فی الحال نتیش کو بطور وزیر اعلیٰ ایس ایس جی سیکوریٹی حاصل ہےاور یہی برقراررہے گی،زیڈ پلس سیکوریٹی استعفے کے بعد ملے گی۔
EPAPER
Updated: April 03, 2026, 1:32 PM IST | Mumbai
فی الحال نتیش کو بطور وزیر اعلیٰ ایس ایس جی سیکوریٹی حاصل ہےاور یہی برقراررہے گی،زیڈ پلس سیکوریٹی استعفے کے بعد ملے گی۔
بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی سیکوریٹی کے تعلق سے بڑا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ کے عہدے سے استعفیٰ دینے کے بعد نتیش کمار کو زیڈ پلس سیکوریٹی ملے گی۔ بہار حکومت کے محکمہ داخلہ نے اس سلسلے میں ایک نوٹیفکیشن جاری کیا ہے۔ نوٹیفکیشن میں نتیش کمار کے مستقبل میں وزیر اعلیٰ کے عہدے سے استعفیٰ دینے کا بھی ذکر ہے۔ فی الحال نتیش کمار کو بطور وزیر اعلیٰ ایس ایس جی سیکوریٹی حاصل ہے جو برقرار رہے گی۔ اس حکم سے یہ بھی واضح ہوتا ہے کہ نتیش کمار جلد ہی عہدے سے استعفیٰ دے دیں گے۔ پولیس کے ڈائریکٹر جنرل کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے’’نتیش کمار کو بہار اسپیشل سیکوریٹی ایکٹ۲۰۰۰ء کے تحت سیکوریٹی فراہم کی جائے گی۔ نتیش اس وقت راجیہ سبھا کیلئے منتخب ہوئے ہیں اور جلد ہی بہار قانون ساز کونسل اور وزیر اعلیٰ کے عہدے سے استعفیٰ دے کر راجیہ سبھا میں شامل ہوجائیں گے۔‘‘نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ نتیش کمار کو زیڈ پلس سیکوریٹی دینے کا فیصلہ ان کی سیکورٹی کا جائزہ لینے کے بعد کیا گیا ہے۔ استدعا ہے کہ ریاستی حکومت کے فیصلے کی روشنی میں انہیں سیکوریٹی فراہم کی جائے۔ریکارڈ۱۰؍ویں میعاد کے لیے بہار کے وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف لینے کے صرف ۴؍ ماہ بعد، نتیش کمار نے گزشتہ ماہ کے شروع میں راجیہ سبھا کیلئے پرچہ نامزدگی داخل کیا جس کے بعد بہار میںاگلے وزیراعلیٰ کے نام کیلئے قیاس آرائیاں تیز ہوگئی ہیں اورسمجھا جارہا ہےکہ نائب وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری کی شکل میں بہارکو اگلا وزیر اعلیٰ مل سکتا ہے۔