Updated: April 20, 2026, 4:09 PM IST
| Mumbai
شارک ٹینک انڈیا میں جج کے طور پر نظر آنے والی نمیتا تھاپر کا غصہ پھوٹ پڑا ہے۔ انہوں نے گزشتہ مہینے نماز کے صحت پر ہونے والے فوائد کے بارے میں بات کی تھی۔ اس ریل کے بعد نمیتا کو ٹرول کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ انہیں گالیاں دی جا رہی ہیں اور انہوں نے ٹرولرز کو سخت جواب دیا ہے۔
نمیتا تھاپر۔تصویر:آئی این این
شارک ٹینک انڈیا کی جج نمیتا تھاپر کو’’نماز کے ہیلتھ بینیفٹس‘‘ بتانا مہنگا پڑ گیا۔ پچھلے مہینے انہوں نے اپنے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کیا تھا ، جس میں دن میں پانچ بار نماز پڑھنے کے صحت پر اثرات کے فوائد بیان کیے تھے۔ ویڈیو کے بعد وہ سوشل میڈیا پر ٹرولنگ کا شکار ہو گئیں اور انہیں یہاں تک کہ ان کی والدہ کو بھی گالیاں دی گئیں۔ تقریباً ۲۵؍ دن بعد نمیتا نے اس معاملے پر خاموشی توڑی اور ٹرولرز کو کرارا جواب دیا۔
نمیتا کا بیان
نمیتا نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر پیر کی صبح ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ تین ہفتوں سے انہیں آن لائن گالیاں دی جا رہی ہیں۔ ویڈیو میں وہ کہتی ہیں ’’پچھلے تین ہفتوں سے لوگ مجھے مسلسل برا بھلا کہہ رہے ہیں۔ یہاں تک کہ میری پیاری ماں کو بھی گندے ناموں سے پکار رہے ہیں۔ کس لیے؟ صرف اس لیے کہ میں نے نماز کے صحت کے فوائد پر ریل بنائی؟ میں ایک ہیلتھ کیئر پروفیشنل ہوں۔ میں نے ہندو دھرم پر بھی بہت سی ریلز بنائی ہیں، ان کے صحت کے فوائد پر۔ یوگا ڈے پر، خاص طور پر سوریہ نمسکار پر بھی ویڈیوز بناتی ہوں، تب تو کسی نے کچھ نہیں کہا۔‘‘
یہ بھی پڑھئے:پنجاب کنگزلکھنؤ سپر جائنٹس کو شکست دے کر پوائنٹس ٹیبل میں سرفہرست
کیونکہ خدا دیکھ رہا ہے
نمیتا مزید کہتی ہیںکہ ’’مجھے سکھایا گیا ہے کہ مذہب میں ‘آر’ کا مطلب ریسپیکٹ (احترام) ہے۔ کیا اسی طرح احترام کیا جاتا ہے؟ خاص طور پر ایک عورت کا؟ جب ریزرویشن بل پاس نہیں ہوتا تو سب بولتے ہیں، لیکن جب دو خواتین کی اس طرح بے عزتی کی جاتی ہے تو سب خاموش کیوں ہو جاتے ہیں؟ میں کافی پہلے سے جانتی ہوں کہ آپ کے لیے کوئی نہیں بولے گا، آپ کو خود اپنے لیے بولنا پڑے گا۔ اس لیے ٹرولرز، جو کر رہے ہیں کرتے رہیں، لیکن یاد رکھیںمجھے اپنے ہندو ہونے پر فخر ہے، ایک تصور ہے، کرم تو کرتے رہیں، کیونکہ خدا سب دیکھ رہا ہے۔‘‘ انہوں نے ویڈیو میں یہ بھی کہا کہ منفی ریلز تو بہت وائرل ہو گئیں، اب اس والی کو بھی وائرل کر کے دکھائیں۔
یہ بھی پڑھئے:اکشے پہلے’’کھلاڑی کمار‘‘ پھر بنے کامیڈی کے کنگ
ریل میں کیا کہا تھا؟
جس ریل پر تنازع ہوا، اسے نمیتا نے ۲۵؍ مارچ کو انسٹاگرام پر شیئر کیا تھا۔ اس میں انہوں نے کہاکہ ’’اس ہفتے میں نے اپنے قریبی دوستوں کے ساتھ عید منائی۔ انہوں نے مجھ سے پوچھا کہ تم صحت کے بارے میں اتنا بتاتی ہو، کیا تم نماز کے ہیلتھ بینیفٹس جانتی ہو؟ اور یہ واقعی حیران کن ہیں۔‘‘اس کے بعد انہوں نے بتایا کہ نماز ایک مکمل جسمانی ورزش کی طرح ہے اور اس کے سماجی فوائد بھی گنوائے۔ تاہم، یہ باتیں کچھ لوگوں کو پسند نہیں آئیں اور انہوں نے نمیتا پر تنقید شروع کر دی۔