حکومت نے مہاراشٹر کی تمام تنہا رہنے والی خواتین سے ۲۷؍ اگست تک اپنا نام اپنے شہری ؍ دیہی انتظامیہ میں درج کروانے کی اپیل کی۔
EPAPER
Updated: August 23, 2026, 10:19 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai
حکومت نے مہاراشٹر کی تمام تنہا رہنے والی خواتین سے ۲۷؍ اگست تک اپنا نام اپنے شہری ؍ دیہی انتظامیہ میں درج کروانے کی اپیل کی۔
مہاراشٹر میں تنہا رہنے والی خواتین کی فلاح و بہبود کی پالیسی بنانے کیلئے ’سنگل ویمن ڈرافٹنگ کمیٹی‘ تشکیل دی گئی ہے۔ اس تعلق سے خواتین و اطفال کی ترقی کے محکمے کی جانب سے سبھی شہری انتظامیہ کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ علاقائی ؍میونسپل وارڈ کی سطح پر تنہا خواتین کا اندراج کریں تاکہ ان کو مالی اور دیگر طرح سے مدد کی جاسکے۔ لہٰذا اسی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے تھانے میونسپل کارپوریشن ( ٹی ایم سی ) نے تنہا خواتین سے اپیل کی ہے کہ وہ ۲۷؍ اگست تک متعلقہ وارڈ میں اندراج کروائیں۔
تھانے میونسپل کارپوریشن نے ایک پبلک نوٹس جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہےکہ حکومت کے ۲۲؍ مئی ۲۰۲۶ء کے حکم کے مطابق محکمہ برائے بہبودی خواتین و اطفال نے مہاراشٹر میں تنہاخواتین کی پالیسی کا مسودہ تیار کرنے کیلئے ایک سنگل ویمن ڈرافٹنگ کمیٹی تشکیل دی ہے۔ ریاست میں اکیلی خواتین کے سماجی، معاشی، قانونی، تعلیمی، صحت اور بحالی کے مسائل پر غور کرنا ضروری ہے۔ اکیلی خواتین کی فلاح و بہبود کیلئے ایک مناسب پالیسی لائی جائے گی جس کا مقصد ان خواتین تک مختلف محکموں کی اسکیموں کو مؤثر طریقے سے پہنچانا اور ان کو بااختیار بنانے کیلئے اقدامات کرنا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: نیویل ڈیسوزا گرائونڈ پر ایگزبیشن سینٹربنانے کو منظوری
کن خواتین کو اندراج کرنے کہا گیا ہے
شہری انتظامیہ کے دائرہ اختیار میں تنہا خواتین یعنی وہ خواتین جن کے شوہر کی موت ہو چکی ہے، جن کا طلاق ہو چکا ہے، وہ خواتین جو اپنے شوہروں سے قانونی طور پر الگ ہو چکی ہیں، وہ عورتیں جنہیں ان کے شوہروں نے طلاق نامہ دیئے بغیر چھوڑ دیا ہے یا طلاق نامہ دے کر چھوڑ دیا ہے (ترک شدہ)،
غیر شادی شدہ : اکیلی خواتین جو بڑی عمر کی ہیں، معذور ہیں یا دوسری صورت میں جسمانی طور پر معذور یا تنہا رہنے والی خواتین کو اپنا اندرا ج کرانے کی اپیل کی گئی ہے۔ ایسی خواتین ڈیویژن آفس میں اکیلی خواتین کے طور پر رجسٹر ہوں گی۔ رجسٹریشن کی آخری تاریخ ۲۷؍ اگست ہے۔ اس کے بعد حکومت ان خواتین کیلئے اسکیم متعارف کروائے گی۔