ناگپور کے معروف شیف وشنو منوہر نے ورلڈ پوہا ڈے کے موقع پر ۳؍ ہزارکلوگرام تڑی پوہا تیار کرکے عالمی ریکارڈ قائم کر دیا۔ اس منفرد اقدام کا مقصد ناگپور کی مشہور ڈش کو عالمی سطح پر متعارف کروانا اور شہر کی ثقافتی شناخت کو فروغ دینا ہے۔
EPAPER
Updated: June 08, 2026, 4:01 PM IST | Nagpur
ناگپور کے معروف شیف وشنو منوہر نے ورلڈ پوہا ڈے کے موقع پر ۳؍ ہزارکلوگرام تڑی پوہا تیار کرکے عالمی ریکارڈ قائم کر دیا۔ اس منفرد اقدام کا مقصد ناگپور کی مشہور ڈش کو عالمی سطح پر متعارف کروانا اور شہر کی ثقافتی شناخت کو فروغ دینا ہے۔
معروف شیف وشنو منوہر نے اتوار کو ایک اور اعزاز اپنے نام کر لیا جب انہوں نے ناگپور کے مشہور ناشتے ’تری پوہا‘ (Tarri Poha) کے۳؍ ہزارکلوگرام تیار کرکے عالمی ریکارڈ قائم کیا۔ اس موقع پر سیکڑوں شہری صبح سویرے ہی ان کے بجاج نگر میں واقع ریسٹورنٹ پر جمع ہوئے تاکہ اس خصوصی پکوان سے لطف اندوز ہو سکیں۔ یہ ریکارڈ ساز تقریب ورلڈ پوہا ڈے کے موقع پر منعقد کی گئی تھی جس کا مقصد ناگپور کی اس منفرد ڈش کو عالمی سطح پر متعارف کروانا تھا۔ اس کامیابی کی تصدیق رینو جمدار (ورلڈ ریکارڈ کوآرڈینیٹر) نے سشمہ نارویکر، بانی اور چیف ایڈیٹر ورلڈ ریکارڈز بک آف انڈیا، کی موجودگی میں کی۔ وشنو منوہر نے یہ ریکارڈ اپنے آنجہانی والد، مصور دگمبر منوہر، کے نام معنون کیا، جن کی سالگرہ بھی اسی دن تھی۔ تقریب کے آغاز میں ان کے والد کی تصویر پر پھولوں کی نذر پیش کی گئی، جس کے بعد تری پوہا کی رسمی پیشکش اور عوام میں تقسیم کا سلسلہ شروع ہوا۔
ریکارڈ قائم کرنے کی تیاریاں صبحِ سویرے ہی شروع ہو گئی تھیں۔ ۳؍ ہزار کلوگرام تری پوہا تیار کرنے کیلئے دیگ ہیکل کڑاہیوں اور خصوصی طور پر تیار کئے گئے پکانے کے نظام کا استعمال کیا گیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وشنو منوہر نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد ناگپور کے تری پوہا کے ذائقے اور شناخت کو علاقائی اور قومی حدود سے باہر لے جا کر عالمی سطح پر متعارف کروانا ہے۔ انہوں نے کہا:’’ہماری کوشش ہے کہ تری پوہا، جو ناگپور کی ثقافتی اور غذائی شناخت کا ایک اہم حصہ ہے، دنیا بھر میں پہچان حاصل کرے۔ ہم اس فخرِ ناگپور کو عالمی سطح تک پہنچانے کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔ ‘‘
یہ بھی پڑھئے: تِروپور کی ملبوسات برآمدات میں ۹۱ء۴؍ کمی، ۹۰؍ فیصد برآمدات امریکہ کو
اس کی تیاری کیلئے چنے اور پیاز کے۱۹۰؍، ۱۹۰؍ کلوگرام، ادرک اور لہسن کے۵۰؍، ۵۰؍ کلوگرام، ۱۵۰؍ کلوگرام تیل اور تقریباً۶۰۰؍ لیٹر پانی استعمال کیا گیا۔ پوہا تیار کرنے کیلئے سیکڑوں کلوگرام چپٹے چاول (پوہا)، پیاز، ہری مرچیں اور دھنیا استعمال کیا گیا۔ اس کے علاوہ دیوہیکل چولہوں پر پکانے کیلئے تقریباً۶۰۰؍ کلوگرام لکڑی جلائی گئی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ناگپور کی میئر نیتا ٹھاکرے نے کہا کہ اس قسم کی سرگرمیاں شہر کی ثقافت کو فروغ دینے اور عوام میں یکجہتی پیدا کرنے میں مددگار ثابت ہوتی ہیں۔ انہوں نے اس موقع پر ناگپور میونسپل کارپوریشن (NMC) کی صفائی مہم کا بھی ذکر کیا اور شہریوں سے شہر کو صاف ستھرا رکھنے میں تعاون کی اپیل کی۔
اس موقع پر این ایم سی اسٹینڈنگ کمیٹی کی چیئرپرسن شیوانی دانی واخرے اور متعدد کارپوریٹرز بھی موجود تھے۔ تقریب کے اختتام پر وشنو منوہر نے اعلان کیا کہ اگلے سال گورنمنٹ میڈیکل کالج اینڈ ہاسپٹل میں زیرِ علاج مریضوں کے اہلِ خانہ کیلئے ۳؍ہزارکلوگرام حلوہ تیار کیا جائے گا۔