• Mon, 19 October, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

مروڈ جنجیرہ قلعہ کی تاریخ بتانے والاکوئی گائیڈ نہیں، سیاح ناراض

Updated: October 19, 2026, 2:30 PM IST | Siraj Sheikh | Murud-Janjira

کشتی بانوں ہی میں سے گائیڈ مقرر کیاجا ئے۔سیاحت سے وابستہ افراد کامحکمہ آثارقدیمہ سے مطالبہ، کہا: اس سے ہماری ا ٓمدنی میں بھی اضافہ ہوجائے گا۔

Tourists are being taken to the historic Janjira Fort (visible in the image) by boat. Photo: Inquilab
سیاحوں کو کشتی کے ذریعے تاریخی جنجیرہ قلعہ (تصویر میں نظر آرہا ہے) لے جایا جارہا ہے۔ تصویر: انقلاب

ریاست مہاراشٹرکا تاریخی  جنجیرہ قلعہ مانسون میں پابندی اور صفائی کے بعد حال ہی میں سیاحوں کیلئے دوبارہ کھول دیا گیا ہے۔ تاہم  وہاں پہنچنے والے سیاحوں میں اس بات پر شدید ناراضگی پائی جارہی ہے کہ قلعے کی عظیم تاریخ سے روشناس کرانے کیلئے کوئی باضابطہ یا تربیت یافتہ گائیڈ دستیاب نہیں ہے۔

سیاحوں اور مقامی  افراد کی جانب سے اٹھائے جانے والے  اس بنیادی مسئلے کی طرف محکمہ آثار قدیمہ توجہ نہیں دے رہا ہے۔  جنجیرہ قلعہ اپنی  تاریخ کیلئے دنیا بھر میں مشہور ہے لیکن وہاں گائیڈز نہ ہونے کی وجہ سے سیاح قلعے کی توپوں، میٹھے پانی کی جھیل ،مساجد،محل ،میٹھے پانی کا کنواں اور خفیہ سرنگوں کی اصل تاریخی اہمیت کو سمجھنے سے قاصر ہیں۔حالانکہ کشتی اور لانچ والے جیٹی سے جنجیرہ قلعے تک سفر کے دوران سیاحوں کو گائیڈ کرتے ہیں، قلعے کے تعلق سے معلومات دیتے ہیں اور تاریخ بتاتے ہیں لیکن انہیں قلعے کے اندر جا کر گائیڈ کرنے کی اجازت نہیں ہے۔

یہ بھی پڑھئے:سی جے پی کا آشوتوش رانکا اور سورَو داس کی رہائی میں ’جان بوجھ کر تاخیر‘ کا الزام

اس ضمن میں یہاں کے کشتی بان اور کشتیوں کے ملازمین شعیب پینکر،پرویز کاروباری،شاہنواز ڈاکٹر،داؤد چوگلے اور فرقان گوٹھیکر نے بتایا کہ ہم اور ہمارے ساتھ راجپوری گاؤں کے کئی خاندانوں کا انحصار سیاحت پر ہے۔ اگر گائیڈ کا کام بھی ہمیں مل جاتا ہے تو ہماری آمدنی میں اضافہ ہو جائے گا۔انہوں نے  یہ بھی بتایا کہ ہم قلعہ تک کے سمندری راستے، لہروں اور موسمی حالات کو بہتر طریقے سے سمجھتے ہیں اور قلعے کی تاریخ بھی ہمیں معلوم ہے ۔اسلئے محکمہ آثار قدیمہ سے ہم کئی برسوں سے مطالبہ کر رہے ہیں کہ کشتی بانوں  ہی میں سے گائیڈز مقرر کئے جائیں لیکن محکمہ آثار قدیمہ اس طرف کوئی توجہ نہیں دے رہا ہے۔

سیر کیلئے آئے طالب علم نے کیا کہا؟

پونے کے کالج کا ایک گروپ جنجیرہ قلعے کی سیرکیلئے آیا تھا۔ اس گروپ کے  طالب علم سنسکار گرولے جو اہلیا نگر سے تعلق رکھتے ہیں، نے نمائندۂ انقلاب کو بتایا  کہ اس تاریخ قلعے میں محکمہ آثار قدیمہ کی جانب سے کسی بھی طرح کے کوئی گائیڈز دستیاب نہیں ہیںجس سے ہم سدی نوابوں اور قلعے کی درست اور صحیح  معلومات حاصل کرنے سے قاصر ہیں۔حالانکہ کشتی والے سفر کے دوران ہمیں قلعے کی تھوڑی بہت معلومات دیتے ہیں۔ہمارا مطالبہ ہے کہ محکمہ آثار قدیمہ اس مسئلے کو جلد اسے جلد حل کرے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK