Inquilab Logo

’نیٹ‘ کے امتحان کی تیاریاں مکمل، طلبہ کیلئے ضروری ہدایات

Updated: May 04, 2024, 2:12 PM IST | Inquilab News Network | New Delhi

۵؍ مئی کو ملک بھر کے ۵۵۷؍ اور بیرون ملک ۱۴؍ مراکز پر منعقد ہونے والے اس امتحان میں ۲۳؍لاکھ سے زائد طلبہ حصہ لے رہے ہیں۔

NEET Exam. Photo. INN
نیٹ امتحان کا ایک منظر۔ تصویر: آئی این این

نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی (این ٹی اے) نے ’نیٹ یوجی‘ کیلئے ایڈمٹ کارڈ جاری کردیا ہے۔ امیدوار اسے سرکاری ویب سائٹ exams.nta.ac.in/NEET یا neet.ntaonline.in کے ذریعے ڈاؤن لوڈ کرسکتے ہیں۔ این ٹی اے نے نیٹ امتحان کیلئے کچھ رہنما خطوط کے ساتھ ہی ڈریس کوڈ بھی جاری کیا ہے جسے جاننا طلبہ کیلئے بہت ضروری ہے۔ کوئی بھی طالب علم جو نیٹ کےڈریس کوڈ کی پیروی نہیں کرے گا،اسے امتحان مرکز میں داخل ہونے سے روکا بھی جاسکتا ہے۔ ایجنسی نے لڑکوں اور لڑکیوں کیلئے الگ الگ ڈریس کوڈ جاری کیا ہے۔
اس امتحان میں شرکت کرنے والے لڑکوں کو ہلکے اور سادہ کپڑوں کی ہاف آستین والی شرٹ یا ٹی شرٹ، ٹراؤزر، نارمل پینٹ اور چپل پہننی ہوگی۔ انہیں پوری آستین والی شرٹ یا ٹی شرٹ، کرتا پاجامہ، الیکٹرانک گھڑیاں اور دیگر آلات اور بھاری جوتوں کے استعمال کی اجازت نہیں ہوگی۔

یہ بھی پڑھئے: وڑودرا: انڈا فروش کو ۳؍ پولیس اہلکاروں نے زدو کوب کیا، ان کے خلاف معاملہ درج

اسی طرح لڑکیوں کیلئے ضروی ہے کہ وہ ہلکے کپڑوں کے ساتھ چھوٹی ایڑی کی جوتی یا سینڈل استعمال کریں۔ کرتی کا استعمال نہ کریں۔ لڑکیوں کیلئے ہدایت ہے کہ وہ زیورات وغیرہ کا قطعی استعمال نہ کریں۔ اس کے علاوہ اس امتحان میں شرکت کرنے والے تمام امیدواروں کیلئے امتحانی مرکز میں کسی بھی قسم کا الیکٹرانک سامان  لے کر جانا مکمل طور پر ممنوع ہے۔
ایجنسی کے مطابق اس مرتبہ نیٹ امتحان میں۲۳؍ لاکھ سے زیادہ امیدوار حصہ لے رہے ہیں۔ امتحان دوپہر۲؍ بجے سے شام ۵؍ بج کر ۲۰؍ منٹ تک چلے گا۔ اس بار ’نیٹ یوجی‘ کا امتحان ملک کے اندر۵۵۷؍ امتحانی مراکز اور بیرون ملک ۱۴؍ شہروں میں منعقد ہو رہا ہے۔  امتحان میں شرکت کرنے والے تمام امیدواروں کو مقررہ وقت سے پہلے امتحانی مرکز پر پہنچنا لازمی ہوگا تاکہ امیدواروں کی بائیو میٹرک تصدیق کی جاسکے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK