کابینی وزیر نے اپنے منتخب شدہ ڈاکٹر سے علاج کروانے کی درخواست کی، جے جے اسپتال پر جلد بازی میں چھٹی دینے کا الزام
Updated: May 07, 2022, 2:12 AM IST | Shahab Ansari | Mumbai
کابینی وزیر نے اپنے منتخب شدہ ڈاکٹر سے علاج کروانے کی درخواست کی، جے جے اسپتال پر جلد بازی میں چھٹی دینے کا الزام
ایم پی اور ایم ایل اے کے مقدمات کی سماعت کرنے والی خصوصی عدالت جمعہ کو یہ طے کرنے والی تھی کہ آیا این سی پی لیڈر نواب ملک کو ان کے منتخب شدہ ڈاکٹر سے علاج کروانے کی اجازت دی جائے یا نہیں لیکن تادم تحریر عدالت کا فیصلہ نہیں آیا تھا۔
پیر کو بخار اور ہیضہ کی شکایت کی وجہ سے نواب ملک کو آرتھر روڈ جیل سے جے جے اسپتال منتقل کیا گیا تھا لیکن جمعہ کو ان کے وکیل نے عدالت میں اس شکایت کو دہرایا کہ ان کے موکل کو ڈاکٹروں نے بغیر کوئی وجہ بتائے جلد بازی میں اسپتال سے چھٹی دے دی۔ اس دوران عدالت نے نواب ملک کی عدالتی تحویل میں ۱۴؍دنوں کی توسیع کردی ہے۔
نواب ملک کے وکیل طارق سید نے جمعرات کو عدالت میں دعویٰ کیا تھا کہ طبیعت خراب ہونے پر ان کے موکل کو جے جے اسپتال لے جایا گیا تھا جہاں ڈاکٹروں نے علاج کیلئے انہیں اسپتال داخل کرلیا لیکن پھر اچانک انہیں کوئی بھی وجہ بتائے بغیر اسپتال سے چھٹی دے دی گئی۔ ایڈوکیٹ سید نے مزید کہا کہ این سی پی لیڈر کے ہاتھ میں ڈرِپ لگی ہوئی تھی لیکن ڈاکٹر نے وہ نکلوا دی اور انہیں اسپتال سے واپس جیل بھیج دیا۔
ایڈوکیٹ طارق سید نے عدالت میں یہ بھی الزام عائد کیا کہ وہ اس کے علاوہ اور کچھ نہیں کہہ سکتے کہ اسپتال بھی ایجنسی کے کہنے کے مطابق عمل کررہے ہیں۔
سینئر وکیل امیت دیسائی نے بھی عدالت کو بتایا تھا کہ نواب ملک پہلے سے مختلف بیماریوں میں مبتلا ہیںاور ان کے میڈیکل کے پیپر سے پتہ چلتا ہے کہ انہیں علاج کی سخت ضرورت ہے۔
ایڈوکیٹ طارق سید نے عدالت سے درخواست کی تھی کہ نواب ملک کو اپنے منتخب شدہ ڈاکٹر سے علاج کروانے کی اجازت دی جائے اور انہیں علاج کے لئے ضمانت دی جائے تاہم جمعہ کو اس خبر کے لکھے جانے تک عدالت نے اس سلسلے میں اپنا فیصلہ نہیں سنایا تھا۔
جمعہ کو نواب ملک کے حمایتی عدالت کے باہر جمع ہوئے اور مظاہرہ کیا۔ ان کا مطالبہ تھا کہ نواب ملک کو علاج کیلئے ضمانت دی جائے۔واضح رہے کہ نواب ملک کو انڈر ورلڈ سے تعلقات اور منی لانڈرنگ کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔