Inquilab Logo Happiest Places to Work

ایل پی جی سلنڈر بکنگ کے قواعد میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی : وزارت پیٹرولیم

Updated: March 26, 2026, 12:28 AM IST | New Delhi

وزارت نے واضح کیا کہ سلنڈر بکنگ کیلئے شہری علاقوں میں ۲۵؍ دن اور دیہی علاقوں میں ۴۵؍ دن کی ہی مدت نافذ ہے ، کہا: شہری افواہوں سے بچیں

Sujata Sharma, Secretary, Ministry of Petroleum
وزارت پیٹرولیم کی سیکریٹری سجاتا شرما

 پیٹرولیم  اور قدرتی گیس کی وزارت نے ایل پی جی سلنڈر کی ری فل بُکنگ کے حوالے سے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں کو گمراہ کن قرار دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ بُکنگ کی مدت میں کسی بھی طرح کی کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔ اس میں پہلے سے جاری نظام ہی نافذ العمل ہے۔وزارت کی جانب سے جاری بیان میں بالکل واضح اور دوٹوک انداز میں کہا کہ کچھ خبروں اور سوشل میڈیا پوسٹس میں یہ دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ پردھان منتری اُجولا یوجنا کے تحت صارفین کے  لئے ۴۵؍ دن جبکہ نان اُجولا سنگل سلنڈر کنکشن کے لئے ۲۵؍ دن اور ڈبل سلنڈر کے  لئے ۳۵؍  دن کی نئی مدت مقرر کی گئی ہے۔ وزارت نے ان تمام دعوئوں کو بے بنیاد اور حقیقت کے منافی قرار دیا ہے۔ 
 وزارت پیٹرولیم کے مطابق موجودہ اصولوں کے تحت ایل پی جی ری فل بُکنگ کی مدت شہری علاقوں میں ۲۵؍ دن اور دیہی علاقوں میں۴۵؍ دن ہی ہے  اور یہی اصول تمام اقسام کے کنکشن پر یکساں طور پر نافذ ہوتے ہیں۔ اس حوالے سے کسی نئی پالیسی یا ترمیم کا اعلان نہیں کیا گیا ہے۔وزارت نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ غیرمصدقہ خبروں پر یقین نہ کریں اور نہ ہی انہیں آگے پھیلائیں۔ ساتھ ہی یہ بھی کہا گیا ہے کہ گھبراہٹ میں غیر ضروری طور پر گیس سلنڈر کی بُکنگ کرنے سے گریز کیا جائے تاکہ سپلائی کا نظام متاثر نہ ہو۔ 
 بیان میں مزید بتایا گیا ہے کہ ملک میں ایل پی جی کا وافر ذخیرہ موجود ہے اور کسی قسم کی قلت کی صورتحال نہیں ہے۔ حکومت نے یقین دہانی کرائی ہے کہ تمام ریفائنریاں اپنی مکمل صلاحیت کے ساتھ کام کر رہی ہیں اور سپلائی کا نظام پوری طرح مستحکم ہے۔
 پیٹرولیم و قدرتی گیس کی وزارت کی مشترکہ سیکریٹری سجاتا شرما کے مطابق ملک بھر میں پیٹرول اور ڈیزل کا بھی خاطر خواہ ذخیرہ دستیاب ہے اور ایک لاکھ سے زائد پیٹرول پمپ معمول کے مطابق کام کر رہے ہیں۔ اس کے علاوہ پائپڈ نیچرل گیس کنکشن میں بھی تیزی سے اضافہ کیا جا رہا ہے اور ایک ہی دن میں ہزاروں نئے کنکشن فراہم کیے گئے ہیں۔حکومت کا کہنا ہے کہ ایل پی جی کی سپلائی کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مسلسل اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
 واـضح رہے کہ حکومت کی وضاحت کے باوجود کئی شہروں میں کئی جگہوں پرایل پی جی ڈیلروں کی جانب سے یہ من مانی کی جارہی ہے اور نئے نئےاصول وضع کئے جارہے ہیںجس کی وجہ سے عام شہریوں کو زبردست پریشانی ہو رہی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK