Inquilab Logo

مسلم محلوں میں ووٹنگ کے تعلق سے جوش وخروش

Updated: April 27, 2024, 8:57 AM IST | ZA Khan | Nanded

ناندیڑ : جمعہ کی تقریر کے بجائے صرف خطبہ پر اکتفا ، تاکہ لوگ ووٹ دے سکیں، امراوتی :مسلم محلوں میں لمبی قطاریں، ایوت محل : مسلمانوں کو ووٹنگ سے روکنے کیلئے پیسے تقسیم۔

Muslim youths can be seen standing in a queue at a polling booth in Nanded. Photo: Inquilab
ناندیڑ کے ایک پولنگ بوتھ پر مسلم نوجوانوں کو قطار میں کھڑا دیکھا جا سکتا ہے۔ تصویر: انقلاب

لوک سبھا الیکشن کے دوسرے مرحلے میں  مہاراشٹر کی بھی ۸؍ سیٹوں پر ووٹ ڈالے گئے۔ امراوتی، اکولہ، بلڈانہ،  وردھا،  ہنگولی، ناندیڑ،  پربھنی،  اور ایوت محل۔ واشم کے عوام نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔ خاص بات یہ رہی کہ مجموعی طور پر گزشتہ انتخابات کے مقابلے پولنگ کی شرح کم رہی لیکن مسلم حلقوں  لوگوں نے جو ش وخروش کے ساتھ ووٹ ڈالا۔ یہاں پولنگ بوتھ پر بھیڑ نظر آئی  مجموعی طور پر مہاراشٹر میں ۵۳؍ فیصد تک پولنگ ہونے کی اطلاع ہے۔ 
 ناندیڑ میں جوش وخروش
 ناندیڑ  لوک سبھا حلقے میں بڑی تعداد میں مسلمان اور دلت ووٹر آباد ہیں۔ یہاں لوگوں نے  دھوپ سے بچنے کیلئے صبح کے وقت ہی میں ووٹ ڈالنا مناسب سمجھا اور پولنگ شروع ہوتے ہی یہاں بھیڑ لگ گئی۔ علمائے کرام کی اپیل کے باعث مسلم علاقوں میں ووٹنگ کے تعلق سے کافی جوش وخروش دکھائی دیا۔ جمعہ کا دن ہونے کی وجہ سے خدشہ تھا کہ پولنگ متاثر ہوتی لیکن مساجد میں جمعہ کی تقریر کے بجائے صرف خطبہ پر اکتفا کیا گیا اور نمازیوں کو ووٹ دینے کی تلقین کی گئی۔  ایک اندازے کے مطابق ناندیڑ کے مسلم علاقوں میں ۷۰؍ فیصد تک پولنگ ہوئی ہے۔ دیگر علاقوں میں  ۵۰؍ تا ۵۵؍ فیصد لوگوں نے ووٹ دیا۔ الیکشن کمیشن کے مطابق شام ۵؍ بجے تک ناندیڑ میں  ۵۲ء۴۷؍ فیصد ووٹ ڈالے گئے۔ ابتدائی رپورٹ کے مطابق ۶؍ بجے یعنی پولنگ بند ہونے تک  یہاں ۶۵؍ فیصد تک ووٹنگ ہوئی۔ اس دوران کانگریس چھوڑ کر بی جے پی میں شامل ہونے والے اشوک چوان نے اپنی بیوی اور دونوں بیٹیوں کے ساتھ  اپنے علاقے کے میونسپل اسکول میں قائم پولنگ بوتھ پر ووٹ ڈالا۔ انہوں نے اپنی زندگی میں پہلی بار بی جے پی کو ووٹ دیا۔ 
 ناندیڑ سے متصل پربھنی میں بھی  ووٹنگ پر امن رہی ، یہاں  ۵۳ء۷۹؍ فیصد ووٹنگ کی اطلاع ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: دھولیہ میں مشتعل بھیڑ کا پولیس اسٹیشن پر پتھرائو،قتل کے ملزم کو حوالے کرنے کا مطالبہ

 امراوتی میں بھی مسلم علاقوں میں بھیڑ
ناندیڑ کی طرح ودربھ کے امراوتی لوک سبھا حلقے میں بھی مسلم علاقوں میں پولنگ بوتھ پر بھیڑ کی اطلاع ملی ہے۔  ایک رپورٹ کےمطابق امراوتی میں  شہری علاقوں سے زیادہ دیہی علاقوں میں ووٹروں کی بھیڑ دیکھی گئی۔ یہاں ۲؍ روز قبل سخت دھوپ تھی اور درجہ حرات ۴۰؍ ڈگری کے اوپر تھا لیکن جمعرات کی رات   بے موسم برسات ہوئی جس کی وجہ سے موسم ٹھنڈا ہو گیا  اور لوگوں نے بڑی تعداد میں پولنگ بوتھ کا رخ کیا سب سے زیادہ بھیڑ مسلم علاقوں میں دیکھی گئی۔ 
ووٹ نہ ڈالنے کیلئے مسلمانوں میں پیسے تقسیم؟
 ودربھ کے حلقہ انتخاب ایوت محل۔ واشم سے اطلاع ملی ہے کہ یہاں مسلمانوں اور دلتوں میں ووٹ نہ ڈالنے کیلئے پیسے تقسیم کئے گئے۔  شیوسینا (ادھو) کے مقامی کارکنان  نے الزام لگایا ہے کہ چھوٹی گجری علاقے میں کچھ بی جے پی کارکنان آئے تھے جن کے پاس ایک رجسٹر تھا۔  وہ اس کے اندر ووٹروں کے نام لکھ رہے تھے اور ان کے ہاتھ پر سیاہی لگا رہے تھے اور انہیں پیسے دے رہے تھے۔  الیکشن کمیشن میں شکایت درج کروانے کے بعد شیوسینا( ادھو) کارکنان نے الیکشن کمیشن کی ٹیم کے ساتھ اس مقام پر چھاپہ مارا۔ 
 ووٹنگ لسٹ میں نام نہ ہونے سے پریشانی 
 بلڈانہ کے سندھ کھیڑ راجا علاقے میں بیشتر ووٹر اس بات سے پریشان نظر آئے کہ ان کا نام ووٹنگ لسٹ میں نہیں ملا۔  لوگ لمبی قطار میں کھڑے رہے اور نمبر آنے پر انہیں معلوم ہوا کہ ان کا نام  لسٹ میں نہیں ہے۔ انہوں نے افسران سے حجت کی اور کافی کوشش کی کہ انہیں ووٹ دینے کا موقع ملے لیکن انہیں مایوس لوٹنا پڑا۔ بڑی تعداد میں لوگوں نے  ووٹنگ لسٹ سے نام کٹ جانے پر انتظامیہ سے شکایت کی۔ اکولہ کے کرشی نگر علاقے میں بھی اسطرح کی شکایت ملی ہے۔انتظامیہ کی توجہ اس جانب دلائی گئی ہے۔  

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK