Inquilab Logo

ایچ ایس سی کے رزلٹ کا فی الحال کوئی سرکیولر جاری نہیں ہوا ہے

Updated: July 31, 2021, 7:32 AM IST | saadat khan | Mumbai

جمعہ کے دن رزلٹ جاری ہونے کی افواہ پھیلنے کے سبب طلبہ میں بے چینی۔ بورڈ کے چیئرمین کو بیان جاری کرکے وضاحت پیش کرنی پڑی۔ ایک دن پہلے سرکیولر جاری ہوگا پھر رزلٹ ظاہرکیا جائے گا

Due to the rumor, students kept searching for their results on the board`s website throughout the day (file photo).
افواہ کے سبب طلبہ دن بھر بورڈ کی ویب سائٹ پر اپنا رزلٹ تلاش کرتے رہے(فائل فوٹو)

ہاراشٹر اسٹیٹ بورڈ آف سیکنڈ ری اینڈ ہائر سیکنڈری ایجوکیشن ( ایم ایس بی ایس ایچ ایس ای )  کے چیئر مین دنکر پاٹل کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ بورڈ نے فی الحال ایچ ایس سی کے رزلٹ کے تعلق سے کوئی سرکیولر جاری نہیں کیا ہے۔ یعنی فی الحال رزلٹ کی کوئی تاریخ مقرر نہیں کی گئی ہے۔  دنکر پاٹل نے  بتایا کہ رزلٹ جاری کرنے سے پہلے اس تعلق سے  سرکیولر جاری کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ بورڈ کو یہ وضاحت اس لئے پیش کرنی پڑی کہ طلبہ کے درمیان اس بات کی افواہ پھیلائی گئی تھی کہ ۳۰؍ جولائی یعنی جمعہ کے روز ایچ ایس سی کا رزلٹ جاری کیا جانے والا ہے۔ 
  واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر یہ خبر بڑے پیمانے پر وائرل ہوئی کہ جمعہ کو ایچ ایس سی کا رزلٹ جاری کیا جا رہا ہے ۔  اس کی وجہ سے طلبہ میں تذبذب تھا کیونکہ انہیں  کالج یا کسی اور ذرائع سے مطلع نہیں کیا گیا تھا ۔ نہ ہی انہیں یہ معلوم تھا کہ رزلٹ کیسے حاصل کرنا ہے۔  بالآخر بورڈ کو خود بیان جاری کرکے اس  وضاحت کرنی پڑی کہ  جمعہ کو رزلٹ جاری کرنے کی خبر محض افواہ ہے۔  دنکر پاٹل نے اس خبر کو سراسر غلط بتاتے ہوئے کہا کہ ’’ طلبہ کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ رزلٹ  جاری کرنے سے پہلے سرکیولر جاری کیا جائے گا۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ’’ رزلٹ تیار کرنے کا کام جنگی پیمانے پر جاری ہے  مگر اس کےجاری کرنے کی کوئی تاریخ مقرر نہیں ہے کیونکہ مہاراشٹر کے متعدد اضلاع میں سیلاب کے سبب رزلٹ کا کام بھی متاثر ہوا ہے۔‘‘
  دریں اثناء ایم ایس بی ا یس ایچ ایس ای کے سیکریٹری اشوک بھوسلے نے ایک بیان میں بو رڈ کی ویب سائٹ پر رزلٹ کا لنک جاری کرنے کی تصدیق کی ہے اور کہاہےکہ یہ لنک طلبہ کیلئے ہے۔ وہ اس لنک سے اپنا سیٹ نمبر کنفرم کرسکتےہیں۔ جو ایچ ایس سی کا رزلٹ دیکھنے کیلئے استعمال کی جاسکتی ہے ۔ جمعہ کو اسی لنک پرطلبہ اپناسیٹ نمبر درج کرکے رزلٹ دیکھنے کی کوشش کرنے لگے ۔جس سے ایک بار پھر رزلٹ سےمتعلق افواہ گشت کرنے لگی۔ تقریبا ً ایک گھنٹہ تک اس لنک پر طلبہ کو صرف پاس ہونے کی اطلاع دی جارہی تھی ۔بعدازیں یہ لنک بھی بندہوگئی ۔
 بورڈ نے یہ بھی اطلاع دی ہےکہ ایچ ایس سی امتحان منسوخ کرنے سےقبل۳؍اپریل ۲۰۲۱ءکو ڈیجیٹل ہال ٹکٹ سبھی اسکول اور جونیئر کالج کو دی گئی تھی۔ یہ ہال ٹکٹ طلبہ کو تقسیم کرنا تھا۔ اگر کسی اسکول یا کالج نے طلبہ کو ہال ٹکٹ نہیں دیاہے یا طلبہ کو ہال ٹکٹ نہیں ملاہے تو بورڈ کی ویب سائٹ پر جاکر اپنے ضلع کا نام درج کریں انہیں ہال ٹکٹ مل جائے گا۔ چو نکہ ہال ٹکٹ کانمبر رزلٹ دیکھنے کیلئے ضروری ہے۔ رزلٹ دیکھتےوقت اس طرح کی پریشانی نہیں ہونی چاہئے ۔
 یوٹیوب ایجوکیٹر س گروپ کے پروفیسر دینش کمار گپتا نے کہاکہ ’’ جمعہ کی صبح سے مجھے ایچ ایس سی کے طلبہ کےمتواتر فون موصول ہورہےتھے۔ طلبہ کا کہنا تھاکہ  بورڈ کی ویب سائٹ پر سیٹ نمبر درج کرنے سے’پاس ‘ رزلٹ دکھائی دے رہاہے مگر مارکس کی تفصیل نہیں دکھائی دے رہی ہے ۔ طلبہ کے باربار کہنے پر میں نے بھی ویب سائٹ چیک کیا تو سیٹ نمبر درج کرنے پرپاس ہونے کی اطلا ع دی جارہی تھی مگر مارکس و غیرہ کا کالم خالی تھا۔ بورڈ کے بندے سے استفسارکرنے پر اس نے کہاکہ ابھی تک بورڈ نے رزلٹ کے بارےمیں سرکیولر جاری نہیں کیاہے تورزلٹ کیسے جاری ہوسکتاہے ۔ ‘‘ انہوںنےیہ بھی کہاکہ ’’ اس لنک کی وجہ سے طلبہ میں کنفیوژن پھیل گیاتھا۔ وہ اپنا رزلٹ دیکھنا چاہتے ہیں۔ وہ یہ سمجھ رہے تھےکہ جس طرح ایس ایس سی رزلٹ کی ویب سائٹ کریش ہوگئی تھی کہیں ایچ ایس سی رزلٹ کی ویب سائٹ میں بھی کوئی مسئلہ تو نہیں پیداہوگیاہے ۔لیکن دراصل ایسا کچھ نہیں تھایہ لنک سیٹ نمبر کنفرم کرنے کیلئے تھی۔‘‘ تادم تحریر بورڈ نے ایچ ایس سی رزلٹ سے متعلق کوئی سرکیولر جاری نہیں کیاہے۔ بعض ذرائع کا یہ  بھی کہنا تھا کہ جمعہ کی رات سرکیولر اور سنیچر کو رزلٹ جاری کیا جا سکتا ہے۔

Hsc Result Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK