Inquilab Logo

’’ نریندر مودی اور امیت شاہ ۴؍ جون کو ملک سے فرار ہو جائیں گے‘‘

Updated: May 09, 2024, 8:37 AM IST | Dhule

شیوسینا ترجمان سنجےرائوت نے دعویٰ کیا کہ ’’ مودی اور شاہ نےاتنے جرائم کئے ہیں کہ الیکشن کے نتائج کے بعد فرار ہونے کے علاوہ ان کے پاس کوئی راستہ نہیں ہے، اسلئے ان کے پاسپورٹ ابھی سے ضبط کر لئے جائیں۔‘‘ ادھو ٹھاکرے نے کہا کہ ’’ ۴؍ جون کو نریندر مودی اور امیت شاہ کو عوام کوڑے دان میں پھینک دیں گے۔ اور ۵؍ جون کو انڈیا اتحاد مرکز میں حکومت قائم کرے گا۔‘‘ شیوسینا سربراہ نے مودی اور شاہ پر مہاراشٹر کو لوٹنے کا الزام لگایا

Sanjay Raut while addressing an election rally at Thane
سنجے رائوت تھانے میں انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے

شیوسینا( ادھو)  ترجمان سنجے رائوت نے کہا ہے کہ ’’ نریندر مودی اور امیت شاہ کا پاسپورٹ  ضبط کر لیا جائے ورنہ ۴؍ جون کو یہ لوگ ملک چھوڑ کر فرار ہو جائیں گے۔ ان دونوں  کے پاس اسکے علاوہ کوئی اور راستہ ہی نہیں ہے۔‘‘رائوت نے کہا کہ اس ملک کے تعلق سے ان دونوں نے بے حد بھیانک جرائم کئے ہیں۔ برطانوی سامراج نے ہندوستان کو اتنا نہیں لوٹا تھا جتنا ان دونوں نے گزشتہ ۱۰؍ سال میں لوٹا ہے۔ ‘‘
  سنجے رائوت تھانے میں پارٹی کے امیدوار راجن وچارے کی انتخابی ریلی سے خطاب کر رہے تھے۔ رائوت نے کہا ’’ انہیں لٹیرے کم پڑ رہے تھے اسلئے ۴۰؍ ہمارے اور ۴۰؍ این سی پی کے اراکین  بھی لے گئے۔  لیکن اب مہاراشٹر کا منظر بدل رہا ہے۔ ۴؍ جون کے بعد آپ کو معلوم ہو جائے گا کہ اصل شیوسینا کون سی ہے اور اس ریاست کا لیڈر کون ہے۔‘‘
   سنجے رائوت نے ایکناتھ شندے پر حملہ کرتے ہوئے کہا ’’ مہاراشٹر کا ووٹر گزشتہ ۲؍ دنوں سے ڈھونڈ رہا ہے کہ اس وقت وزیراعلیٰ کہاں ہیں؟ معلوم ہوا کہ یہ محترم کولہا پور میں چھترپتی شیواجی کے وارث شاہو مہاراج کو ہرانے کیلئے لوگوں میں پیسے تقسیم کر رہے ہیں۔ وہ انہیں ہرانے کیلئے کولہاپور کے ایک ہوٹل میں بیٹھے ہیں۔ ‘‘ سنجے رائوت نے کہا کہ’’ ایکناتھ شند ے جیسا بزدل انسان میں نے اپنی زندگی میں نہیں دیکھا ۔ ہم ایودھیا گئے تھے۔ وہاں یہ میرے کمرے میں آئے اور مجھ سے کہنے لگے یہ ہماری عمر نہیں ہے کہ ہم جیل جائیں۔ کچھ کیجئے مجھے جیل جانے سے بہت ڈر لگتا ہے۔‘‘
  رائوت کہتے ہیں کہ ’’ میں نے ان سے پوچھا کہ آپ نے ایسا کون سا انقلابی کام کیا ہے جو کوئی آپ کو جیل میں ڈال دے گا؟‘‘ اس پر انہوں نے کہا ’’ ہمیں مودی جی کے ساتھ جانا چاہئے ورنہ ای ڈی ہمیں جیل میں ڈال دے گی۔’’ سنجے رائوت کے مطابق ’’ای ڈی اور سی بی آئی یوں ہی کسی کے پیچھے نہیں لگتی۔ میرے بھی پیچھے لگی تھی لیکن میں چھوٹ کر واپس آگیا لیکن محترم گھبرا کر بھاگ گئے۔‘‘ انہوں نے شندے پر الزام لگایا’’ زندگی بھر شیوسینا کے نا م پر انہوں نے پیسے کمائے ۔ اس لوٹ کےمال کی حفاظت کیلئے انہوںنے مودی کا دامن پکڑ لیا۔‘‘
 یاد رہے کہ راجن وچارے نے گزشتہ الیکشن میں جیت حاصل کی تھی لیکن اس وقت شیوسینا غیر منقسم تھی۔ اب  وہ شیوسینا(ادھو ) سے امیدوار ہیں جبکہ ان کے سامنے شیوسینا (شندے) کے  نریش مہسکے میدان میں ہیں۔ تھانے لوک سبھا حلقے میں اب کی بار مقابلہ نہ صرف دلچسپ ہوگا بلکہ سخت بھی ہوگا۔   

شیوسینا(ادھو) کے سربراہ ادھو ٹھاکرے نے   دھولیہ میں عوام کے جم غفیر سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’ سورت کے ۲؍ لوگ چھترپتی شیواجی کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہے ہیں۔ لیکن عوام ۴؍ جون کو بی جے پی کو کوڑے دان میں ڈال دیں گے۔ ‘‘  یاد رہے کہ شیوسینا لیڈر  وزیراعظم مودی کے اس بیان کا جواب دے رہے تھے جس میں انہوں نے کہا تھا ’’ انڈیا اتحاد نے خود ہی اپنی ایکسپائری ڈیٹ طے کر لی ہے۔ ۴؍ جون ، جبکہ این ڈی اے کو تیسرے مرحلے میں عوام کا خوب ساتھ ملا ہے۔ 
  ادھو ٹھاکرے دھولیہ مالیگائوں سیٹ پر کانگریس کی  امیدوار شوبھا بچھائو کی انتخابی ریلی سے خطاب کر رہے تھے۔انہوں نے نریندر مودی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ’’ مہاراشٹر نے آپ کو گزشتہ الیکشن میں لوک سبھا کی ۴۰؍ سے زیادہ سیٹیں جن کی مدد سے آپ مرکز میں حکومت بنا سکے۔  لیکن اس بار مہاراشٹر آپ کو دہلی میں حکومت بنانے میں کوئی مدد نہیں کرے گا۔‘‘    انہوں نے کہا ’’  ۴؍ جون کو عوام بی جے پی کو کوڑے دان دکھادیں گے اور ۵؍ جون کو مرکز میں انڈیا اتحاد کی حکومت قائم ہو گی۔ ‘‘ ادھو ٹھاکرے نے وہاں موجود بھیڑ سے سوال کیا’’  ریاست میں مہاکاس اگھاڑی کی حکومت تھی اس وقت زرعی پیداوار کے دام زیادہ ملاکرتے تھے یا  آج مل رہے ہیں؟‘‘ بھیڑ کی جانب سے جواب آیا ’’اُس وقت زیادہ مل رہے تھے۔‘‘ اس پر ادھو ٹھاکرے نے کہا ’’ بی جے پی نے صرف مجھے دھوکا نہیں دیا ہے۔ اس نے کسانوں کو بھی دھوکا دیا ہے۔ 
 انہوں نے کہا ’’گجرات کیلئے پیاز کی برآمد پر سے پابندی ہٹا دی گئی لیکن میرے مہاراشٹر  میں پیاز کی بر آمد پر سے پابندی نہیں ہٹائی گئی۔ آپ یہ گجرات اور مہاراشٹر کے درمیان بھید بھائو کیوں کرتے ہیں؟‘‘  ادھو ٹھاکرے نے اب کی بار ۴۰۰؍ پار کے نعرے پر تنقید کرتے ہوئے کہا ’’بابا صاحب امبیڈکر کے آئین کو بدلنے کیلئے انہیں ۴۰۰؍ سیٹیں چاہئے۔ بابا صاحب امبیڈکر کا تیار کردہ آئین ان لوگوں کو بوجھ لگنے لگا ہے۔   اگر آپ آئین کو بچانا چاہتے ہیں تو ان (بی جے پی ) لوگوںک روکنا بے حد ضروری ہے۔ ‘‘ 
 یاد رہے کہ دھولیہ کے رکن پارلیمان سبھاش بھامرے بی جے پی کے ٹکٹ پر گزشتہ ۲؍ بار یہاں سے الیکشن جیت چکے ہیں۔ دونوں بار ادھو ٹھاکرے نے ان کیلئے ووٹ مانگے تھے لیکن اس بار وہ بھامرے کے خلاف کانگریس امیدوار شوبھا بچھائو کیلئے ووٹ مانگ رہے ہیں۔  ادھو نے کہا کہ سبھا ش بھامرے کو ہم نے ہی جتایا تھا لیکن انہوں نے گزشتہ ۱۰؍ سال میں کوئی کام نہیں کیا۔ اس بار ان کی شکست یقینی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK