• Sat, 20 December, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

انڈین باکس آفس پر’’دھرندھر‘‘ کا غلبہ، ’’اوتار: فائر اینڈ ایش‘‘ کا اوسط آغاز

Updated: December 20, 2025, 9:00 PM IST | Mumbai

’’اوتار: فائر اینڈ ایش‘‘ نے ہندوستان میں ۰۵ء۲۰؍ کروڑ کے ساتھ معتدل آغاز کیا، مگر عالمی سطح پر مضبوط کمائی کی۔ اس کے برعکس ’’دھرندھر‘‘ نے ہندوستان میں غیر معمولی رفتار کے ساتھ ۱۵؍ ویں دن ۵ء۲۲؍ کروڑ کما کر اپنی برتری ثابت کی۔

Picture: INN
تصویر: آئی این این

جیمز کیمرون کی ہدایتکاری میں بنی ہالی ووڈ فلم ’’اوتار: فائر اینڈ ایش‘‘ نے ہندوستان میں پہلے دن ۰۵ء۲۰؍ کروڑ کے ساتھ افتتاح کیا۔ ابتدائی طور پر یہ اعداد و شمار معقول نظر آئے، تاہم پیشگی اندازوں کے مطابق فلم سے ۳۰؍ کروڑ سے زائد کے آغاز کی توقع کی جا رہی تھی۔ اگرچہ فلم نے عالمی منڈی میں مضبوط کارکردگی دکھائی مگر ہندوستان میں اسے ’’دھرندھر‘‘ سے سخت مقابلہ رہا۔ آدتیہ دھر کی ہدایتکاری میں بننے والی ’’دھرندھر‘‘ اپنی ریلیز کے ۱۵؍ ویں دن بھی زبردست رفتار برقرار رکھے ہوئے ہے۔ اس نے گزشتہ جمعہ کو ۵ء۲۲؍ کروڑ کی کمائی کی۔ یوں ایک ۱۵؍ دن پرانی ہندی فلم نے ایک بالکل نئی ہالی ووڈ بلاک بسٹر کو پیچھے چھوڑ دیا۔ اس صورتحال نے ہندوستان میں ’’اوتار‘‘ فرنچائز کے اثرات پر سوالات بھی کھڑے کر دیئے ہیں کیونکہ ’’دھرندھر‘‘ ہفتے کے دنوں میں استحکام اور ویک اینڈ پر نمایاں چھلانگ کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے جبکہ ’’اوتار: فائر اینڈ ایش‘‘ وہی جوش پیدا نہیں کر سکی۔

یہ بھی پڑھئے: سالِ رفتہ ۲۰۲۵ء: ہندوستانی مشہور شخصیات کی بیرون ملک مشہور شخصیات سے ملاقاتیں

اس کے برعکس، عالمی سطح پر ’’اوتار: فائر اینڈ ایش‘‘ کا آغاز مضبوط رہا۔ ڈیڈ لائن کے مطابق، فلم نے بین الاقوامی باکس آفس پر صرف دو دنوں میں ۱ء۴۳؍ ملین ڈالر (تقریباً ۳۸۶؍ کروڑ روپے) کمائے۔ فلم بدھ (۱۷؍ دسمبر) کو ۱۸؍ ممالک میں ریلیز ہوئی اور جمعرات (۱۸؍ دسمبر ) کو مزید ۲۵؍ ممالک تک پھیل گئی۔ فلم نے آسٹریلیا، فرانس، جرمنی، اٹلی، ڈنمارک، بلجیم، نیدرلینڈز، سوئزرلینڈ، آئس لینڈ، نیوزی لینڈ، انڈونیشیا (نان لوکل) اور تھائی لینڈ (نان لوکل) سمیت کئی بڑی مارکیٹس میں ۲۰۲۵ء کی سب سے بڑی اوپننگ درج کی۔ متعدد چھوٹے یورپی ممالک میں بھی فلم نے نمبر ون آغاز ریکارڈ کیا۔ خیال رہے کہ ۱ء۴۳؍ ملین ڈالر میں چین سے ہوئی آمدنی نہیں شامل ہے۔ ابتدائی اندازوں کے مطابق چین میں فلم نے پہلے دن ۱ء۱۷؍ ملین ڈالر (۱۵۳؍ کروڑ روپے) کما کر نمبر ون پوزیشن حاصل کی۔ یہ ۲۰۲۲ء کے بعد کسی ہالی ووڈ فلم کیلئے تیسرا سب سے بڑا افتتاحی دن ہے، جو صرف ’’زوٹوپیا ۲‘‘ اور ’’فاسٹ ایکس‘‘ سے پیچھے ہے۔

یہ بھی پڑھئے: ’’ہوم الون‘‘ ہاؤس: ڈزنی نے دنیا کا سب سے بڑا جنجر بریڈ ہاؤس بنایا، ورلڈ ریکارڈ

ہندوستانی باکس آفس پر ’’دھرندھر‘‘ کی دھوم
فلم میں اکشے کھنہ، رنویر سنگھ اور ارجن رامپال شامل ہیں۔ اس نے پہلے دن ۲۸؍ کروڑ سے آغاز کیا اور پہلے اتوار کو ۴۳؍ کروڑ تک پہنچ گئی۔ ہفتے کے دن لگاتار تین دن ۲۷؍ کروڑ کے قریب مستحکم رہے، جس سے پہلا ہفتہ ۲۵ء۲۰۷؍ کروڑ پر ختم ہوا۔ ساکنلک کے مطابق ۱۴؍ دن تک فلم نے عالمی سطح پر ۵ء۷۱۰؍ کروڑ کمائے، جن میں بیرونِ ملک ۱۵۸؍ کروڑ اور ہندوستان میں ۵ء۵۵۲؍ کروڑ شامل ہیں۔ اس میں ۱۵؍ ویں دن کے ۵ء۲۲؍ کروڑ کو شامل کریں تو یہ ایک آل ٹائم بلاک بسٹر کی تصویر پیش کرتی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK