ای ۲۰؍ پیٹرول کے خلاف پہلے سے اعلان کردہ احتجاج کے پیش نظر علاقے میں تعینات پولیس اہلکاروں نے مظاہرین کو حراست میں لےلیا۔
EPAPER
Updated: July 15, 2026, 10:48 AM IST | Ali Imran | Nagpur
ای ۲۰؍ پیٹرول کے خلاف پہلے سے اعلان کردہ احتجاج کے پیش نظر علاقے میں تعینات پولیس اہلکاروں نے مظاہرین کو حراست میں لےلیا۔
۲۰؍فیصد ایتھنال پر پورے ملک میں ہنگامہ جاری ہے۔ سوشل میڈیا پر جہاں حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے وہیں اپوزیشن پارٹیاں بھی مرکزی وزیر نتن گڈکری اور مودی حکومت پر لگاتار حملے کر رہی ہیں۔ اس سلسلے میں منگل کو عام آدمی پارٹی نے ناگپور میں ایتھنال آمیزپیٹرول کے خلاف احتجاج کیا۔ محل میں چھترپتی شیواجی مہاراج کے مجسمے کے قریب احتجاج کرنے کے بعد مظاہرین نے نتن گڈکری کی رہائش گاہ تک مارچ کرنے کی کوشش کی، لیکن پولیس نے انہیں درمیان میں روک کر حراست میں لے لیا۔ اطلاع کے مطابق عام آدمی پارٹی نے منگل کو ناگپور کے محل علاقے میں پیٹرول میں ایتھنال ملانے کی پالیسی کے خلاف احتجاج کا اعلان کیا تھا۔ اس اعلان کے بعد مظاہرین مرکزی وزیر نتن گڈکری کی رہائش گاہ سے تقریباً ۱۵۰؍میٹر کے فاصلے پر واقع چھترپتی شیواجی مہاراج کے مجسمے کے قریب جمع ہوئے۔ پہلے سے اعلان کردہ احتجاج کے پیش نظر علاقے میں پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی تھی۔ اس دوران مرکزی حکومت کی ایتھنال پالیسی کے خلاف نعرے لگائے گئے۔ عام آدمی پارٹی کے ریاستی آرگنائزر بھوشن دھاکولکر نے کہا کہ ان کا احتجاج کسی ایک فرد کے خلاف نہیں، بلکہ پیٹرول میں ایتھنال کو لازماً ملانے کے خلاف تھا۔ احتجاج کے باعث محل علاقے میں ٹریفک کچھ دیر کیلئے متاثر رہا۔ احتجاج کے باعث لوگوں کو آنے جانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ احتجاج کے بعد مظاہرین نے گڈکری کی رہائش گاہ تک مارچ کرنے کی بھی کوشش کی لیکن پولیس نے انہیں درمیان میں ہی روک کر حراست میں لے لیا ۔ تاہم ضروری کارروائی کے بعد کچھ گھنٹے حراست میں رکھنے کے بعد انہیں رہا کردیا گیا۔