• Wed, 31 December, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

سالِ نو کا جشن: نگرانی کیلئے ۲۰؍ہزار سے زائد پولیس کے جوان تعینات

Updated: December 31, 2025, 3:31 PM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

لوکل ٹرینیں اور میٹرو خدمات رات بھر چالو رہیںگی۔ اسپیشل بسیں بھی دوڑیں گی۔ چرچ ، جشن کے الگ الگ مقامات ،ریلوے اسٹیشن ، ہوٹلس ، شاپنگ مالس اوربھیڑ بھاڑ والی جگہوں کی خصوصی نگرانی۔

A police officer briefs other police officers about a machine that detects drunk drivers. Picture: INN
پولیس افسر دیگرپولیس اہلکاروں کو نشے کی حالت میں گاڑی چلانے والوں کا پتہ لگانے والی مشین کے تعلق سے جانکاری دیتے ہوئے۔ تصویر: آئی این این
تھرٹی فرسٹ اور سالِ نو کے استقبال کے جشن کے تعلق سے ممبئی پولیس نے کمر کس لی ہے۔ شرپسند عناصر کے مذموم ارادوں کوخاک میں ملانے، لاء اینڈ آرڈر کوبرقرار رکھنے اور جوش وخروش کے ساتھ نئے سال کے استقبال میں شامل ہونے والوں کے تحفظ کے لئے ہرسطح پرپولیس کی جانب سے تیاری کرنے کا دعویٰ کیا جارہا ہے۔ ممبئی پولیس کےجوان جہاں تمام اہم جگہوں ، ہوٹل، شاپنگ مالس اور جہاں جہاں نئے سال کے جشن کی تقریبات ہوں گی اور چرچوں کےپاس بڑے پیمانے پرپولیس کے جوان تعینات کئے جائیں گے۔ ساتھ ہی نشے کی حالت میں گاڑی چلانے والوں پربھی نگرانی جائے گی تاکہ جہاں ایک جانب قانو ن کی پاسداری ہو وہیںحادثات سے بھی بچا جاسکے۔ 
سال ِ نو کے جشن کےلئے کون کون سی بسیں
دوسری جانب بیسٹ کی جانب سے گیٹ وے آف انڈیا ،جوہو چوپاٹی ، گورائی بیچ ،ماروے بیچ اوردیگر ساحلِ سمندر جانے والوں کے لئے اضافی بسیں چلائی جائیںگی۔ ان میں سی ۸۶؍ ۲۰۳؍ ۲۳۱؍ اوردیگراے سی بسیں اے ۲۱؍ اے ۱۱۲؍ اے ۱۱۶؍ اے ۲۴۷؍ اے ۲۹۴؍ چلائی جائیں گی ۔ اس کے ساتھ ہی ’ہیریٹیج ٹو ر‘کے لئے ۳۱؍دسمبر کی شام ساڑھے ۵؍ بجے سے یکم جنوری ۲۰۲۶ء کی صبح اسپیشل بسیں چلائی جائیں گی۔
پوری رات لوکل ٹرینیںاور میٹرو خدمات 
ریلوے انتظامیہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ لاکھوں ممبئیکر جشن منانے کے لئے جاتے ہیں اوربڑی تعداد میں لوگ جنوبی ممبئی میں واقع تفریحی مقامات کا رُخ کرتے ہیںاس کے پیش نظر سینٹرل ریلوے میں ۴؍ لوکل ٹرینیں، دو ہاربرلائن پراوردو مین لائن پراور ۱۲؍ لوکل سروسیز ویسٹرن ر یلوے میں، ۶؍ چرچ گیٹ سے ویرار اور۶؍ ویرار سے چرچ گیٹ کے درمیان چلائی جائیں گی۔ اس طرح پوری رات لوکل ٹرینیں چالو رہیں گی ۔اسی طرح میٹرو ۳؍ انتظامیہ نے رات بھر میٹرو خدمات جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔میٹرو ۳؍ (ایکوا لائن) کے منتظمین نے اعلان کیا ہے کہ ۳۱؍ دسمبر کی شب کو ساڑھے ۱۰؍ بجے سے صبح ۵؍ بج کر ۵۵؍ منٹ تک نئے سال کے جشن کے پیش نظر میٹرو خدمات جاری رکھی جائیں گی۔ اس کے بعد یکم جنوری ۲۰۲۶ء کو بھی ۵؍ بج کر ۵۵؍ منٹ سے دن کی خدمات شروع کردی جائیں گی۔
نئے سال کے استقبال کے لئے ممبئی پولیس تیار ہے
ممبئی پولیس کے ترجمان ڈپٹی پولیس کمشنر اکبر پٹھان نے تفصیلات فراہم کراتے ہوئے بتایا کہ سالِ نو کے لئے ممبئی پولیس کی جانب سے زبردست تیار کی گئی ہے۔ سیکورٹی انتظامات اس طرح سخت کئے گئے ہیں کہ جہاں ۱۰؍ایڈیشنل پولیس کمشنر ، ۳۸؍ڈپٹی پولیس کمشنر،۶۱؍اسسٹنٹ پولیس کمشنر تعینات ہوں گے وہیں ۲۷۹۰؍سینئرافسران۱۴؍ہزار ۲۰۰؍ پولیس اہلکار بھی چپے چپے پرتعینات کئے جائیں گے۔
اس کے ساتھ ہی ایس آر پی ایف ، رائٹس کنٹرول فورس ، کوئک رسپانس ٹیم، بم ڈسپوزل دستہ اورہوم گارڈز تعینات کئے جائیں گے۔ اس کےعلاو ہ ریلوے پولیس کمشنر ایم کلاساگر کی سربراہی میں۴؍ہزار سے زائد جی آر پی کی جانب سے خصوصی تیاری کی گئی ہے۔تمام ریلوے اسٹیشنوں پرپولیس کا بندوبست رہے گا ۔اس کے علاوہ اہم اسٹیشنوں اورلوکل ٹرینوں میںبھی پولیس کے جوان خاص طور پرنگرانی کریںگے۔ 
ڈی سی پی اکبرپٹھان کے مطابق ’’ڈی جی پی اورپولیس کمشنر دیوین بھارتی اورٹریفک کمشنر کی سربراہی میںپختہ حفاظتی انتظامات کئے گئے ہیںتاکہ ممبئیکرکسی بھی خلل کے بغیر سال ِ نو کاجشن مناسکیں۔‘‘ ان کایہ بھی کہنا تھاکہ’’ پولیس کی جانب سے پہلے ہی جائزہ لے کرپیش بندی کی گئی ہے اوراس بات کویقینی بنایاگیا ہے کہ کسی کوبھی قانون ہاتھ میںلینے اورجشن میں خلل ڈالنے کی اجازت نہیں ہوگی۔‘‘ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK