Inquilab Logo Happiest Places to Work

نیپال: ’اے آئی‘ سے جعلی عطیہ رسید بنا کر فراڈ کرنے والا شخص گرفتار

Updated: August 31, 2026, 10:01 PM IST | Kathmandu

نیپال میں سیلاب متاثرین کے نام پر عطیات جمع کرنے کیلئے اے آئی کی مدد سے جعلی رسید تیار کرنے والے شخص کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔ ملزم نے سوشل میڈیا پر جعلی عطیہ رسید کے ساتھ اپنا کیو آر کوڈ اور بینک تفصیلات شیئر کرکے امدادی رقم ذاتی اکاؤنٹ میں منتقل کرنے کی کوشش کی۔

Photo: INN.
تصویر: آئی این این۔

نیپال پولیس نے رامے چھاپ (Ramechhap) ضلع میں ایک ۳۲؍سالہ شخص کو گرفتار کیا ہے جس نے آرٹی فیشل انٹیلی جنس (AI) کا استعمال کرکے سیلاب زدگان کیلئے دیئے گئے عطیے کی جعلی رسید تیار کی اور لوگوں کی امدادی رقم اپنے ذاتی بینک اکاؤنٹ میں منتقل کرنے کی کوشش کی۔ گرفتار ملزم کی شناخت بھگوان کارکی کے طور پر ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق، ملزم نے ’اے آئی‘ چیٹ باٹ، چیٹ جی پی ٹی (ChatGPT) کا سہارا لے کر ای-سیوا (eSewa) کا ایک جعلی ٹرانزیکشن اسٹیٹمنٹ بنایا۔ اس جعلی رسید میں دکھایا گیا تھا کہ اس نے وزیراعظم کے ڈزاسٹر ریلیف فنڈ میں ۱۲۰ء۰۰۰؍نیپالی روپے (تقریباً ۷۸۲؍ڈالر) جمع کرائے ہیں۔ 
ملزم نے یہ جعلی رسید سوشل میڈیا پر پوسٹ کی اور خود کو بھوٹے کوشی (Bhotekoshi) کے سیلاب متاثرین کا بڑا مددگار ظاہر کیا۔ لیکن اس نے اس جعلی رسید کے ساتھ اپنے ذاتی کیوآرکوڈ اور بینک اکاؤنٹ کی تفصیلات شیئر کر دیں، تاکہ راحت فنڈ کے نام پر لوگ جو بھی مالی امداد دیں وہ سرکاری فنڈ کے بجائے براہِ راست اس کے ذاتی اکاؤنٹ میں جمع ہوجائیں۔ رامے چھاپ کے پولیس انسپکٹر کمل راؤت نے گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ملزم کے خلاف دھوکہ دہی اورڈجیٹل بدعنوانی کے قوانین کے تحت قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھئے: زیرِ حراست نکولس مادورو نے پہلی تصویر شیئر کی، مقدمہ جون ۲۰۲۷ء میں شروع ہوگا

یہ واقعہ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب نیپال میں تباہ کن سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے بھاری جانی و مالی نقصان ہوا ہے اور متاثرین کیلئے اربوں روپے کے عطیات جمع کئے جا رہے ہیں۔ سائبر ٹھگ اس طرح کی نازک صورتحال کا فائدہ اٹھا کر بھی ڈجیٹل فراڈ کر رہے ہیں۔ ’اے آئی‘ کے ذریعے بڑھتی دھوکہ دہی اور جعلی کیو آرکوڈز کے معاملات کو دیکھتے ہوئے نیپالی حکومت اور پولیس نے شہریوں کیلئے ایڈوائزری جاری کی ہے۔ حکومت نے عوام کو ہدایت دی ہے کہ وہ کسی بھی غیر تصدیق شدہ کیو آر کوڈ پر کسی بھی طرح کی امدادی رقم نہ بھیجیں اور صرف وزیراعظم کے سرکاری اور تصدیق شدہ ریلیف فنڈ میں ہی اپنے عطیات جمع کروائیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK