Inquilab Logo

ناندیڑ: حجاب کے ساتھ نیٹ امتحان دینے پہنچیں مسلم طالبات پر اعتراض سےبرہمی

Updated: September 13, 2021, 1:28 PM IST | Z A Khan | Nanded

یم جی ایم انجینئرنگ کالج انتظامیہ کا نامناسب طرز عمل ،حالانکہ نیشنل ٹیسٹ ایجنسی نے واضح ہدایت دی تھی کہ طالبات کو حجاب کے ساتھ امتحان میںشرکت کی اجازت ہے

Surprisingly, hijab is still a problem in some educational institutions! .Picture:INN
تعجب ہے ،کچھ تعلیمی اداروں میںحجاب اب بھی مسئلہ ہے !تصویر: آئی این این

:ناندیڑ میں یوجی نیٹ کے امتحان میں شرکت کرنے والی مسلم طالبات کے حجاب پہن کر آنے پر اعتراض کیا گیا جس پرطلبہ میںبرہمی پائی جارہی ہے۔ یہ معاملہ ایم جی ایم انجینئرنگ کالج کا ہےجہاںانتظامیہ کی جانب سے اعتراض کیا گیاجس کی وجہ سے امتحان دینے پہنچیں مسلم طالبات کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔حالانکہ نیٹ امتحان کا انعقاد کرنے والی نیشنل ٹیسٹ ایجنسی (این ٹی اے )کی جانب سے  یہ واضح احکامات دئیے گئے تھے کہ حجاب کے ساتھ اگر کوئی لڑکی امتحان میں شریک ہونا چاہتی ہے تو اسے اجازت دی جائے گی   اورحجاب نکالنے پر اسے مجبور نہیں کیا جائے گا۔ ان واضح احکامات کے باجود ایم جی ایم کالج انتظامیہ نے مسلم طالبات کو حجاب کے ساتھ امتحان ہال میں جانے سے روک دیا تھا ۔کئی طالبات بغیر امتحان دیئے ہی گھر لوٹنے پر مجبور ہوئی۔
  بچیوںکو امتحان گاہ چھوڑنے آئے سرپرست بھی برہم ہوئے اور انہوں نے کالج انتظامیہ کے اراکین کو بہت سمجھانے کی کوشش کی لیکن وہ کسی صورت میں بات ماننے کے لئے تیار نہیں تھے ۔اس کے بعد جیسے ہی طلبہ تنظیم اسٹوڈنٹس اسلامک آرگنائزیشن ناندیڑ کے مقامی ذمہ داران کو اس کی خبر ملی تو تنظیم کے مقامی ذمہ داران کے ایک وفد نے فوری ایم جی ایم کالج پہنچ کر وہاں کے انچار ج سے بات کی اور مسلم طالبات کو حجاب کے ساتھ امتحان ہال میں جانے کی اجازت دینے کی مانگ کی ۔پہلے تو ایس آئی او کے ذمہ داران کو بھی ڈریس کوڈ کا مسئلہ بتاکر ان کی بات تسلیم نہیں کی جارہی تھی اس کے بعد ایس آئی او کے ذمہ داران نے نیشنل ٹیسٹ ایجنسی کی جانب سے جاری کئے گئے احکامات کا ایک لیٹر انہیں دکھایا اس کے بعد کہیں  جاکر ایم جی ایم کالج انتظامیہ نے مسلم طالبات کو حجاب کے ساتھ امتحان گاہ میں شریک ہونے کی اجازت دی ۔  بعد ازاں وہ لڑکیاں جو اس  صورتحال میں امتحان میں شریک ہونے سے محروم ہورہی تھیں انہیں حجاب کے ساتھ امتحان ہال میں جانے کا موقع ملا ۔اس معاملے میں ایس آئی او کے ریاستی سیکریٹری مصدق معید نےبتایا کہ نیشنل ٹیسٹ ایجنسی کی جانب سے جاری کئے گئے احکامات کے باوجود مسلم طالبات کے ساتھ تعصب اور تنگ نظر ی کا مظاہرہ ایم جی ایم کالج انتظامیہ کی جانب سے کیا گیا ۔کچھ دیر کیلئے مسلم طالبات ذہنی طورپر دباؤ میں آگئی تھیں ۔حجاب کی مخالفت کرنے پر ہم ایم جی ایم کالج انتظامیہ کی مذمت کرتے ہیں اور  جن اساتذہ نے حجاب کی مخالفت کی ہے ان کیخلاف کارروائی کی مانگ کرتے ہیں ۔واضح رہے کہ ایم جی ایم کالج آف انجینئرنگ این سی پی کے سرکردہ لیڈر اور سابق ریاستی وزیر تعلیم کمل کشور کدم کا ہے وہ اس ادارے کے سرپرست   ہیں ۔ان کے ادارے میں اس طرح کی تنگ نظر ی کے مظاہرے پر تعجب کا اظہار کیا جارہاہے ۔

nanded Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK