Inquilab Logo

بورڈامتحان ختم ،رزلٹ میں تاخیر سے متعلق تذبذب ، والدین اور سرپرست فکرمند

Updated: March 30, 2024, 10:40 PM IST | Saadat Khan | Mumbai

 تعلیمی تنظیموں اوربورڈ کے ذرائع نے بتایا کہ اساتذہ کی الیکشن ڈیوٹی سے نتائج میں تا خیر نہیں ہونی چاہئے ، مقررہ وقت پر رزلٹ جاری ہونے کا امکان ہے

SSC students outside Maham examination center.
ماہم امتحانی مرکز کے باہر ایس ایس سی کی طالبات ۔( فائل فوٹو،انقلاب:اتل کامبلے )

مہاراشٹرا اسٹیٹ بورڈ آف سیکنڈری اینڈ ہائر سیکنڈری ایجوکیشن پونے کی زیر نگرانی تعلیمی سال ۲۰۲۴ء کے بورڈامتحانات کی تکمیل کے ساتھ طلبہ اور والدین میں رزلٹ  جاری ہونے سےمتعلق فکرمند ی پائی جارہی ہے۔ ایک تو جونیئر کالج ٹیچرس اسوسی ایشن نےمطالبات پورے نہ کرنےپر پرچہ کی جانچ کابائیکاٹ کیا تھا، دوسرے اساتذہ کو بی ایل اواورالیکشن کی ٹریننگ دینے کےساتھ الیکشن کی ڈیوٹی دینے سے رزلٹ کی تیاری میں تاخیر ہونے کاخدشہ ظاہر کیا جارہا ہے  لیکن تعلیمی تنظیموں اوربورڈ کے ذرائع کے مطابق الیکشن ٹریننگ اور ڈیوٹی سے رزلٹ کی تیاری  میںتاخیرنہیں ہوگی۔ وقت پر رزلٹ جاری ہونے کا امکان ظاہر کیاہے۔
  اس  بارےمیں ایس ایس سی بورڈ کا امتحان دینے والے ایک طالب علم نے انقلاب کو  بتایاکہ ’’ منگل ۲۶؍مارچ کو امتحان تو  ختم ہوگیالیکن اساتذہ کوبی ایل او ،الیکشن کی ٹریننگ اور الیکشن کی ڈیوٹی دینے کی خبریں گشت کررہی ہیں۔ ان  کے سبب رزلٹ جاری ہونے میں تاخیر ہونے کی افواہ پھیلی ہوئی ہے۔کیایہ صحیح بات ہے؟ اگر رزلٹ تاخیر سے جاری کیاجاتاہےتو طلبہ کی پڑھائی کا نقصان  ہوسکتاہے۔‘‘
  والدین بھی اس تعلق سےتذبذب کا شکار ہیں۔ اسکول اور اساتذہ سے اس بارےمیں دریافت کررہےہیںکہ ’کیارزلٹ جاری ہونے میں تاخیر ہوگی؟ ‘‘
 تعلیمی تنظیم مراٹھی ابھیاس کے نگراں سشیل شیجولے سے اس تعلق سے گفتگو کرنےپر انہوں نے انقلاب کو بتایاکہ’’ یہ ضرور ہےکہ ان دنوں اساتذہ کو بی ایل او ،الیکشن ٹریننگ اورالیکشن ڈیوٹی کی ذمہ داری سونپی جا رہی ہےلیکن مجھے نہیں لگ رہاہےکہ ان ذمہ داریوں سے رزلٹ کی تیاری میں تاخیرہوگی۔ میری اطلاع کےمطابق جن ٹیچروںکو پرچوں کی جانچ کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ان میں سے بیشتر نے پیپرجانچ کر ماڈیٹر کے حوالے کردیئے ہیں ۔اب ماڈیٹر اپنا کام کررہےہیں۔ پیپر کی جانچ کا کام معمول کےمطابق جاری ہے، اس لئے ایسانہیں لگتا کہ رزلٹ جاری کرنےمیں تاخیر ہوگی۔‘‘ انہوںنےیہ بھی بتایاکہ ’’بورڈ امتحانات   کے آغازکے موقع پر جونیئر کالج ٹیچرس اسوسی ایشن نے مطالبات پورے نہ ہونےکی صورت میں پرچوںکی جانچ کابائیکاٹ کیاتھالیکن حکام نے اسوسی ایشن کے ذمہ داران سے گفت وشنید کے بعد انہیں پرچوںکی جانچ پر آمادہ کرلیاتھا جس کےبعد سے ایچ ایس سی کے پرچوںکی جانچ بھی معمول کےمطابق جاری ہے، اس لئے رزلٹ جاری ہونے میں تاخیر نہیں ہونی چاہئے ۔جہاں تک الیکشن ٹریننگ اور الیکشن ڈیوٹی کامعاملہ ہے یہ چنددنوںکی ذمہ داری پر ہوتی ہے۔ اس لئے ان ذمہ داریوں کی وجہ سے بھی رزلٹ کی تیاری میں تاخیر نہیں ہونی چاہئے۔ مجموعی طورپر مجھے ایسا لگ رہاہےکہ رزلٹ اپنے مقررہ وقت پر جاری کئے جائیں گے۔‘‘
 اس  بارے میں ممبئی بورڈ کے ایک کائونسلر نے بتایا کہ ’’ امتحانات ختم ہوگئے ہیں ۔پرچوںکی جانچ کا کام معمول کےمطابق جاری ہے۔ یہ ضرور ہےکہ لوک سبھا الیکشن کی وجہ سے اساتذہ کو الیکشن کی ٹریننگ  دینے کااعلان کیاگیاہے اورالیکشن  ڈیوٹی دی گئی ہے لیکن ان ذمہ داریوںکارزلٹ کی تیاری پر اثرنہیں پڑےگا۔ مقررہ  وقت پر رزلٹ جاری کئے جانے کا امکان ہے۔‘‘
  اسٹیٹ بورڈکے چیئرمین سبھاش بورسے ، سے اس بارےمیں استفسار کرنےکیلئے ’انقلاب‘ نے ان کے موبائل نمبر پر رابطہ کرنےکی کوشش کی گئی لیکن کامیابی نہیں مل سکی ، کیونکہ انہوںنے فون ریسیو نہیں کیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK