Inquilab Logo Happiest Places to Work

مانسون کے جلدآنے کی امید، نالوں کی صفائی اور سڑکوں کا کام ہنوز باقی

Updated: May 02, 2025, 11:29 PM IST | Mumbai

ماہرین نےمعمول سے ۱۵؍ دن قبل مانسون کی آمدکی پیش گوئی کی ،محکمہ موسمیات نے اس کی تردید کی۔بی ایم سی کو نالوں کی صفائی اور سڑکوں کی تعمیر وقت پر ہونے کی امید

Drain cleaning has not been completed in many areas of the city.
شہرکے کئی علاقوں میں نالوں کی صفائی مکمل نہیں ہوئی ہے

 شدید گرمی کے دوران موسمیات کے ماہرین نے پیش گوئی کی ہے کہ امسال مانسون کی آمد معمول سے تقریباً ۱۵؍ دن پہلےہو سکتی ہے۔ اگر یہ پیش گوئی درست ثابت ہوتی ہے تو ممبئی میں بھی مانسون کےمعمول سے قبل یعنی ۲۳؍ تا ۲۵؍ مئی آنےکی امیدظاہر کی جارہی ہے۔ ایسا ہونے پر ممبئی کے شہریوں کو شدید دشواریوں کاسامنا کرنا پڑ سکتاہےکیونکہ شہر کے کئی علاقوں میںسڑکیں کھدی ہوئی ہیں اور نالوں کی صفائی کاکام بھی پورا نہیں ہوسکاہے۔ اس صورتحال میں اگر بارش کا سلسلہ شروع ہوجاتا ہے اور موسلادھار بارش ہوتی ہے تو  سیلابی صورتحال بھی پیدا ہو سکتی ہے ۔
  ماہرین موسمیات کے مطابق انڈمان اور نکوبار جزائر کے قریب سمندر کی سطح پر بادلوں کی نقل و حرکت اور ہوا کی رفتار میںنمایاں تبدیلیاں دیکھی جا رہی ہیں۔ یہ باتیںطے شدہ وقت سے پہلےمانسون کی آمد کا اشارہ دے رہی ہے۔عام طور پر اس علاقے میں ما نسون کی آمدمئی کے دوسرے یا تیسرے ہفتے میں ہوتی ہے۔تاہم اندازہ ہےکہ اس سال یہ ایک ہفتہ قبل پہنچ جائے گا۔ہندوستان میں جنوب مغربی مانسون کی پیش گوئی ا س بنیاد پرکی جاتی ہے کہ نکوبار جزائر میں مانسون کی آمدکب ہوتی ہیں۔ اس لیے یہاں کی تبدیلیاں پورے ملک کی توجہ مبذول کراتی ہیں۔  واضح رہے کہ ان علاقوں میں ملک میں سب سے پہلےبارش ہوتی ہے۔عام طور پران علاقوںمیں مانسون ۲۵؍ تا ۳۰؍ مئی پہنچتاہےلیکن امسال اس کے ۱۵؍ مئی تک پہنچنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ ۱۷؍ سال قبل یعنی ۲۰۰۷ء اور ۲۰۰۸ء میں ۱۰؍  مئی کو نکوبار جزائر میں مانسون کی آمد ہوئی تھی۔
  اس ضمن میں ممبئی کے محکمہ موسمیات سے رابطہ کرنے پر سائنسداں سشما نائر نے بتایا کہ ’’یہ پیش گوئی ہمارے محکمہ کی جانب سے جاری نہیں کی گئی ہے اور ہم اتنی جلدی پیشگوئی جاری نہیں کرتے ہیں۔‘‘
’نالوں کی صفائی اورسڑکوں کی تعمیر جلد مکمل ہوگی‘
 اس تعلق سےبرہن ممبئی میونسپل کارپوریشن ( بی ایم سی) کے ایک سینئر افسر سے رابطہ کرنے پر اور ان سے یہ استفسار کرنے پر کہ ممبئی میں جاری نالوں اور میٹھی ندی کی صفائی کو ۳۰؍ مئی تک مکمل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے اوراس کے علاوہ شہر اور مضافات کے مختلف علاقوںمیں جاری سیمنٹ کنکریٹ کی سڑکوں کی تعمیر کا کام بھی ۳۱؍ مئی تک مکمل کرنے کی ہدایت دی ہے ، اگر ماہرین موسمیات کے اندازوںکے مطابق اگر مانسون کی آمد ۲۵؍ مئی تک ہو جاتی تو اس کی کیا تیاری ہے؟ افسر نےکہا کہ’’ پہلے بات تو یہ ہے کہ ممبئی میں ۸؍ تا ۱۰؍ جون سے قبل مانسون کی آمد نہیں ہوتی ۔ جس پیش گوئی کی آپ بات کر رہے ہیں وہ محکمہ موسمیات نےنہیںکی ہے۔ اس پیش گوئی کو بھی سچ مان لیاجائےکہ ۲۵؍ تا ۲۸؍ مئی کو بارش کا سلسلہ شروع ہوجائے گاتب بھی یہ تاریخ نالوں کی صفائی اورسڑکوں کی تعمیر سے زیادہ پہلے کی نہیں ہےبلکہ اس میں بھی ایک یا ۲؍دن کافرق ہے۔‘‘
  انہوںنے مزید کہا کہ’’ کنکریٹ کے روڈ کی تعمیرکو مکمل کرنے کی آخری تاریخ ۳۱؍ مئی دی گئی ہے اس کا یہ مطلب نہیں ہے کہ سبھی کام اسی تاریخ تک جاری رہیں گے بلکہ کئی کام اس حتمی تاریخ سے قبل بھی مکمل کرلئےجائیںگے۔اب بھی شہر، مشرقی مضافات اور مغربی مضافات میںکئی سڑکوں کاکام مکمل کر لیا گیاہے اور جو باقی ہے وہ بھی جنگی پیمانےپر جاری ہے اورامید ہے کہ جلد ہی مکمل کرلیا جائےگا۔‘‘ نالوں کی صفائی کے تعلق سےافسر نے کہاکہ ’’ نالوں کی صفائی بھی تیزی سے جاری ہے اور اب تک مجموعی طور پر ۳۳؍ فیصد کام مکمل ہو چکاہے۔بقیہ کام بھی جلد مکمل کر لیا جائے گاتاکہ شہریوںکومانسون میں سیلابی صورحال کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔‘‘
جمعہ کو زیادہ سے زیادہ درجہ ٔ حرارت
 ممبئی کے محکمہ موسمیا ت کے مطابق جمعہ کو ممبئی میں زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت ۳۴؍ ڈگری سیلسیئس درج کیاگیا۔ یہ معمول کے درجہ ٔ حرارت  سے تقریباً ایک ڈگری زیادہ بتایاگیا ہے۔البتہ قلابہ اور سانتاکروز کا کم از کم درجہ ٔ حرات بالترتیب ۲۶ء۶؍ ڈگری اور ۲۴ء۹؍ ڈگری درج کیاگیا جو تقریباً ایک ڈگری کم ہے۔ اس دوران واکولہ میں درجۂ حرارت ۴۴ء۹؍ ڈگری اور ۲۸ء۲؍ ڈگری درج کیا گیا ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK