدد افراد بایومیٹرک پر حاضری نہیں لگاپارہے تھے۔ حالانکہ مشین کومرمت کیلئے بھیجاگیا ہے اورتقریباً ۲؍مہینےگزر جانے کےباوجود وہ مرمت ہوکر نہیں آئی  تھی جس سے اسکولی عملہ مینوئل اٹینڈنس لگارہاتھے ، اسی دوران اسکولوں کےمختلف گروپ میں وائرل ہونے والے پیغام سے اساتذہ میں بے چینی پائی جارہی ہے کیونکہ اس میں یہ اطلاع دی گئی ہے کہ ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ مینوئل اٹنڈنس قبول نہیں کرےگا۔ محکمے نے ابھی اس معاملہ کی وضاحت نہیں کی ہے مگر اساتذہ میں بے چینی ہے کہ اگر ان کے مینوئل اٹینڈنس کو نہیں مانا گیاتو ان کی تنخواہ کٹ سکتی ہے۔ ‘‘انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ’’ ہمارے اسکول کی مشین بدھ کو ہی بن کر آئی ہے۔ اُمید ہےکہ جمعرات سے بایومیٹرک حاضری لگائی جائے۔ ‘‘
 ناگپاڑہ کے ایک میونسپل اسکول کے ٹیچر نے بتایاکہ ’’ ہمارے اسکول کی بھی بایومیٹرک مشین خراب ہے جس کی وجہ سے ہم لوگ رجسٹر پر حاضری لگانےکےعلاوہ سرل پورٹل  پر اپنی حاضری درج کررہےہیں جہاں اس کی سہولت دی گئی ہے۔ یہ بھی ہمارے لئے ایک اضافی کام ہے۔ دراصل لاک ڈائون کی وجہ سے ۲؍سال تک ان مشینوںکا استعمال نہیں ہوسکاتھا جس کی وجہ سے بیشتر مشینیں خراب ہوگئی ہیں۔ان مشینوںکی کوالیٹی ناقص ہونے سے یہ پریشانی ہورہی ہے۔ بدھ کو ہی ہم نے اس تعلق سے علاقائی ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ کو لیٹر روانہ کیاہےجس میں بایومیٹرک مشین مہیا کرنے کی درخواست کی گئی ہے تاکہ اس کے ذریعے حاضری درج کرائی جاسکے۔ ان دنوں یہ افواہ بھی گشت کررہی ہےکہ بایومیٹرک حاضری نہ لگانے کی صورت میں تنخواہ کاٹ لی جائے گی جس سے ٹیچروںمیں بے چینی ہے۔‘‘
  مہانگر پالیکا شکشک سبھا کے جوائنٹ سیکریٹری عابد شیخ نےاس بارے میں کہاکہ ’’ بی ایم سی نےجولائی ۲۰۲۲ءمیں ایک سرکیولر جاری کیا تھاجس میں یہ ہدایت دی گئی تھی کہ یہاں سے بایومیٹرک حاضری شروع کی جائے اور مینوئل اٹینڈنس کا سلسلہ بند کیا جائے۔اس وقت بھی ہم نے جوائنٹ میونسپل کمشنر ملندساونت کو ایک مکتوب دیاتھا جس میں یہ اپیل کی گئی تھی کہ بایومیٹرک حاضری شروع کرنے سےقبل اس کیلئے درکار تمام سہولیات دستیاب کرائی جائےلیکن لاک ڈاؤن کی پابندیاں ختم ہونے کے بعد جومشینیں خراب پائی گئی ہیں، انہیں ابھی تک درست نہیں کیا گیا ہے۔متعدد اسکولوںمیں انٹرنیٹ کی سہولت نہیں ہے۔ان اسکولوںمیں اساتذہ موبائل فون کے ہاٹ اسپاٹ سے بایومیٹرک مشینیں چلاتے ہیں۔ اگر بایومیٹرک حاضری کوکامیابی سے جاری رکھناہے تو اس کیلئے ضروری ہےکہ معیاری بایومیٹرک مشینیں اور ہائی اسپیڈ انٹرنیٹ کی سہولت اسکولوں میں مہیاکرائی جائے۔مشین  خراب یا سست رفتار ہونےسے حاضری لگانےمیں بڑی دشواری ہوتی ہے لہٰذا محکمۂ تعلیم سے اپیل ہےکہ پہلے بایومیٹرک حاضری کیلئے بہترین سہولیات فراہم کی جائے ، بعدازیں اسے لازمی کیا جائے۔‘‘  

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK