اسرائیلی وزیرِ اعظم بنجامن نیتن یاہو کی موت سے متعلق افواہوں کے دوران ان کی نئی ویڈیوز سامنے آئی ہیں، جن میں وہ عوام کے درمیان نظر آتے ہیں۔ ان ویڈیوز کے ذریعے انہوں نے نہ صرف ان افواہوں کی تردید کی بلکہ جاری کشیدگی کے دوران عوامی پیغام بھی دیا۔
EPAPER
Updated: March 17, 2026, 4:37 PM IST | Tal Aviv
اسرائیلی وزیرِ اعظم بنجامن نیتن یاہو کی موت سے متعلق افواہوں کے دوران ان کی نئی ویڈیوز سامنے آئی ہیں، جن میں وہ عوام کے درمیان نظر آتے ہیں۔ ان ویڈیوز کے ذریعے انہوں نے نہ صرف ان افواہوں کی تردید کی بلکہ جاری کشیدگی کے دوران عوامی پیغام بھی دیا۔
اسرائیلی وزیرِ اعظم بنجامن نیتن یاہو نے سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ایک اور ویڈیو میں یروشلم کی پہاڑیوں میں لوگوں سے ملاقات کی، یہ ویڈیو ان کی موت سے متعلق افواہوں کے درمیان سامنے آئی ہے۔ اسرائیلی وزیرِ اعظم بنجامن نیتن یاہو نے پیرکو سوشل میڈیا پر ایک اور ویڈیو شیئر کی، جس میں وہ عوام کے درمیان دکھائی دیتے ہیں۔ یہ ویڈیو ایک دن بعد سامنے آئی جب انہوں نے ایک اور کلپ جاری کر کے ان سازشی نظریات کو مسترد کیا تھا جن میں دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ وہ ہلاک ہو چکے ہیں۔ ۹۰؍ سیکنڈ کی اس ویڈیو میں، جو اُن کے ذاتی ایکس اکاؤنٹ پر پوسٹ کی گئی، نیتن یاہو کو یروشلم کی پہاڑیوں میں چہل قدمی کرتے اور لوگوں سے ملتے جلتے دیکھا جا سکتا ہے۔ انہوں نے ویڈیو کے ساتھ لکھا: ’’ہدایات پر عمل کرتے ہوئے اور مل کر جیتیں گے۔ ‘‘
وزیرِ اعظم کی عوام سے ملاقات
ویڈیو میں نیتن یاہو راہگیروں سے ملتے، ان سے ہاتھ ملاتے اور تصاویر بنواتے نظر آتے ہیں۔ وہ دو کم عمر لڑکیوں کے ساتھ تصاویر بھی بنواتے ہیں جن کا نام ’’شیر‘‘ ہے۔ اس کے علاوہ وہ ایک خاتون سے بھی مختصر گفتگو کرتے ہیں جو اپنے کتے کے ساتھ چہل قدمی کر رہی ہوتی ہے، اور اس سے کتے کی نسل کے بارے میں پوچھتے ہیں۔ ویڈیو میں وہ کہتے سنائی دیتے ہیں :’’یروشلم کتنا خوبصورت ہے، یروشلم جیسا کوئی نہیں۔ ‘‘انہوں نے موجودہ کشیدہ صورتحال میں حفاظتی اقدامات کے ساتھ باہر نکل کر تازہ ہوا لینے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
שומרים על ההנחיות ומנצחים ביחד >> pic.twitter.com/HC5w3PqKuV
— Benjamin Netanyahu - בנימין נתניהו (@netanyahu) March 16, 2026
جاری کشیدگی کے دوران پیغام
انہوں نے لوگوں سے پوچھا: ’’یہاں پناہ گاہ کہاں ہے؟‘‘لوگوں نے جواب دیا:’’قریب ہی ہے۔ ‘‘جس پر وزیرِ اعظم نے کہا:’’یہ بہت اہم ہے۔ ‘‘یہ ویڈیو اس ویڈیو کے بعد سامنے آئی ہے جس میں وہ ایک کیفے میں کافی آرڈر کرتے دکھائی دیئے تھے اور اپنی موت سے متعلق افواہوں کو مسترد کیا تھا۔ دونوں ویڈیوز غالباً یروشلم کی پہاڑیوں میں ایک ہی مقام کے قریب فلمائی گئی ہیں، جہاں وہ ایک جیسے کپڑوں میں نظر آتے ہیں۔ یہ پہلی ویڈیو اس وقت سامنے آئی جب ایران کے انقلابی گارڈز کی جانب سے مبینہ دھمکیاں دی گئیں اور اسرائیل و ایران کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوا۔ انہی حالات میں سوشل میڈیا پر ان کی موت کی افواہیں بھی پھیلیں۔
یہ بھی پڑھئے: اسرائیل نے ایران کے سیکوریٹی چیف علی لاریجانی کو نشانہ بنایا
نئی ویڈیو کیا ہے؟
منگل (۱۷؍مارچ) کو نیتن یاہو نے ایک نئی ویڈیو شیئر کی، جس میں انہوں نے ایران کے عوام کو تہواروں کی مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا:’’ایران کے بہادر عوام کو، میں ہر سال کی طرح اس سال بھی خوشیوں بھرا تہوار مبارک کہتا ہوں، جو روشنی کے تہوار سے شروع ہوتا ہے۔ یہ اس قدیم یقین کی علامت ہے کہ روشنی اندھیرے پر اور اچھائی برائی پر غالب آئے گی۔ ‘‘انہوں نے نوروز کے موقع پر بھی نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا:’’میں آپ سب کو نوروز کی مبارکباد دیتا ہوں، آزادی کا سال، امید کی نئی شروعات۔ ‘‘
دیگر ویڈیوز اور افواہیں
جنگ کے آغاز کے بعد ایرانی میڈیا نے دعویٰ کیا کہ نیتن یاہو عوام میں نظر نہیں آئے۔ ۲؍ مارچ کو ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے نیتن یاہو کے دفتر کو نشانہ بنایا، جس کے بعد افواہیں پھیلیں کہ وہ جرمنی فرار ہو گئے ہیں۔ ۳؍ مارچ کو وہ فاکس نیوز پر نمودار ہوئے۔ ۱۳؍ مارچ کو انہوں نے ویڈیو لنک کے ذریعے عوام سے خطاب کیا، مگر سوشل میڈیا پر اسے بھی اے آئی ویڈیو قرار دیا گیا، کیونکہ ایک فریم میں ان کی چھ انگلیاں دکھائی دینے کا دعویٰ کیا گیا۔ ۱۵؍ مارچ کو ایک اور ویڈیو میں وہ کیفے میں نظر آئے اور مذاق میں کہا: ’’مردہ... کافی پینے آیا ہے‘‘ اور دونوں ہاتھ دکھا کر پانچ پانچ انگلیاں گنیں۔
אומרים שאני מה? צפו >> pic.twitter.com/ijHPkM3ZHZ
— Benjamin Netanyahu - בנימין נתניהו (@netanyahu) March 15, 2026
نئی ویڈیو پر اعتراضات
کچھ صارفین نے دعویٰ کیا کہ:ان کے دانت دھندلے لگ رہے تھے، اسرائیلی پرچم غیر حقیقی دکھائی دے رہا تھا، ناخن غائب اور دوبارہ ظاہر ہو رہے تھے۔ تاہم، اے آئی چیٹ بوٹ گروک کے مطابق یہ ویڈیو حقیقی ہے اور اس میں صرف فارسی سب ٹائٹلز شامل کئے گئے ہیں۔
افواہیں کیوں ختم نہیں ہو رہیں ؟
افواہوں کے جاری رہنے کی وجوہات میں شامل ہیں :نیتن یاہو کا مسلسل اہم اجلاسوں میں نظر نہ آنا، ایرانی میڈیا کی جانب سے بیانیہ پھیلانا اورجنگی حالات میں غلط معلومات کا استعمال۔
یہ بھی پڑھئے: مجتبیٰ خامنہ ای علاج کے لئے ماسکو میں ہیں: کویتی اخبار الجریدہ کا دعویٰ
حقیقت کیا ہے؟
سرکاری بیان کے مطابق نیتن یاہو بالکل خیریت سے ہیں اور ایران کے خلاف کارروائیوں کی قیادت کر رہے ہیں۔
یروشلم کے جس کیفے (ساتاف) میں وہ گئے تھے، وہاں کی انتظامیہ نے بھی تصاویر اور ویڈیوز جاری کر کے ان کی موجودگی کی تصدیق کی ہے، جبکہ رائٹرز نے بھی ویڈیو کے مقام کی تصدیق کی ہے۔